ماہرین کے مطابق ورزش سے پہلے توانائی بخش سپلیمنٹ کے استعمال سے نیند کا دورانیہ کم ہو جاتا ہے۔ اس کا سبب سپلیمنٹس میں ایسے اجزاء کی موجودگی ہے جو نیند کے سائیکل اور معیار پر اثرانداز ہوتے ہیں۔ یہ بات کینیڈا کی ایک نئی تحقیق میں سامنے آئی ہے جو ”سلیپ ایپڈیمولوجی” میں شائع ہوئی۔
تحقیق میں 16 سے 30 سال کے لڑکوں، لڑکیوں، نوجوان خواتین اور ٹرانس جینڈرز کو شامل کیا گیا۔ شرکاء کی اوسط نیند پانچ گھنٹے یا کم، چھ، سات، آٹھ یا نو گھنٹے سے زیادہ ریکارڈ کی گئی۔ ڈپریشن اور بے چینی جانچنے کے لیے PHQ-9 اور GAD-7 سکیلز استعمال کیے گئے۔ پچھلے 30 دنوں میں وزن اٹھانے والی ورزش کا بھی ریکارڈ لیا گیا۔ نتائج سے ظاہر ہوا کہ توانائی بخش سپلیمنٹ استعمال کرنے والے نوجوان کم نیند لیتے ہیں۔
ماہرین نے شام کے وقت سپلیمنٹس کے استعمال سے پرہیز کا مشورہ دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ کیفین کی مقدار پر نظر رکھیں، اور صحت مندانہ معمولات اپنائیں۔