ہڈیوں کا بھربھراپن
آسٹیوپوروسس ایک ایسی کیفیت ہے جس میں ہڈیاں اتنی کمزوراوربھربھری ہوجاتی ہیں کہ معمولی سی چوٹ بھی ان کے ٹوٹنے کا سبب بن سکتی ہے۔ انسانی جسم میں ہڈیوں کی توڑپھوڑاورمرمت کا کام مسلسل جاری رہتا ہے۔ اس دوران پرانے خلئے گل جاتے ہیں اوران کی جگہ نئے خلئے بن جاتے ہیں۔ تاہم اس مرض کی صورت میں یہ توازن بگڑ جاتا ہے یعنی کبھی پرانے خلیات کے گلنے کی رفتار تیزہوجاتی ہے تو کبھی نئے خلئے بہت سست روی سے بنتے ہیں۔ دونوں صورتوں میں ہڈیوں کی صحت متاثرہوتی ہے۔ اس مرض میں ہڈیوں کا بیرونی ڈھانچہ توموجود رہتا ہے لیکن اندرسے وہ کھوکھلی ہوجاتی ہیں۔ ہڈیوں کی کمزوری کا سب سے زیادہ منفی اثرریڑھ اور کولہے کی ہڈی پر پڑتا ہے۔
مریض کیا کریں
٭ریڑھ کی ہڈی پر اچانک کسی بھی طرح کا دباؤ ڈالنے سے گریز کریں‘ خصوصاً آگے جھک کر وزن اٹھانے میں احتیاط کریں۔
٭جب زمین سے کچھ اٹھانا ہو تواسے اپنی کمر کو سیدھا رکھتے ہوئے گھٹنوں کے بل جھک کر اٹھائیں ۔
٭بسترپرلیٹتے ہوئے اچانک اورتیزی سے پہلو بدلنے سے اجتناب کریں۔ اسی طرح بستر سے اٹھتے وقت بھی احتیاط کریں۔
٭ایسے مریض بھاری اشیاء مثلاً سوٹ کیس یا وزنی سامان اٹھانے سے گریز کریں۔
٭آسٹیوپوروسس کے مریضوں کے لئے گرنا خاص طور پر نقصان کا باعث بن سکتا ہے۔ ذرا سی چوٹ کا نتیجہ ان کی ہڈیوں کے ٹوٹنے کی شکل میں نکل سکتا ہے۔ لہٰذا کام کے دوران خاص خیال رکھیں۔
٭بزرگ اورکمزورنظر کے حامل افراداپنی نظر کا معائنہ پابندی سے کراتے رہیں ۔ اس کے علاوہ چلنے پھرنے کے راستے کو صاف رکھیں تاکہ کسی چیز سے ٹکرا کر گرنے کا خدشہ نہ ہو۔
٭رات کے وقت آمدورفت کے راستے میں روشنی کا مناسب انتظام ہونا چاہئے اورلائٹ کے سوئچ باآسانی پہنچ میں ہونے چاہئیں۔
٭ایسے پائیدان یا چھوٹے قالین راستوں میں نہ بچھائیں جن پرسے پھسلنے یا ان کے پاؤں میں الجھنے کا خدشہ ہو۔
٭ایسے جوتے پہنیں جو آپ کے پیروں کی حفاظت کریں اور پھسلنے سے بچائیں۔
٭ڈھلوان راستوں پر چلنے میں احتیاط کریں ۔
٭گیلے فرش پر احتیاط سے چلیں‘ خصوصاً باتھ روم میں اس بات کا خاص خیال رکھیں۔
٭بستر اور کرسی کی اونچائی اپنی ضرورت کے مطابق رکھیں۔
٭اگر چلنے پھرنے میں مشکل ہو تو فزیو تھیراپسٹ سے رجوع کریں اورحسب ضرورت سہارے کے لئے چھڑی کا استعما ل بھی کریں۔
٭ باتھ روم میں ہینڈل اورنہانے کے لئے چوکی کا استعمال کریں۔
٭ لیٹ کر اٹھتے وقت اگرسرمیں چکر آئیں تومعالج سے رجوع کریں اوراس کے مشورے کے بغیر کوئی دوا استعمال نہ کریں۔
Osteoporosis, Tips for patients, safety, avoid putting pressure on bones
