پہلی سہ ماہی میں متلی سے بچاؤ‘ مگر کیسے

ماں بننا شادی شدہ خواتین کے لئے زندگی کا بہت ہی خوش کن اورخوبصورت احساس ہوتا ہے۔ تاہم یہ احساس اپنے ساتھ کچھ جسمانی اور نفسیاتی تبدیلیاں بھی لاتا ہے۔ مثال کے طور پرخواتین کوحمل کے ابتدائی دنوں میں اکثر قے ٗ ابکائی اور متلی کی شکایت ہوتی ہے۔ ایسا جسم میں ہارمونزکی تبدیلی کی وجہ سے ہوتا ہے۔

یہ شکایت بالعموم حمل کے ابتدائی دنوں میں زیادہ ہوتی ہے تاہم کچھ خواتین میں یہ حمل کے سارے عرصے میں برقرار رہتی ہے۔ اس کے باعث انہیں معمول کے کاموں میں بھی دقت کا سامنا ہوتا ہے۔ اس شکایت سے نپٹنے کے لئے خواتین مختلف ٹوٹکوں کا سہارا لیتی ہیں۔ ان سے وقتی طورپرحالت بہترہوجاتی ہے۔

اس کےعلاوہ انہیں مخصوص خوشبوئیں اورکھانے برے لگنے لگتے ہیں۔ ان سے بھی انہیں متلی اور قے ہونے لگتی ہے۔ ایسی صورت میں بہترہے کہ ان چیزوں سے دوررہیں۔ ان تکالیف سے بچنے کے لئے ماہرامرض زچہ و بچہ سے مکمل رابطے میں رہیں۔

حمل کے دوران متلی کی عمومی شکایت اور اس کے تدارک کے لئے ان ہدایات پر عمل کریں:

ادویات کا استعمال

حمل کے ابتدائی تین ماہ تک فولک ایسڈ استعمال کریں بلکہ بہتر ہے کہ حمل ٹھہرنے سے پہلے ہی استعمال شروع کر دیں۔ اس سے آپ بہت سی پیچیدگیوں سے محفوظ رہیں گی۔ معدے کی جلن، قے اور متلی سے بچنے کیلئے کچھ ادویات بھی موجود ہیں‘ تاہم انہیں اپنے معالج کے مشورے سے ہی استعمال کریں۔

مناسب خوراک استعمال کریں

٭دوران حمل کھانے میں احتیاط کریں۔ ایک ہی وقت میں پیٹ بھرکر کھانا کھانے کی بجائے کم مقدارمیں اورتھوڑے تھوڑے وقفے سے کھائیں۔

٭جلد ہضم ہونے والی غذا کھائیں۔ ایسی خوراک سے پرہیز کریں جس سے بدہضمی کا اندیشہ ہو۔

٭تیزمصالحہ دار اور چٹ پٹی چیزیں ہرگز استعمال نہ کریں۔ ان سے معدے میں تیزابیت پیدا ہوتی ہے جس کے باعث قے اور متلی ہو سکتی ہے۔

٭کیفین اورکولا مشروبات کے استعمال سے بھی گریز کریں۔

٭زیادہ مقدارمیں پانی پیئیں‘ تازہ پھل کھائیں یا ان کا جوس بنا کرپیئیں۔

٭پانی‘ کھانے کے دوران پینے کے بجائے اس سے کم از کم ایک گھنٹہ پہلے پیئیں۔

٭صبح کے وقت ابکائی اورقے آتی ہو تو تھوڑی مقدارمیں معیاری میٹھے بسکٹ استعمال کریں۔ بازار میں ایسے بسکٹ بھی دستیاب ہیں جن میں ادرک اور زیرہ ہوتا ہے۔ یہ بھی قے اور متلی میں مفید ہیں۔

٭ادرک اور لیموں کی چائے پینا بھی اس سلسلے میں مفید ہے۔

اپنے آرام کا خیال رکھیں

٭ایسے سخت کام نہ کریں جن سے آپ تھک جائیں۔

٭جب بھی تھکاوٹ محسوس ہو‘ تھوڑی دیر کے لئے لیٹ جائیں۔

٭دوپہرکے کھانے کے بعد تھوڑی دیرکے لئے سوجائیں۔

٭رات کے دوران بھرپور نیند کریں۔ اگر رات کے وقت صحیح نیند نہیں آتی تو معالج سے مشورہ کریں۔

ورزش کریں

٭حاملہ خواتین کیلئے ورزشیں بہت مفید ثابت ہوتی ہیں لہٰذا تازہ ہوا میں صبح کی سیر کریں۔

٭دوپہر اور رات کے کھانے کے بعد چہل قدمی ضرور کریں۔ ان کے علاوہ اگر ورزشیں کرنی ہوں تو اپنے معالج کے مشورے سے کریں۔

nausea in pregnancy, how to deal with nausea during first trimester, pregnancy mai  nausea ki shikayat kaisay door karein

Vinkmag ad

Read Previous

پیڈیاٹرک میڈیسن: کون سا ڈاکٹر‘کون سا شعبہ

Read Next

دماغ کا فالج: معذوری کو کمزوری نہیں، طاقت بنائیں

Leave a Reply

Most Popular