قدرتی اجزاء‘ واقعتاً فائدہ مند؟

٭ میرا سوال براہِ راست غذائیت کی بجائے چہرے پر غذاؤں کے اثرات سے متعلق ہے۔ میں نے سُنا ہے کہ ہم ویسے نظر آتے ہیں جیسا ہم کھاتے ہیں۔ میری عمر 40 سال ہے اور میں اپنی غذاء میں پھلوں وغیرہ کا استعمال باقاعدگی سے کرتی ہوں مگر پھر بھی میری جلد پیلی پیلی اور پژمردہ سی رہتی ہے۔ اس کی تازگی کے لئے مجھے کسی نے ’’چیریز‘‘ اور’’سٹرابیریز‘‘ کھانے کا مشورہ دیا۔ میں پچھلے دو سال سے ان کا استعمال بکثرت کر رہی ہوں مگر کوئی خاص فائدہ نہیں ہوا۔ میں یہ جاننا چاہتی ہوں کہ کیا قدرتی اشیاء کے استعمال سے جلد پرواقعتاً مثبت اثرپڑتا ہے؟
(قدسیہ بیگم، رحیم یار خان)

٭٭ قدسیہ! آپ پہلے تو یہ بات یاد رکھیں کہ صحت مند جلد کے لئے جسم میں چکنائی اور نمی کا توازن بے حد ضروری ہے۔کچھ غذائی اجزاء میں جلد کو بہتر بنانے، اسے تروتازہ رکھنے، اس کی لچک کی حفاظت اور نمی کو برقرار رکھنے کی خصوصیت ہوتی ہے۔ اچھی جلد کے لئے خود کو چند پھلوں تک محدود کر دینا ٹھیک نہیں ہے۔ اس کے لئے کھانے پینے کی عمومی عادات میں مثبت تبدیلی درکار ہوتی ہے۔ صحت بخش خوراک جس میں وٹامنز، منرلز اور اینٹی آکسی ڈینٹس وافر مقدار میں ہوں‘ جلد کی اچھی صحت کے لئے ضروری ہے۔ ان سب کے حصول کے لئے سبزیوں، پھلوں، ترکاری اور زیتون کا تیل فائدہ مند ہے۔ اس کے علاوہ جلد کے لئے دیگر ضروری غذائی اجزء میںغیر سیر شدہ چکنائیاں، اومیگا 3 فیٹی ایسڈ، زِنک، وٹامن اے اور ڈائیٹری فائبر شامل ہیں جو چہرے کی تازگی لوٹانے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔
مزید برآں میں آپ کو کچے پھلوں اور سبزیوں کے استعمال کا مشورہ دوں گی۔ ان میں شامل وٹامنز اور دیگر غذائی اجزاء اپنی اصل حالت میں جسم تک پہنچتے ہیں لہٰذا ان کا استعمال زیادہ فائدہ مند ہے۔ جلد کو پُر نم رکھنے کے لئے کم از کم 8 سے 10 گلاس پانی روزانہ پئیں۔ جلد کی رعنائی کے حوالے سے گندھک (سلفر) بھی اہم کردار ادا کرتا ہے جو ادرک، پیاز اور انڈے میں وافر مقدار میں ہوتا ہے۔ پیلے اور مالٹائی رنگت کے پھلوں اور سبزیوں کا استعمال بڑھائیں۔آپ چاہیں تو تازہ ایلو ویرا کی جیل چہرے پر لگا کر جلد نتائج حاصل کر سکتی ہیں۔

Vinkmag ad

Read Previous

روزہ ہمارے جسم پر کیسے اثرانداز ہوتاہے

Read Next

وال۔ای۔وینٹ Vol-e-Vent

Leave a Reply

Most Popular