منہ کا السر

منہ کا السر

السرگول یا بیضوی شکل کے چھالے یا زخم ہیں جوجسم میں کہیں بھی بن سکتے ہیں۔ منہ کے السرعموماً ہونٹ، زبان، اندرونی گال اورتالو وغیرہ پرہی بنتے ہیں۔ ان کا سائزایک سے تین ملی میٹرکے درمیان ہوسکتا ہے۔ چھالوں کی موجودگی تکلیف دہ ہونے کے ساتھ ساتھ  کھانے پینے اوربولنے میں بھی مشکل کا باعث بنتی ہے۔ زیادہ تر افراد میں ان کا دورانیہ ایک سے دو ہفتوں تک کا ہوتا ہے۔ اس عرصے میں یہ بغیر کسی علاج کے ہی ٹھیک ہوجاتے ہیں۔

عام وجوہات

مرچ اورگرم مسالوں کا بے جا استعمال معدے میں تیزابیت کا باعث بنتا ہے۔ زیادہ تر صورتوں میں یہی تیزابیت منہ میں چھالوں کا سبب بنتی ہے۔ اس کے علاوہ ان عوامل کو اس کے ساتھ  وابستہ خیال کیا جاتا ہے

٭وٹامن بی 12، آئرن، فولک ایسڈ کی کمی ہونا۔

٭منہ اوردانتوں کی مکمل اورباقاعدہ صفائی نہ ہونا۔

٭رگڑرگڑکربرش کرنا یا سخت برش استعمال کرنا۔ یہ دانتوں کی ساخت کومتاثرکرنے کے علاوہ مسوڑھوں کو زخمی کرسکتا ہے۔

٭جلدی جلدی کھانے یا دیگروجوہات کے باعث گال کے اندرونی حصے کا دانتوں کے درمیان آجانا۔

٭مخصوص ادویات کا استعمال کرنا۔

٭کیفین مثلاً چائے‘ کافی اور بلیک چاکلیٹ کا زیادہ استعمال کرنا۔

٭ہارمونز کا غیر متوازن ہونا۔

٭ذہنی تناؤ،اضطراب اورڈپریشن کا شکارہونا۔

٭منہ میں بیکٹیریا‘ وائرس اورانفیکشنزہونا۔

٭ کچھ بیماریوں مثلاً ذیابیطس، سی لئک کی بیماری، آئی بی ڈی اورخون کی رگوں میں سوجن کا شکارہونا۔

٭قوت مدافعت کمزور ہونا۔

٭ ڈینٹل بریسز کے استعمال کی وجہ سے کھانے پینے یا بولنے کے دوران مسوڑھوں پررگڑ لگ جانا۔

 ڈاکٹر سے کب رابطہ کریں

السر دیکھنے میں زیادہ بڑے ہوں‘ بظاہر درد کا احساس نہ ہو لیکن وہ دو یا تین ہفتے سے ٹھیک نہ ہورہے ہوں‘ ابھی پہلے والا ٹھیک نہ ہوا ہو اورمزید چھالے بننا شروع ہو جائیں اوراس کے ساتھ بخاریا اسہال کی بھی شکایت ہو تو یہ منہ کے سرطان کی ابتداء بھی ہوسکتی ہے۔اس لئے بروقت تشخیص اورعلاج میں لاپروائی ہرگزنہ برتیں۔

علاج اوراحتیاطیں

درد کی شدت میں کمی لانے کے لئے کھانے اور زخموں پر لگانے کے لئے ادویات دی جاتی ہیں۔ اگرالسرکی وجہ معدے کی خرابی ہوتو اس کے لئے ادویات دی جاتی ہیں۔

منہ کی اچھی صحت کو برقراررکھنے کے لئے روزانہ رات کو سونے سے پہلے یا کھانے کے بعد ایک گلاس نیم گرم پانی میں نمک ڈال کرغرارے کریں۔ اس مقصد کے لئے ڈاکٹر کا تجویز کردہ ماؤتھ واش بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔ غذائی کمی کو پورا کرنے کے لئے ڈاکٹر کے مشورے سے مختلف سپلی منٹس بھی کھائے جاسکتے ہیں۔

mouth ulcers, ulcer causes, treatment of mouth ulcers

Read Previous

بزرگ مریض‘ عید کے پکوان

Read Next

ٹائیفائیڈ سے بچاؤ

Leave a Reply

Most Popular