بے خوابی سے کیسے نپٹیں
ہم اپنی زندگی کا تقریباً ایک تہائی یا اس سے بھی زیادہ حصہ سوتے ہوئے گزارتے ہیں۔ بچپن اورجوانی میں نیند کا دورانیہ زیادہ ہوتا ہے تاہم عمرگزرنے کے ساتھ ساتھ اس میں کمی واقع ہوجاتی ہے۔ یہ پہلے کی طرح گہری اورطویل نہیں رہتی اورپھربہت ہی کم رہ جاتی ہے۔
بے خوابی اس کیفیت کو کہیں گے جس میں فرد پرسکون طریقے سے سونے کے قابل نہیں ہوتا۔ یہ مدت ایک رات سے لے کر چند ہفتوں‘ مہینوں یا سالوں تک رہ سکتی ہے۔ طرززندگی میں معمولی سی تبدیلیاں اس سے نپٹنے میں فائدہ مند ثابت ہوسکتی ہیں
٭سونے اور جاگنے کا ایک وقت مقرر کریں۔
٭سونے والے کمرے کا درجہ حرارت نارمل رکھیں۔ اس کے علاوہ نیند کے لئے آرام دہ بسترکا انتخاب کریں۔
٭دن میں بالعموم اوررات میں بالخصوص مسالے دارکھانے بدہضمی اورتیزابیت پیدا کرنے کا باعث بنتے ہیں۔ اس لئے سونے سے پہلے بسیار خوری، مرغن اورمسالہ دار کھانوں سے پرہیز کریں۔
٭رات کا کھانا سونے سے تین گھنٹے پہلے کھائیں اوراسے سادہ رکھیں۔ اس میں پروٹین کی حامل غذائیں جیسے مرغی، گوشت اورمچھلی وغیرہ کے بجائے نشاستہ دارغذائیں مثلاًدالیں، سبزی اوربنا چھنے آٹے کی چپاتی وغیرہ شامل ہوں۔
٭ذیابیطس اورگردے کے مریضوں کے علاوہ باقی افراد رات کو مٹھی بھرخشک میوہ جات کے ساتھ ایک چائے کا چمچ شہد یا گڑکا ایک چھوٹا ٹکڑا کھا سکتے ہیں۔ یہ عمل دماغ کو پرسکون کرنے اورمیٹھی نیند لانے میں معاون ثابت ہوسکتا ہے۔
٭رات کو سونے سے تقریباً تین گھنٹے پہلے ایک گلاس دودھ پینا نیند لانے کا اچھا نسخہ ہے۔ موٹاپے یا کولیسٹرول کی شکایت ہو تو بلویا ہوا دودھ (جس سے چکناہٹ اور بالائی ہٹالی گئی ہو)استعمال کریں۔
٭شام کے بعد کیفین والے مشروبات سے پرہیز کریں۔
٭میگنیشیم اورپوٹاشیم دماغ اورجسم کو پرسکون کرنے ، نیند کو بہتر بنانے اوراس کا دورانیہ بڑھانے میں معاون ثابت ہوسکتے ہیں۔ ان کے حصول کے لئے ہرے پتوں والی سبزیاں، خشک بیج اورمیوجات کو رات کے کھانے میں شامل کریں۔
اچھی، میٹھی اورپرسکون نیند ہمیں خوش و خرم اورترو تازہ کردیتی ہے جس سے ہمارے لئے معمولات زندگی کو احسن انداز سے گزارنا آسان ہو جاتا ہے۔ اس سے محرومی چڑچڑے پن، جسمانی تھکاوٹ اوردن بھر کام میں دل نہ لگنے کے علاوہ کئی بیماریوں کا سبب بنتی ہے۔ اچھی اورپرسکون نیند کے لئے اوپر بیان کردہ ہدایات پرعمل کریں اورہلکی پھلکی ورزش کی عادت اپنائیں تاکہ بڑھاپا پرسکون اورخوشگوار گزرے۔
insomnia, tips to deal with insomnia, insomnia management
