باورچی خانہ ‘ احتیاطیں

1

باورچی خانہ ‘ احتیاطیں

سیدہ زکیہ‘ شیف

زمین یا شیلف پر گری اشیاء مثلاً پانی یاپیسٹ وغیرہ کو فوراً صاف کرنا ضروری ہے کیونکہ ان کی پھسلن کچن میں آنے والوں کے گرنے کا سبب بن سکتی ہے۔

بھاپ اور آگ

٭بھاپ بھی ابلتے ہوئے پانی یا گرم چولہے جتنی ہی خطرناک ہے ۔ لفافوں میں لپٹے کھانے ہوں یا مائیکرو ویو میں گرم کردہ سالن‘ہر چیز کوکھولتے وقت چہرے سے دور رکھیں۔ اس کے علاوہ ان کو پکڑ نے کے لئے کسی موٹے کپڑے یا رومال کا استعمال بھی ضروری ہے۔

٭برتن سے ڈھکن ہٹاتے وقت اسے اچانک مکمل طور پراٹھانے کی بجائے تھوڑا تھوڑا اپنی طرف کھینچیں۔ اس سے جمع شدہ بھاپ نکل جائے  گی اور آپ کے ہاتھ اور منہ اس کے مضراثرات سے محفوظ رہیں گے۔۔

٭اگر بچے بہت چھوٹے ہوں تو کوکنگ کے وقت انہیں کبھی گود میں نہ اٹھائیں۔ اگرانہیں کچن میں ساتھ رکھنا لازمی ہو تو انہیں ایک خاص جگہ تک محدود رکھیں تاکہ وہ بلا ضرورت آگ کے آس پاس نہ جائیں۔

٭کچن میں کام کرتے ہوئے ایسا لباس نہ پہنیں جس کا مٹیریل جلدی آگ پکڑنے والا ہو۔ اس کے علاوہ دوپٹہ بھی ڈھلکنے والا نہ ہو۔

٭صافی یا گلوز کو گیلا ہونے کی صورت میں کبھی استعمال نہ کریں۔ گیلا کپڑ ا آسانی سے گرمی منتقل کر کے ہاتھ جلانے کا سبب بن سکتا ہے۔

غیر ضروری جلدی

٭ کچن میں ہونے والے آدھے سے زیادہ حادثات کا سبب ضروری یا غیرضروری جلدی ہوتی ہے ۔ فرائنگ پین جب چولہے پر رکھ دیں تو اجزاء شامل کرنے میں زیادہ تیزی دکھانے سے تیل کے چھینٹے ہاتھ پر پڑ سکتے ہیں۔

٭روٹی وغیرہ کو پکنے کے دوران آہستگی سے پلٹیں اور تیز دھار والے آلات کو جلدی میں نہیں بلکہ آرام سے فرصت کے اوقات میں دھوئیں۔

بھاری چیزیں اٹھانا

٭بھاری چیزیں اٹھاتے وقت ہمیشہ وزن کا دباؤ کمر کی بجائے گھٹنوں پر ڈالیں۔ اپنی طاقت سے زیادہ وزن اٹھانا ہو تودوسروں کی مدد لینے سے کبھی نہ ہچکچائیں۔

٭کھانے سے بھرے برتن اٹھاتے وقت ان پر اپنی گرفت ہمیشہ مضبوط رکھیں۔ڈونگوں کو باورچی خانے سے دسترخوان تک پہنچانے میں دھیان اور اعتماد اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

تیز دھار اوزار

٭کچن میں استعمال کے لئے جوتے مضبوط اور ان کا ڈیزائن ایسا ہو جو پاؤں کے بیشتر حصے کو ڈھانپ لے۔ ایسے اگر کام کے دوران تیز دھار چاقو یا کوئی گرم چیز نیچے گرے تو پاؤں کافی حد تک محفوظ رہیں۔

٭ فوڈ پروسیسرز اور مکسچرزکے بلیڈ وں میں پھنسی ہوئی کھانے کی اشیاء کوکبھی انگلیوں سے مت نکالیں۔ ان کے بلیڈز کافی تیز ہوتے ہیں اور آپ کے ہاتھوں کو زخمی کرسکتے ہیں۔ مشینوں کو صاف کرنے سے پہلے ان کے ٹھنڈے ہونے کا انتظار کریں۔

 

0 0 vote
Article Rating
Subscribe
Notify of
guest
0 Comments
Inline Feedbacks
View all comments
0
Would love your thoughts, please comment.x
()
x