Vinkmag ad

گھریلوپودے

گھریلوپودے

پودے ویران جگہوں کو رونق اور گھروں کو خوبصورتی ہی نہیں بخشتے بلکہ ان کے مکینوں کو اچھی صحت اور ذہنی سکون کی فراہمی میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔یہ بات تو لوگوں کی اکثریت جانتی ہے کہ ہوا کئی گیسوں کا مجموعہ ہے جن میں سے کچھ زہریلی بھی ہیں ۔ مزید براں ماحولیاتی آلودگی کے باعث بھی ہماری فضا ء میں کچھ ایسے زہریلے کیمیائی مادے پائے جاتے ہیں جنہیں انسانی آنکھ نہیں دیکھ پاتی۔ یہ سانس کے ذریعے ہمارے جسم میں جا کر مختلف بیماریاں پھیلانے کا سبب بنتے ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ہم جن پودوں کو محض سجاوٹ کے لئے اپنے گھروں کی زینت بناتے ہیں‘ وہ ہوامیں موجود مضر صحت کیمیائی مادوں کو ختم کر کے اسے ہمارے لیے صاف‘ خوشگوار اور صحت بخش بناتے ہیں۔ اس طرح ہمیں مختلف بیماریوں سے محفوظ رہنے میں نمایاں مدد ملتی ہے۔

صحت بخش پودے

درج ذیل پودے مذکورہ بالا کیمیائی مادوں کو ختم کرکے ہواکو صحت بخش اور خوشگوار بناتے ہیں

بوسٹن فرن

اسے خوبصورتی کے لیے گھروں میں ایسی جگہ لگایا جاتا ہے جہاں سورج کی روشنی براہ راست نہ پڑے۔ یہ زیادہ تر چھتوں سے لٹکائے جانے والے گملوں میں لگایا جاتا ہے۔

سپائڈر پلانٹ

سوسن کے خاندان سے تعلق رکھنے والے اس پودے کے پتے پتلے اورلمبے ہوتے ہیں۔ یہ ’رِبن پلانٹ‘ اور ’ائیرپلین پلانٹ‘ وغیرہ جیسے کئی اور ناموں سے بھی جانا جاتا ہے۔ یہ پودا 18 سے32 ڈگری سینٹی گریڈ پر بہتر طور پر نشونما پاتا ہے۔

ڈیول آئی وی

یہ پودا ہمارے ہاں ’مَنی پلانٹ‘ کے نام سے مشہور ہے۔ اس کا سبب بعض لوگوں کا یہ خیال ہے کہ یہ جس گھر میں ہو‘ وہاں دولت اپنا گھر بنا لیتی ہے۔ لوگ خوبصورت پتوں اورجاذب نظر رنگ کی وجہ سے اسے اپنے گھروں، دفتروں، ہوٹلوں اور دکانوں میں شوق سے لگاتے ہیں۔ اس کی بہت سی اقسام ہیں۔

پیس لِلی

کچھ پودے ایسے ہیں جو ہوا میں موجود کیمیائی مادوں میں سے صرف ایک ، دو یا تین مادوں کو ختم کرتے ہیں جبکہ باقی وہیں موجود رہتے ہیں۔ ان کے برعکس ’پِیس للی‘ فضاء میں موجود مذکورہ بالاپانچوں کیمیائی مادوں کو ختم کرکے ہوا کو صاف کرتاہے

یہ ایک خوبصورت گھریلو پوداہے جسے کم مقدار میں سورج کی روشنی کی ضرورت ہوتی ہے۔ اسے پانی بھی ہفتے بھر میں ایک دفعہ ہی درکار ہوتا ہے۔ اگر اسے زیادہ پانی دیا جائے تو اس کی نشوو نما متاثر ہوتی ہے۔ اگرچہ یہ خوبصورت اورفائدہ مند ہے لیکن اس میں ایک خامی ہے اوروہ یہ کہ اس کے پتے زہریلے اثرات رکھتے ہیں۔ اس لیے اسے بچوں اور پالتو جانوروں کی پہنچ سے دور رکھا جاتا ہے۔

گل دائودی

یہ بھی ہوا میں موجود پانچوں کیمیائی مادوں کو ختم کر کے ہو ا کو صحت بخش بناتا ہے۔ اس کے پھول مختلف رنگوں کے ہوتے ہیں۔ موزوں حالات میں اس کی نشونما بہت جلدہوتی ہے۔ دنیا بھر میں اس کو بہت پسند کیا جاتا ہے۔ اس کی بہت سی اقسام ہیں۔

 ہمیں چاہئے کہ اپنے گھروں میں ایسے پودے لگائیں جو نہ صرف ماحول کو خوبصورت بنائیں بلکہ ہمارے لئے صحت بخش بھی ہوں۔ مزید برآں اپنے گھر میں جو بھی پودا لگائیں‘ اس کے بارے میں بنیادی معلومات ضرور حاصل کریں تاکہ نہ صرف اس کی بہتر نگہداشت ہو بلکہ ہمیں اِن کے فوائد اور نقصانات کا بھی علم ہو سکے ۔

Indoor plants, benefits, money plant

Vinkmag ad

Read Previous

موتیا اور اس کی اقسام

Read Next

کمر درد کی وجوہات

Leave a Reply

Most Popular