ایکنی سے پریشان افراد کیا کریں
ہماری جلد پرموجود چھوٹے چھوٹے سوراخ یعنی مسام تیل یا جلد کے مردہ خلیے جمع ہونے کی وجہ سے بند ہوجائیں تواس کیفیت کو ایکنی کہتے ہیں۔ یہ مسئلہ کسی بھی عمرمیں ہوسکتا ہے تاہم نوجوانوں میں زیادہ عام ہے اورعموماً چہرے، پیشانی، سینے،کمر کے اوپری حصے اور کندھوں پرظاہر ہوتا ہے۔
ایکنی کی پانچ بنیادی اقسام
٭سفید اور سیاہ کیل مہاسے ۔
٭چھوٹے سرخ اور نرم دانے۔
٭ سرخ اور نرم دانے جن کی نوک میں پیپ ہو۔
٭جلد کے نیچے بڑے سخت اور تکلیف دہ دانے اور جلد کے نیچے پیپ سے بھرے تکلیف دہ دانے۔
ایکنی کیوں ہوتی ہے؟
ایکنی عموماً ماہانہ ایام، حمل یا پھربلوغت کے دوران ہونے والی ہارمونزکی تبدیلیوں کے باعث ہوتی ہے۔ یہ ہارمونزتیل بنانے والے غدود کو زیادہ متحرک کردیتے ہیں۔ اس کے باعث جلد چکنی ہوجاتی ہے۔ اسی طرح جلد پرموجود بیکٹریا(جوعموماً نقصان دہ نہیں ہوتے) سوزش اورپیپ پیدا کرنے لگتے ہیں اور ہیئرفولیکلز کی اندرونی سطح موٹی ہوجاتی ہے۔ یہ جلد پرموجود وہ جگہ ہے جہاں سے بال اگتے ہیں۔ نتیجتاً مسام بند ہوجاتے ہیں۔ موروثی مسائل بھی اس کا سبب بن سکتے ہیں۔
ایکنی کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ یہ کچھ مخصوص کھانوں یا ذہنی تناؤ کی وجہ سے بھی ہوتی ہے۔ اس بارے میں حتمی طور پرکچھ نہیں کہا جاسکتا ۔ یہ عوامل اس مسئلے کو مزید بگاڑنے کی ایک وجہ ضرور بن سکتے ہیں۔
ایکنی کو کم یا ختم کیسے کریں اوراس سے کیسے بچیں
اگرایکنی معمولی ہوتو اسے جلد کی دیکھ بھال اورکچھ ٹِپس کی مدد سے کم یا ختم کیا جاسکتا ہے۔ یہ اس سے بچاؤ میں بھی مفید ہیں
٭جلد کو باربار دھونے یا زورسے رگڑکرصاف کرنے سے گریزکریں۔
٭متاثرہ حصوں کو دن میں دو مرتبہ دھوئیں۔ اس کے لئے نیم گرم پانی اورایسا صابن (mild soap) اورکلینزراستعمال کریں جن سے جلد پرموجود گرد اوراضافی تیل صاف ہوجائے مگرقدرتی تیل اورنمی برقراررہے۔
٭فیشل سکرب، ماسک اورایسی مصنوعات(astringent based) استعمال نہ کریں جو جلد کوعارضی طورپرٹائٹ کرنے، مسام کو سکیڑنے یا تیل ختم کرنے کے لئے استعمال ہوتی ہیں۔
٭تیل کے بجائے پانی کی حامل زیبائشی مصنوعات، سکن کیئرمصنوعات اورہیئرسٹائلنگ مصنوعات استعمال کریں ۔
٭دانوں کو چھونے ، چھیلنے یا پھوڑنے سے گریز کریں۔
٭سونے سے پہلے چہرے سے میک اَپ مکمل طورپرصاف کرلیں۔
٭سخت ورزش یاجسمانی سرگرمی کے بعد نہا لیں۔
٭چہرے کو غیر ضروری طور پر چھونے سے پرہیز کریں۔
سکن کیئر یا ایکنی سے نجات کے لئے استعما ل ہونے والی مصنوعات کا مقصد جلد سے بیکٹیریایا تیل کی اضافی مقدارکو ختم کرنا، نئے خلیوں کی افزائش کے عمل کو تیز کرنا اورمردوں خلیوں کو جلد سے صاف کرناہے۔ کچھ مصنوعات میں یہ تمام خصوصیات ہوتی ہیں جبکہ بعض ان میں سے کچھ فوائد دیتی ہیں۔ یہ جیل، کریم، کلینزنگ لوشن یا فوم کی صورت میں دستیاب ہوتی ہیں۔ہر فرد اپنی جلد یا ایکنی کی قسم کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کا انتخاب کر سکتا ہے۔ ابتدائی طورپربینزوئل پرآکسائیڈ، ایڈاپلین یا پھر دونوں اجزاء کی حامل مصنوعات استعمال کریں۔ان کے نتائج ظاہر ہونے میں دو سے تین ماہ لگ سکتے ہیں اور یہ بھی ممکن ہے کہ دانے ٹھیک ہونے سے پہلے مزید خراب ہو جائیں۔ اس لئے صبرسے کام لیں۔اگر مسئلہ شدید ہو تو ڈاکٹرسے رجوع کریں۔
acne types, what causes acne, how to get rid of acne, acne ko kaisay kam karein, acne kyun hoti hain, acne kitnay qisam ki hoti hai