ہرنیا کی سرجری
اس کے لئے مختلف طریقے اپنائے جاتے ہیں جن کی بنیادی طورپردواقسام ہیں۔
اوپن سرجری
اس سرجری میں چیرا لگایا جاتا ہے اوردو طریقوں سے ہرنیا کو مندمل کیا جاتا ہے۔ پہلے میں دھاگے سے ایک جال بنا کرہرنیا پر لپیٹ دیا جاتا ہے جبکہ دوسرے طریقے میں تیار جالی زخم پر لپیٹی جاتی ہے۔ اس طرح زخم مندمل ہوجاتا ہے۔
لیپروسکوپک سرجری
یہ سرجری کا جدید طریقہ ہے جس میں کیمرے کی مدد سے ہرنیا کے درست مقام کا اندازہ لگا کر متاثرہ حصے پرچھوٹے چھوٹے دو،تین یا چارسوراخ کئے جاتے ہیں۔ ایسا کرنے سے زخم جلدی بھرجاتا ہے ۔ سرجری کے طریقہ کارکا انتخاب مریض کی حالت، مرض کی نوعیت اور ہرنیا کے مقام کو دیکھ کر کیا جاتا ہے۔
علاج نہ کروانے کی پیچیدگیاں
ہرنیا کا بروقت علاج نہ کروانے کی صورت میں یہ بڑھ جاتا ہے اورجسم کے کسی حصے میں پھنس کردوران خون کومتاثرکرسکتا ہے۔ اس کے نتیجے میں گینگرین بھی ہوسکتا ہے۔اگر ایسا ہوجائے تو مریض کی جان بچانے کے لئے جلد ازجلد متاثرہ عضو نکالنا پڑجاتا ہے۔ اس لئے بروقت علاج کو ترجیح دیں۔
آپریشن کے بعد کی احتیاطیں
٭ہرنیا کے آپریشن کے بعد صرف ایک دن مریض کو مشروبات اورنیم ٹھوس غذا پررکھا جاتا ہے۔ اس کے بعد اسے ٹھوس غذا شروع کروا دی جاتی ہے۔
٭آپریشن کے بعد مریض کے کام پرجانے یا زخم کے مکمل مندمل ہونے کا انحصار ہرنیا کی قسم پر ہوتا ہے۔ مثلاً انگوائینل ہرنیا میں کم وبیش سات دن کے بعد مریض کام پرجاسکتا ہے لیکن بھاری کام نہیں کرسکتا۔ باقی اقسام میں مکمل صحت یاب ہونے میں اندازاً دو ہفتے لگتے ہیں۔
٭زیادہ دیر تک بیٹھ کر کام کرنے والے افراد آپریشن کے تین سے چار دن کے بعد ایک سے دو گھنٹے تک بیٹھ کر کام کرسکتے ہیں، اس سے زیادہ ہرگزنہیں ۔
hernia surgery, types of surgeries for hernia patients, post surgery care