Vinkmag ad

خوبصورت بال‘ دلکش شخصیت

خوبصورت اور پرکشش بال ہر شخص‘ خصوصاً خواتین کی بہت بڑی کمزوری ہے اور وہ انہیں حاصل کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کرتی ہیں ۔یہ بات سمجھنے کی ہے کہ بال جب صحت مند ہوں گے‘ تبھی خوبصورت بھی نظر آئیں گے۔بالوں کو صحت مند کیسے رکھا جائے،کون سی غذا بالوں کے لئے بہتر ہے ،بالوں کے لحاظ سے شیمپوکا انتخاب کیسے کیا جائے، ان سب سوالات کے جوابات جانئے بُلے وارڈ ہسپتال (Boulevard Hospital)کراچی کے ماہر امراض جلد ڈاکٹر ندیم صدیقی کی اس معلوماتی تحریر میں

مرد ہوں یا خواتین‘ خوبصورت ‘ صحت مند اور پرکشش بال ان کی وجاہت اور خوبصورتی میں اضافہ کر کے ان کی شخصیت کو چارچاند لگا دیتے ہیں۔دوسری طرف اگر وہ بے رونق یا پتلے ہوں تو نہ صرف برے لگتے ہیں بلکہ متعلقہ افراد کو احساس کمتری میں بھی مبتلا کردیتے ہیں۔ اس لئے لوگوںکی اکثریت ‘ خصوصاً خواتین بالوں کو صحت مند رکھنے کے حوالے سے بہت حساس ہوتی ہےں اور اس کے لئے ہزار جتن کرتی ہیں ۔مناسب غذا‘ احتیاط اور مخصوص شیمپو کا انتخاب اچھے بالوں کے ضروری عوامل ہیں ۔ ان کی تفصیل درج ذیل ہے :

بالوں کی غذا
بالوں پر صرف کنڈیشنر کی تہہ لگانا یعنی کوٹ(quote) کرنا ہی کافی نہیں بلکہ اسے غذائیت فراہم کرنا بھی ضروری ہے ۔ اس لئے کوشش کریں کہ متوازن اور صحت بخش غذا کھائیں۔ مزید برآں بال چونکہ کیراٹین (keratin) نامی پروٹین سے بنے ہوتے ہیں‘ اس لئے یہ ہماری غذا میں شامل ہونی چاہئے ۔اسے حاصل کرنے کے لئے اپنی غذا میں گردہ ‘ کلیجی ‘ مچھلی ‘ انڈے ‘چکن‘بچھڑے کا گوشت یا کم چکنائی والا دودھ اور پنیر لازماًشامل کریں۔

ضروری وٹامنز:
وٹامن بی کمپلیکس نہ صرف بالوں کی لٹوں کو مضبوط بناتے ہیں بلکہ ان کی نشودنما میں بھی مدد دیتے ہیں۔اس کے برعکس کیفین، سٹارچ اور الکوحل ، وٹامن بی پر منفی اثر ڈالتے ہیں لہٰذا ان سے ہر ممکن حد تک پرہیز کریں۔
وٹامن سی بالوں کے اہم ٹشوز کی تعمیر میں مدد دیتا ہے اور دوران خون کو بھی بہتر بناتا ہے ۔علاوہ ازیں بالوں کی صحت کے لئے روغن تخم گندم( Germ oil wheat) ، مغزیات اور اناج بھی فائدہ مند ہیں جو وٹامن ای حاصل کرنے کا اچھا ذریعہ ہیں۔اگر آپ کو ہائی بلڈ پریشر کی شکایت کا کوئی مسئلہ در پیش ہے تو ڈاکٹر کی منظوری کے بغیر وٹامن ای مت لیں۔

بالوں کی اقسام
چکنے بال:
بار بار دھونے کے باوجود بال ڈھیلے ڈھالے اور چکنے دکھائی دینے کا سبب چکنائی والے غدود سے ضرورت سے زیادہ چکنائی کا اخراج ہے۔ کنڈیشنر کا ضرورت سے زیادہ استعمال بھی اس کی وجہ ہو سکتا ہے اور یہ بھی ممکن ہے کہ جو شیمپوآپ استعمال کر رہے ہیں‘ وہ آپ کے بالوں کے لئے مناسب نہ ہو۔

موزوں شیمپو ‘ دیگر احتیاطیں
٭ایسا شیمپو استعمال کریں جو خاص طور پر چکنے بالوں کے لئے تیار کیا گیا ہو۔
٭کنڈیشنر صرف بالوں کے نچلے حصے پر استعمال کریں۔
٭ آخر میں بالوں کو نتھارنے کیلئے لیموںکا رس یا پانی میںملایا ہوا سرکہ استعمال کریں۔ یہ اضافی چکنائی کو نکال دے گا جس سے بالوں کو اضافی چمک بھی ملے گی ۔
٭ اپنے بالوں میں ضرورت سے زیادہ برش کرنے سے گریز کریں‘ اس لئے کہ اس سے نہ صرف چکنائی پیدا کرنے والے غدود کو تحریک ملتی ہے بلکہ مزید چکنائی بھی خارج ہوتی ہے ۔ مزیدبرآں اس سے اضافی روغن کو بالوں کے آخر تک پھیل جاتا ہے جس سے وہ اور بھی چکنے دکھائی دیتے ہیں۔

خشک بال
بالوں کو خشک اور بے رونق کرنے کے ذمہ دارعوامل میں تیزدھوپ ¾ گردوغبار میں ننگے سر رہنا‘ سوئمنگ پول میں کلورین کی زیادتی ¾ بالوں کو بار بار رنگنا یا انہیں زیادہ دھونا شامل ہیں ۔ اس کے علاوہ چکنائی پیدا کرنے والے غدود جو(جو کھوپڑی کے عین نیچے واقع ہوتے ہیں) اگر غیر متحرک ہوں تو بالوں کی بیرونی سطح خشک ہو جاتی ہے۔

موزوں شیمپو ‘ دیگر احتیاطیں
٭ ایسا شیمپو استعمال کریں جسے خاص طور پر خشک بالوں کیلئے تیار کیا گیا ہو‘ اس لئے کہ اس میں موجود ڈیٹرجنٹ ہلکا ہوتا ہے اور یہ بالوں کی قدرتی چکناہٹ کو ضائع نہیں کرتا۔
٭ شیمپو کرنے کے بعد کنڈیشنر استعمال کریں۔ بالوں کی لٹوں اور کناروں پرخصوصی توجہ دیں۔
٭ بالوں کے ٹوٹنے سے بچانے کے لئے ہمیشہ چوڑے دندانے والی کنگھی استعمال کریں۔
٭ ہفتے میں ایک بار نیم گرم تیل سے اپنی کھوپڑی پر ہلکے ہاتھوں سے مالش کریں۔اس کے لئے ناریل یا زیتوں کا تیل بہتر ہے۔ اس کے بعد شیمپو کرنے سے پہلے 30منٹ تک کے لئے اپنے بالوں کے گرد گرم تولیہ لپیٹ لیں۔
٭بالوں کو دھونے کے بعد نارمل ماحول میں قدرتی طور پر خشک ہونے دیں اور تیز دھوپ اور ہیئر ڈرائرز کے زیادہ استعمال سے گریز کریں۔ اگر ڈرائر استعمال کرنا ہو تو اسے کم یا درمیانی ہِیٹ پر اور بالوں سے 6سے 10انچ کے فاصلے پر تھام کر رکھیں۔

پتلے بال
اگر آپ کے بال باریک یا کم مقدار میں ہیں تو پھر ایسے طریقے اور ذرائع استعمال کریں جن کے ذریعے انہیں کیموفلاج کیا جائے یعنی چھپا دیا جائے اور ایسا تاثر پیدا ہوجائے کہ وہ بھرپور دکھائی دیں۔

موزوں شیمپو ‘ دیگر احتیاطیں
٭ ایسا شیمپو استعمال کریں جو خاص طور پر پتلے بالوں کے لئے تیار کیا گیا ہو۔ اس سے بالوں کی تعداد تو نہین بڑھتی‘ البتہ وہ دیکھنے میں گھنے لگتے ہیں۔
٭ کنڈیشنر استعمال کرنے سے گریز کریں کیونکہ وہ بالوں پر بوجھ ڈال کر انہیں دبا دے گا۔اس سے وہ مزیدپتلے دکھائی دیں گے۔
٭ بالوں میں باقاعدگی سے تیل لگائیں۔ آپ زیتون کے ہلکے گرم تیل ¾ ناریل کے تیل اور ارنڈی کے تیل(castor oil) کا مکسچر بنا کر بھی استعمال کر سکتی ہیں۔

خشکی سے نجات
یہ ایک ایسا مسئلہ ہے جو عمر کے کسی نہ کسی حصے میں ہر شخص کو ضرورپیش آتا ہے۔ اس سے نجات کے لئے مندرجہ ذیل باتوں پر عمل کیجئے:
٭معیاری اینٹی ڈینڈ رف شیمپو ہفتے میں دو بار لازماًاستعمال کریں۔ اسے ضرورت سے زیادہ استعمال کرنے سے گریز کریں ورنہ اس سے سر کی جلد خشک ہوجائے گی اور مسئلہ حل ہونے کی بجائے مزید بڑھ جائے گا ۔
٭ بالوں میں شیمپو کرنے کے بعد کنڈیشنر استعمال کریں ۔
٭ اگر خشکی برقرار رہے تو ماہر امراض جلد سے مشورہ کریں۔
٭ذہنی دباﺅ سے بچیں‘ اس لئے کہ یہ خشکی کو تحریک کردیتا ہے۔
آپ کے بال جس انداز کے دکھائی دیتے ہیں‘ اس میں آپ کی خوراک کا کردار بہت اہم ہے۔ا س لئے ہمیشہ متوازن غذا کھائیں جس میں پھل اور ہری سبزیاں لازماً موجود ہوں۔ اپنی غذا میں چکنائی‘ شوگر اور نمک کا استعمال کم سے کم رکھیں ۔ اپنے بالوں کو صاف ستھرا رکھیں ۔ انہیں ہمیشہ مناسب شیمپو سے اور اتنی مرتبہ دھوئیں جتنی مرتبہ ضروری ہو۔ان کا خیال رکھیں اور ان پر خصوصی توجہ دیں تاکہ وہ آپ کی شخصیت کو نکھار اور سنوار سکیں ۔

Vinkmag ad

Read Previous

عشق ومحبت کے تالے

Read Next

کھانے پینے کی اشیاء۔۔۔ہر مرحلہ اہم‘ ہر مرحلے پر احتیاط

Most Popular