ٹیکنالوجی ‘نشہ نہیں ضرورت

ٹیکنالوجی ‘نشہ نہیں ضرورت

میڈیاٹیکنالوجی نے ہمار ی زندگی آسان کر دی ہے۔ اس کی مدد سے دور بیٹھے رابطے آسان ہوگئے ہیں ۔ اس کے علاوہ یہ معلومات میں اضافے،تفریح اور دیگر کاموں کی انجام دہی میں بھی معاون ہیں۔ مگر کہتے ہیں کہ’ کسی بھی چیز کی زیادتی اچھی نہیں ‘۔ ٹیکنالوجی کے بے جا استعمال کی وجہ سے لوگ بے سکونی کا شکار ہو رہے ہیں ۔

ٹیکنالوجی کی وجہ سے پیداشدہ چند مسائل درج ذیل ہیں

بے خوابی کا مرض

اس کے زیادہ استعمال سے بہت سے افراد نیند کی کمی کا شکار ہورہے ہیں ۔نیند کے دوران پٹھوں اور اعصاب کو سکون ملتا ہے جس سے ہم تازہ دم ہوجاتے ہیں۔ کم سونے سے نظر‘پٹھے اور اعصاب سب تھک کر کمزور ہونا شروع ہوجاتے ہیں۔ مزید براں اس سے جسمانی دفاعی نظام بھی کمزور ہوتا ہے اور ذہنی کارکردگی بھی متاثر ہوتی ہے۔

آنکھوں کی خشکی

موبائل‘ ٹی وی‘کمپیوٹر‘ آئی پیڈوغیرہ سے ریڈیائی لہریں خارج ہوتی ہیں۔ مسلسل سکرین پر نظر جمانے سے بصارت کے مختلف مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔ مسلسل ایک ہی پوزیشن میں لیٹ یا بیٹھ کر سکرین پر نظریں جمانے سے آنکھوں کے پٹھے اکڑ اور اعصاب تھک جاتے ہیں۔ عموماً لوگ اس دوران آنکھ بھی کم جھپکتے ہیں جس کے باعث آنکھوں کی خشکی کے مسائل پیداہوسکتے ہیں۔

سماعت کی قوت متاثر

 موبائل کان سے لگائے رکھنے سے سننے کی صلاحیت متاثر ہو سکتی ہے کیونکہ اس سے بہت تیز برقی لہریں خارج ہوتی ہیں جو سننے سےمتعلق خلیوں کو نقصان پہنچاتی ہیں۔ کانوں پر ہیڈ فون لگا کر اُونچی آواز میں مو سیقی سننے والے خود اپنی قوت سماعت کی تباہی کا باعث بنتے ہیں۔

موٹاپے کا ایک سبب

ٹی وی اور کمپیوٹر وغیرہ کے آگے مسلسل بیٹھے رہنے سے جسمانی حرکت محدود ہوجاتی ہے جس سے وزن بڑھ سکتاہے۔ سکرین ٹیکنالوجی نے بچوں کو دوسری کھیلوں سے دور اورموٹاپے سے قریب کردیا ہے جوبہت سی بیماریوں کی جڑ ہے۔

ہڈیوں کی کمزوری

کمروں میں زیادہ مصروف رہنے کی وجہ سے ہمارے جسم دھوپ سے حاصل ہونے والے ’وٹامن ڈی‘ سی محروم ہورہے ہیں۔ اس کی کمی ہڈیوں کی کمزوری کا باعث بنتی ہے۔

دماغ پر اثرات

ان آلات سے نکلنے والی ریڈیائی لہریں ذہنی تناؤ سے متعلق ہارمون میں اضافے کا باعث بنتی ہیں۔ اس سے ذہنی دبائو اورڈپریشن کی کیفیات بھی جنم لے سکتی ہیں۔

لہٰذا خود کو ٹیکنالوجی کا بہت زیادہ عادی ہونے سے بچائیں اور اسے ضرورت کے مطابق استعمال کریں۔۔ موبائل‘ لیپ ٹاپ‘ٹی وی‘ویڈیو گیمزوغیرہ کے لئے کچھ وقت مخصوص کرلیں۔ اس طرح آپ صحت مند اور بھرپور زندگی گزارسکتے ہیں۔ ٹیکنالوجی کے جن کو بوتل میں بند کرکے ہی رکھیں تو اچھا ہے، ورنہ یہ آپ کو کھاسکتا ہے۔

technology, harmful effects, dry eyes, hearing loss

Vinkmag ad

Read Previous

دودھ‘ کیوں ضروری

Read Next

کمر درد کی ورزشیں

Leave a Reply

Most Popular