پاؤں میں موچ

پاؤں میں موچ

موچ ایک ایسا مسئلہ ہے جس سے ہر فرد کو کبھی نہ کبھی واسطہ پڑتا ہی ہے۔ اس کا سبب وہ کھنچ ہے جو ٹخنے کو جوڑنے والے ٹشوز کے پھٹ جانے یا بہت زیادہ کھچ جانے سے آتی ہے۔ ایسے میں وہاں خون بھی زیادہ جمع ہونے لگتا ہے جس سے وہ جگہ سوج جاتی ہے۔ عموماً یہ مسئلہ تیزی سے سیڑھیاں چڑھنے اترنے‘ پھسلنے‘ ناہموار جگہ پر پاؤں آنے یا کھلاڑیوں کوکھیل کے دوران پیش آتا ہے۔ اس کی اہم علامات سوجن‘متاثرہ حصے پر گرماہٹ کا احساس‘ سرخی اورشدید درد ہیں۔ متاثرہ جگہ کو چھوا جائے تو تکلیف میں مزید اضافہ ہو تا ہے۔ موچ سے مریض لنگڑا کر چلتا ہےکیونکہ اسے جوڑ کو ہلانے میں دشواری ہوتی ہے۔

ابتدائی طبی امداد

موچ کی صورت میں ابتدائی امداد کے لئے جو اقدامات اٹھائے جاتے ہیں‘ انہیں انگریزی حرف رائس میں سمو دیا گیا ہے۔ اس کے معنی چاول نہیں بلکہ یہ چارمختلف الفاظ کا مخفف ہے۔ اس کی تفصیل مندرجہ ذیل ہے

 ٭اس میں ’’ر‘‘ سے مراد ’’ریسٹ‘‘یعنی پاؤں کو آرام دینا ہے۔ ایسے میں مریض کو چاہئے کہ چلنے پھرنے اورٹخنے کو ہلانے سے اجتناب کرے۔ ایسا کرنے سے پاؤں کی سوجن بتدریج کم ہونے لگتی ہے۔ عام طور پرموچ لگنے سے چار سے چھ ہفتوں کے دوران آرام آجاتا ہے تاہم اس سے مکمل طور پرصحت یاب ہونے میں مخصوص ورزشیں اہم کردارادا کرتی ہیں جنہیں تین سے چھ ماہ تک کرنا چاہئے۔

٭’’آئی‘‘ سے مراد ’’آئس‘‘ یعنی برف سے ٹکور کرناہے جو سوجن سے نجات میں مددکرتی ہے۔ برف کو سوجن والے حصے پرہر 15 منٹ بعد لگائیں۔ بعض لوگ برف سے ٹکور کرنے کی بجائے اس جگہ کو گرمائش دینے لگتے ہیں یا تیل کی مالش کرتے ہیں جو درست نہیں۔ چوٹ پہلے ہی گرم ہوتی ہے لہٰذا اس پر گرم ریت کی ٹکور یا تیل کی مالش کا کوئی فائدہ نہیں۔

٭ ’’سی‘‘ سے مراد ’’کمپرس کرنا‘‘ یعنی دبانا۔ موچ کے لیے خصوصی پٹیاں دستیاب ہوتی ہیں۔ متاثرہ حصے کو پٹی سے ٹخنے کے نیچے کی جانب سے لے کر اوپر تک لپیٹیں۔

٭ ’’ای‘‘ سے ’’ایلی ویٹ‘‘ یعنی متاثرہ پاؤں کو اونچا رکھنا ہے۔ آپ ٹخنے کو زمین یا بستر سے اونچا رکھیں۔ اس کے لئے تکیے استعمال کئے جا سکتے ہیں۔

احتیاط

اگر چلنے کی ضرورت ہو توڈاکٹر کی اجازت سے مخصوص جوتے استعمال کرنے چاہئیں۔ زیادہ موچ کی صورت میں چلنے پھرنے میں مدد دینے کے لیے خصوصی آلات بھی موجود ہیں‘ تاہم کسی بھی چیز کو ڈاکٹر کی ہدایت کے بغیر مت خریدیں۔

foot sprain, orthopedic walking boots, first aid , RICE, precautions

Vinkmag ad

Read Previous

جب خون کی نالیاں ہوں بیمار

Read Next

بائی پاس سرجری کے بعد کیا کریں‘ کیا نہ کریں

Leave a Reply

Most Popular