بخار سے کیسے نپٹیں 

3

بخار سے کیسے نپٹیں

ہرمرض اپنے ساتھ چند علامات لے کرآتا ہے۔ اسی طرح پسینہ آنا، بے چینی ہونا، ٹھنڈ لگنا،بھوک مرجانا، چہرے کا لال ہونا، پٹھوں اور جوڑوں میں درد ہونا کچھ ایسی کیفیات ہیں جوبخارکی صورت میں محسوس ہوتی ہیں۔ تاہم فرق یہ ہے کہ بخار خود ایک بیماری نہیں بلکہ کسی دوسرے مرض کی علامت ہے۔ یہ عموماً ملیریا، ٹائیفائیڈ، ڈینگی، نمونیا، لاکڑا کاکڑا، ہیپاٹائٹس اوردیگرانفیکشنزکی وجہ سے ہوسکتا ہے۔ اس کے علاوہ خون کے کچھ سرطان، ہیٹ سٹروک اوربعض ادویات بھی جسم کا درجہ حرارت بڑھاتی ہیں۔

بخار کے درجات

بخار کی شدت پراس کے تین درجات ہیں جویہ ہیں

٭اگرجسم کا درجہ حرارت100.4 فارن ہائیٹ سے کم ہو تویہ نارمل کہلائے گا۔

٭اگر یہ 104 فارن ہائیٹ ہوجائے تواسےتیزکہا جائے گا۔

٭اگر 105 فارن ہائیٹ یا اس سےبھی اوپر چلا جائے تو شدید کہلائےگا جسے ہائپرپائی ریکسیا بھی کہتے ہیں۔ اس کے نتیجے میں فرد کومہ میں جا سکتا ہے اوراس کے دماغ کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

بخار کم کریں

٭سر، گال،گردن اور بغل پرٹھنڈا تولیہ یا کپڑا رکھیں۔ انہیں بھگونے کے لئےبرف والا نہیں بلکہ روم ٹمپریچر پرموجود پانی استعمال کریں۔

٭کمبل اوڑھنے یا زیادہ کپڑے پہننے سے درجہ حرارت مزید بڑھ جاتا ہے کیونکہ گرمی کوخارج ہونے کےلئے جگہ نہیں مل پاتی۔اس دوران کپڑے اتارکرجسم پرتھوڑا پانی چھڑکیں۔

٭بچوں کو بخارمیں ہلکے کپڑے پہنائیں۔اگرانہیں ٹھنڈ لگ رہی ہو تو اس کے ختم ہونے تک ان پر کوئی چادریا کمبل رکھ دیں مگرجیسے ہی وہ نارمل ہوں انہیں ہٹا دیں۔

٭ہاتھوں اور پاؤں کو ململ کے کپڑے سے ملیں۔

٭نہانے کے لئے زیادہ گرم پانی کا استعمال نہ کریں کیونکہ ایسے میں درجہ حرارت مزید بڑھ جاتا ہے۔

٭نیم گرم پانی میں کم ازکم 20 منٹ نہائیں۔

توانائی حاصل کریں

بخار میں کوئی مخصوص خوراک تجویزنہیں کی جاتی، تاہم اس دوران چونکہ عموماً بھوک مر جاتی ہے یا کھانے کو دل نہیں چاہتا لہٰذا جسمانی کمزوری ہوجاتی ہے۔ ایسے میں جسم کی غذائی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے ذیل میں بیان کردہ خورا ک فائدہ بخش ثابت ہوسکتی ہے۔

٭پہلے کچھ دن پانی اوردیگر مائع جات پئیں تاکہ جسم میں پانی کی کمی نہ ہو۔ مثلاًمالٹے کا جوس توانائی اوروٹامن سی کے حصول کا بہترین ذریعہ ہے اورقوت مدافعت کو بھی بڑھاتا ہے۔ مزیدبرآں زیادہ سے زیادہ پانی پینے سے پسینہ آئےگا اوربخار کم ہوگا۔

٭بچوں کو گودے کے بغیر مائع جات دیں کیونکہ ان کی بھوک کم ہوتی ہے اورممکن ہے اس دوران وہ جو کھائیں اسے ہضم نہ کرپائیں۔

٭مرغی کی یخنی سینے میں دباؤ اوربخار سے جڑی دیگر علامات کو کم کرنے میں مفید ثابت ہوتی ہے۔اگر اس میں سبزیاں بھی شامل کرلی جائیں تواینٹی آکسی ڈینٹس کا اضافہ ہوجاتا ہے جو مدافعتی نظام کو سپورٹ فراہم کرتے ہیں۔ چکن سوپ میں موجود پروٹین جسمانی ٹشوزکی مرمت کرتی ہے اورصحت یابی کے عمل میں بھی تیزی پیدا کرتی ہے۔

٭ابلی ہوئی سبزیاں، ابلے انڈےاوردلیہ جیسی نرم غذائیں کھائیں۔ یہ جلدی ہضم ہو جاتی ہیں اورجسم کو زیادہ مقدارمیں توانائی فراہم کرتی ہیں جوصحت کی بحالی کے عمل کو تیزکرنے میں اہم ہے۔

٭پھلوں کے مشروبات کے علاوہ پھل بھی کھائیں۔ان میں قابل ذکرمالٹا، سیب، انگور، لیموں اورانناس ہیں۔یہ جلدی ہضم ہوتے ہیں مگر وٹامنز سے بھرپور ہوتے ہیں۔

fever, how to lower body temperature, how to get energy during fever

0 0 vote
Article Rating
Subscribe
Notify of
guest
0 Comments
Inline Feedbacks
View all comments
0
Would love your thoughts, please comment.x
()
x