گرمیوں میں آنکھوں کی کیئر

گرمیوں میں آنکھوں کی کیئر

 گرمیوں میں سورج کی تیزشعاؤں کے باعث جن جسمانی اعضاء کو زیادہ نقصان پہنچتا ہے ان میں آنکھیں بھی شامل ہیں۔ اس موسم میں ان کی حفاظت‘ دیکھ بھال اورصفائی کی ضرورت بڑھ جاتی ہے۔

آنکھوں کی صفائی

 جیسے رات کو سونے سے پہلے منہ دھونا اوردانتوں کی صفائی ضروری ہے‘ ایسے ہی آنکھوں کوواش کرنا بھی اہم ہے۔ ایسا نہ کیاجائے تودھول اورمٹی رات بھرآنکھوں میں رہ کران میں جلن،خارش اورسرخی کا باعث بن سکتی ہے۔ اسی وجہ سے بعض اوقات آنکھوں میں چپچپاہٹ سی آجاتی ہے اورصبح کے وقت انہیں کھلنے میں دقت ہوتی ہے۔

صفائی کے لئے صاف برتن میں پانچ حصے پانی اورایک حصہ بے بی سوپ یا شیمپو ملائیں۔ اس سے ہفتے میں ایک باراپنی پلکوں اورپپوٹوں کو نرمی سے دھوئیں۔ اس کا طریقہ یہ ہے کہ آنکھیں بند کریں اورانگلیوں کے پوروں کی مدد سے پلکوں کواچھی طرح ملیں تاکہ ان پرموجود اضافی تیل دُھل جائے۔ پھر انہیں ابلے ہوئے پانی کوٹھنڈا کرکے یا فلٹرشدہ پانی سے دھوئیں۔

سن گلاسز کیوں ضروری

 قدرت نے ہماری آنکھوں میں ایک ایسا لینزرکھا ہے جو روشنی کو جذب کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ تاہم اس میں موجود الٹراوائلٹ اورانفراریڈ شعاؤں کو جذب نہیں کرسکتا۔ اس لئے شدید گرمی میں باہر نکلنے سے گریزکرنا چاہئے۔ ایسا کرنا ضروری ہوتو سن گلاسز کا استعمال کریں اورسورج کی طرف نہ دیکھیں۔

بزرگوں اورایسے لوگوں میں سفید موتیے کے وقت سے پہلے نمودارہونے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں جن کی آنکھیں الٹراوائلٹ اورانفرا ریڈ شعاؤں کی براہ راست زد میں رہتی ہیں۔ موتیا کا آپریشن ہوا ہو یا نیا لینز ڈالوایا ہو‘ تو دھوپ میں جاتے وقت چشمہ لازمی پہننا چاہئے۔

سن گلاسز کا انتخاب

سن گلاسزخریدتے وقت  چشمے کے فریم ہی نہیں شیشوں پر بھی توجہ دیں۔ چشمہ خریدتے وقت کسی مستند عینک ساز سے مشورہ ضرور کریں تاکہ ایسے چشمے خریدے جاسکیں جو اچھے لگنے کے ساتھ ساتھ آنکھوں کو دھوپ کے مضراثرات سے محفوظ بھی رکھ سکیں۔ اس کے لئے ان امور کا خیال رکھیں

٭دھوپ کے چشمے میں لگے لینز میں وہ ساری خصوصیات ہونی چاہئیں جوآنکھوں کو سورج کی مضرصحت شعاؤں سے محفوظ رکھ سکیں۔

٭تسلی کر لیں کہ چشمہ لگانے کے بعد آپ دھوپ میں باآسانی پوری طرح سے آنکھیں کھول سکتے ہیں یا نہیں۔ اگرایسا کرنے میں دقت ہوتی ہوتو چشمہ بدل دیں۔

٭دھوپ کاچشمہ لگانے کے بعد آپ کو اشیاء بالکل صاف اورواضح نظرآنی چاہئیں۔

٭رات کے وقت تیزروشنیاں ہماری آنکھوں کو متاثرکرسکتی ہیں ۔ان سے بچنے کے لئے نظروں کو چندھیا جانے سے بچانے والی مخصوص عینکیں استعمال کی جا سکتی ہیں۔ یہ گاڑیوں سے آنے والی تیزاور چبھنے والی روشنیوں کو آنکھ میں داخل ہونے سے روک دیتی ہیں۔

٭چشمے کا انتخاب کرتے ہوئے اپنے چہرے کی ساخت کو ضرور ذہن میں رکھیں۔ جن کا چہرہ گولائی میں ہے‘ وہ چہرے سے اٹھی ہوئی گلاسز پہنیں، تکون چہرے کے حامل افراد چوڑے فریم خریدیں جبکہ چوکورچہروں پرپتلے فریم والی عینک خوب جچے گی۔

eyecare, summer eyecare, sunglasses, tips to buy sun glasses

Vinkmag ad

Read Previous

گلے میں سوزش

Read Next

فالسے کی چٹنی

Leave a Reply

Most Popular