مرگی کو جانئے
میڈیسن میں اس کے لئے یونانی زبان کا لفظ ’’اپیی لیپسی‘‘ استعمال ہوتا ہے۔ اس کا لفظی مطلب ’’ پکڑے جانا ‘‘ ہے۔ سائنسی اعتبار سےیہ کیفیت اعصابی نظام کو متاثر کرتی ہے۔ یہ دوروں کی صورت میں وقتاً فوقتاً طاری ہوتی رہتی ہے جو دماغی اعمال میں عارضی تبدیلی کے سبب پیداہوتے ہیں۔ ان کی دو بڑی اقسام عمومی اور جزوی مرگی ہیں۔ دورے کی قسم کا انحصار اس بات پر ہے کہ دماغ کا کون سا حصہ کس حد تک متاثر ہوا ہے۔
مرض کی وجوہات
مرگی کی متعدد وجوہات ہیں مثلاً یہ دماغی چوٹ یا دماغی افعال متاثر ہونے کے سبب ہوسکتی ہے۔ مرگی کا پہلا دورہ بالعموم پیدائش سے لے کر20 سال تک کی عمرمیں ہوتا ہے۔ اگر20 سال سے زائد عمر میں دورہ پہلی دفعہ شروع ہوا ہوتو اس کا سبب دماغی چوٹیں‘ دماغ میں رسولی اور فالج کے اثرات ہوتے ہیں۔ یہ بیماری عموماً موروثی نہیں ہوتی‘ تاہم اس کی چند اقسام موروثی بھی ہوتی ہیں۔ مرگی سے ہرعمر‘ نسل اورطبقے کے لوگ متاثر ہوسکتے ہیں۔
علامات
مرگی کے دورے میں پٹھوں کا کھچائو‘ ان کااکڑجانا‘ بد حواسی طاری ہو جانا اور بے مقصد جسمانی حرکت سرزد ہوناشامل ہے۔
تشخیص اور علاج
اس کے لیے ڈاکٹر کودورے کی مکمل کیفیت‘ مرض کے تناظر میں خاندانی پس منظر‘اس کی ذاتی تفصیلات اور بچپن سے بڑے ہونے تک کی بعض معلومات چاہئے ہوتی ہیں۔ اس کے علاوہ سماجی‘ ذہنی اور جذباتی پس منظر کے متعلق معلومات بھی جمع کی جاتی ہیں۔ جسمانی معائنے کے علاوہ لیبارٹری ٹیسٹ بھی کئے جاسکتے ہیں۔
مرگی کے علاج کے لئے آج کل بہت اچھی ادویات دستیاب ہیں جو ڈاکٹر کے مشورے سے استعمال کی جاسکتی ہیں۔ ضرورت ہے کہ مرگی کے مریض سے نہ خوف کھایاجائے اور نہ ہی نفرت کی جائے۔ تھوڑی سی کوشش سے وہ نارمل کے قریب تر زندگی گزار سکتا ہے۔
epilepsy, causes, symptoms، diagnosis, treatment
