خشکی کی اقسام

3

سردیاں شروع ہوتے ہی دیگر مسائل کے ساتھ ساتھ سر کی خشکی اور بالوں کے گرنے کا مسئلہ بھی سراٹھانے لگتا ہے۔ اسے صرف سردیوں کے ساتھ وابستہ کرنا تصویر کا ایک رخ ہے‘ اس لئے کہ بہت سے لوگ سارا سال اس کا شکار رہتے ہیں۔سر کی خشکی مختلف اقسام کی ہوتی ہے۔ ان میں سے چند درج ذیل ہیں:

خشکی کی اقسام
خشک کھوپڑی کی خشکی
اس قسم کی خشکی کی بنیادی وجہ سر کی جلد کا خشک ہونا ہے۔ سردیوں میں نمی کی کمی اور خشکی کی زیادتی کی وجہ سے جب جلد خشک ہوتی ہے تو بڑی تعدا د میں لوگ اس مسئلے کا شکار ہوجاتے ہیں۔ اس کے سدباب کے لئے ضروری ہے کہ جس طرح آپ اپنے چہرے یا ہاتھوں کی خشک جلد کو کریم کی مدد سے نم رکھتے ہیں‘ اسی طرح سر کی جلد کو بھی موئسچرائزڈرکھنے کی کوشش کریں۔ اس مقصد کے لئے تیل مفید ہے۔ اسے رات بھر بالوں میں لگا رہنے دیں اور صبح کے وقت دھولیں۔
چکنی کھوپڑی کی خشکی
دوسری قسم کی خشکی سر کی جلد میں موجود چکنائی خارج کرنے والے چربی دار غدود (sebaceous glands)کی وجہ سے ہوتی ہے۔ یہ خشکی سردیوں اور گرمیوں‘ دونوں موسموں میں ہوتی ہے۔
جو لوگ اس مسئلے سے دوچار ہوں‘ انہیں اپناسر بار بار دھونا پڑتا ہے اور اگر وہ سر کی جلد کو صاف نہ رکھیں تو اس میں بدبو بھی پیدا ہو سکتی ہے۔ اس کے علاوہ سر سے نکلنے والی یہ رطوبت سر کی جلد کے مردہ خلیوں کے ساتھ مل کر سر میں خشکی کے بڑے بڑے پیوند (patches) لگا دیتی ہے جس کی وجہ سے بار بار کھجلی کی ضرورت پڑتی ہے ۔ سردیوں کی نسبت گرمیوں میں یہ مسئلہ زیادہ ہوتا ہے۔ خشکی کی اس قسم سے متاثر افراد سر دھونے سے تقریبا 30منٹ پہلے بالوں میں تیل لگائیں اور پھر اسے دھو دیں۔

پھپھوندی کی خشکی
ٹینیا کیپیٹس(tinea capitis) ایک فنگل انفیکشن ہے جو زیادہ تر بچوں میں پایا جاتا ہے۔ ایک دوسرے کی کنگھی یا تولیہ استعمال کرنے سے یہ مسئلہ ہو سکتا ہے۔ اس انفیکشن کی صورت میں سر میں خشکی کے بڑے بڑے پیوند بن سکتے ہیںاورانتہائی صورت میں یہ بیکٹیریل انفیکشن کے ساتھ مل کر بڑھ بھی سکتا ہے۔ اس سے سر میں پیپ والے دانے بن جاتے ہیںجو بار بار کھجانے سے زخم میں تبدیل ہو سکتے ہیں۔ اس صورت حال میں ماہرِ امراض جلد سے مشورہ لینا بہتر ہے۔

بیماری کی وجہ سے خشکی
سر میں خشکی کسی سکن الرجی یا چنبل (psoriasis) وغیرہ کی وجہ سے بھی ہو سکتی ہے۔ اس صورت حال میں سر کی جلد پر زیادہ خلیے بنتے اور زیادہ اترتے بھی ہیں۔اترنے پر یہ گرد وغیرہ اور سرسے نکلنے والی چکنی رطوبت سے مل کر خشکی پیدا کرتے ہیں۔ ان وجوہات کی بنا پر سر میں خشکی ، خارش اور چھلکے دار جلد کے مسائل دیکھنے کو آتے ہیں۔ ایسی جلد کے لئے کوکونٹ آئل بہترین موئسچرائزر کا کام کرتا ہے۔ بہتر یہ ہے
کہ اسی صورت میں آپ ڈاکٹر سے مشورہ کرلیں۔

Leave a Reply

Leave a Reply

  Subscribe  
Notify of