Vinkmag ad

تعمیر کروائیں خوبصورت اور باسہولت باورچی خانہ

    چائے کی چسکیاں ہوں یامزیدار کھانے ‘کچن کے بغیر کچھ بھی ممکن نہیں۔کچن کسی بھی گھر میںنہ صرف مرکزی اہمیت رکھتا ہے بلکہ گھر بھر کی صحت کا ضامن بھی ہے۔ یہ گھر کا وہ حصہ ہے جہاں خاتونِ خانہ کا زیادہ تر وقت گزرتا ہے۔ گھر کے دیگر افراد بھی کچن سے کسی نہ کسی طرح سے وابستہ ہوتے ہیں۔ کوئی کچن میں بیٹھ کر کھانا پسندکرتا ہے تو کسی کو اس میںپڑے فریج سے سروکار ہے۔ کسی کو وہاں نت نئے کھانے پکانے ہیں تو کسی کو وہاں بیٹھ کر اپنی سردی دور کرنی ہے۔

اگر گھر میں کوئی دعوت ہو تو مہمان بالخصوص خواتین مہمان ایک آدھ چکر کچن کا لگا لیتی ہیں اور بعض اوقات کچن میں بیٹھ کر ہی گپ شپ کرنے لگتی ہیں۔ اس سے کچن کا ایک سوشل پہلو بھی سامنے آتا ہے جس سے پتا چلتا ہے کہ کچن کا سائز‘ صفائی‘ سجاوٹ اور اس میں موجود تمام اشیاءکے لئے مناسب جگہ کا انتخاب بے حد ضروری ہے۔ مندرجہ ذیل چیزوں کا دھیان رکھ کر آپ نہ صرف اپنی ضرورت کے مطابق خوبصورت اور کشادہ باورچی خانہ بنوا سکتے ہیں بلکہ اس کا خیال بھی رکھ سکتے ہیں:

باورچی خانے کا سائز
ہمارے ہاں اکثر اوقات کمروں کی تعداد یا سائز بڑھانے کے لئے باورچی خانے اور واش روم کا سائز کم کر دیا جاتا ہے۔ چھوٹے کچن میں صفائی کرنا اور اسے برقرار رکھنا ‘دونوں ہی مشکل کام ہیں۔ اس لئے گھر بنواتے وقت اس بات کا خاص خیال رکھیں کہ کچن بڑے سائز کا ہو تاکہ حفظان صحت کے اصولوں پر باآسانی عمل کیا جا سکے۔ آپ ایک کمرہ کم کر لیں لیکن کچن اور واش روم کا سائز ہمیشہ بڑا رکھوائیں۔ چھوٹے گھروں مثلاً پانچ مرلے کے گھر میں کچن کا سائزسات فٹ تک ہو سکتا ہے۔ اس کے علاوہ کچن کے سائز کا انحصار گھر میں رہنے والے افراد کی تعداد پر بھی ہوتا ہے۔
کچن کی اونچائی شیلف سے چھت تک بالعموم 34 سے 36انچ ہوتی ہے۔ لوگ چھت سے 24انچ کا گیپ دے کر کچن کیبنٹ بنواتے ہیں لیکن کچن کے ماہرین عام طور پر اوپر سے 22انچ کا گیپ تجویز کرتے ہیں۔ کچن کے شیلف کا گیپ فرش سے 24انچ اور اوپر(کیبنٹ وغیرہ) سے 14سے 15انچ تک رکھیں۔ جہاں تک ممکن ہو‘ فریج کو چولہے سے دور رکھیں تاکہ گرمیوں میں فریج کی کولنگ متاثر نہ ہو ۔

صحیح سمت کا انتخاب
باورچی خانہ بناتے وقت اس کی ڈائریکشن کا انتخاب اس طرح سے کریں کہ گھر کے تمام کمروں تک کچن میں کام کرنے والے کی رسائی با آسانی ہو سکے۔ بہتر یہ ہے کہ کچن ڈائننگ اور ڈرائنگ روم کے قریب ہوتاکہ کچن میں کام کرنے والے فردکو گھر کے افراد یا مہمانوں کو سرو کرنے میں مشکل نہ ہو۔

وینٹی لیشن اور لائٹنگ
باورچی خانے کی تعمیر کے وقت اس کی وینٹی لیشن اور لائٹنگ کا خاص خیال رکھیں۔ وینٹی لیشن کے لئے آپ معیاری ”ڈکٹ سسٹم“ لگائیں تاکہ کھانا پکاتے وقت دھواں اوربھاپ اردگرد نہ پھیلے۔ اس سسٹم میں دھوئیں کو مخصوص راستوں سے گھر بھر میں پھیلے بغیر باہر نکالنے کا بندوبست ہوتا ہے۔
ایگزاسٹ فین چلانے کے باوجود دھواں اور کھانا پکانے کی مہک پورے گھر میں پھیل جاتی ہے جو گھر کا پینٹ خراب ہونے کی بڑی وجہ بھی ہے۔ اس لئے ضروری ہے کہ آپ ’ ہُڈ‘ استعمال کریں جو چولہے کے اوپر سٹیل کا بنایا جاتا ہے۔ اس کے استعمال سے گھر کا پینٹ بھی خراب نہیں ہو گا۔ سٹیل کی بجائے لکڑی کا ہُڈبھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔اس کے اوپر پلاسٹک شیٹ لگا دیں اور جب وہ گندی ہو جائے تو اسے اتار کر صاف شیٹ لگا دیں۔

رنگوں کا انتخاب
کچن میں ہمیشہ ہلکے رنگوں کا انتخاب کریں تاکہ وہ زیادہ روشن اور کشادہ لگے۔ کچن کی دیواروںکے لئے سادہ (plain) ٹائلز استعمال کریں کیونکہ انہیں صاف کرنا ڈیزائن والی ٹائلز کے مقابلے میں آسان ہوتا ہے۔ ہمارے ہاں باورچی خانے کو رات کے وقت صاف کرنے کا رواج اب بہت کم گھرانوں میں پایا جاتا ہے۔ عام طور پر خاتون خانہ کا یہ خیال ہوتا ہے کہ صبح صفائی کرنے والی خادمہ آ کراسے صاف کرے گی۔ اس وجہ سے ٹائلز ہوں یا دیواریں‘ جلد پیلی ہو جاتی ہیں اور ان پر کھانوں کی بھاپ میں موجود چکنائی کی تہیںجم جاتی ہیں۔ اس لئے ضروری ہے کہ جب بھی کچن استعمال کریں ¾ اس کو اسی وقت صاف کر یں۔

سامان کی ترتیب
باورچی خانے کے سامان کو ترتیب دیتے ہوئے اس بات کو ذہن میں رکھیں کہ اس کے تین حصے ہوتے ہیں جو مندرجہ ذیل ہیں:
کوکنگ سیکشن :    پہلا حصہ کوکنگ سیکشن ہے جہاں آپ کھانے پکاتے ہیں۔ اس حصے میں پہلی چیز ہڈ (hod)‘دوسری اوون اور تیسری مائیکروویو اوون ہے۔
واشنگ سیکشن:    کچن کا دوسرا حصہ دھلائی کاہے جہاں آپ کا سنک اور ڈش واشر وغیرہ ہوتے ہیں۔
کولنگ سیکشن:    باورچی خانے کا تیسرا حصہ کولنگ ہے جہاں آپ کا فریج یا فریزر وغیرہ ہوتے ہیں۔
آج کل ہمارے معاشرے میں ریڈی میڈ کچن کا رواج بڑھتا جا رہا ہے جسے کسی ماہر سے اس طرح ڈیزائن کرایا جاتا ہے کہ اس میں کام کرنا زیادہ سے زیادہ آسان ہو جائے۔یہ ایک بہتر حل ہے‘ اس لئے کہ ایک ماہر کچن اس کی بناوٹ ¾سائز اور تزئین و آرائش کو بہتر سمجھ سکتا ہے۔
٭کامران خالق”شازے کچن“ کے مالک ہیں۔ آپ کچن ڈیزائننگ اور گھر کی تزئین و آرائش سے متعلق خدمات فراہم کرتے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

کچن کی صفائی‘ چند آزمودہ نسخے
 نلکوں کی صفائی :     وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ نلکوں کے اردگردپانی کے نشانات بن جاتے ہیں جو انہیں بدنما بنا دیتے ہیں۔انہیں صاف کرنے کے لیے لیموں کاٹ کراسے براہ راست نلکے پر ملیں‘ کچھ دیرلگا رہنے دیں اورپھر کپڑے سے صاف کرلیں۔
اوون کی صفائی :    ایک برتن میں آدھا کپ امونیا ڈال کر رات بھر کے لیے اوون میںرکھ دیں ۔اگلی صبح اوون کو کپڑے سے اچھی طرح صاف کرلیں۔ امونیا اس میں جمع شدہ چکنائی اور کھانوں کا دیگر حصہ پہلے ہی نرم کرچکا ہوگا اور صفائی آسان ہوجائے گی۔
 ٹائلوں کو چمکائیں :    اپنے گھر کی ٹائلوں کے درمیان موجود مٹی کو نکالنے کے لیے بیکنگ سوڈا اور پانی ملاآمیزہ بنائیں ۔اسے ٹوتھ برش کی مدد سے متاثرہ ٹائلز پر لگاکر انہیں صاف کردیں۔
سنک کی صفائی :    اسٹین لیس اسٹیل کے سنک کو صاف کرنے کے لئے کپڑے کو سرکے میں ڈبوئیں اور سنک کو ہر طرف سے رگڑ کر صاف کریں۔ اس کے بعد اسفنج کی کھردری طرف سے نرمی سے رگڑ کر سنک کو صاف کردیں۔
 جلے ہوئے برتن :    اس مقصد کے لئے ایک چوتھائی کپ ابلے ہوئے پانی میں ایک چمچ سرکے کا آمیزہ بنالیں اوراسے جلے ہوئے برتن میں ڈال دیں تاکہ جلے ہوئے کھانے کے بچے ہوئے حصے کو اس میں سے نکالا جاسکے۔ اس کے بعد باقی ماندہ حصوںکو میٹھے سوڈے سے رگڑ کر صاف کرلیں۔

Vinkmag ad

Read Previous

نوزائیدہ بچے کیلئے اہم احتیاطیں

Read Next

ایلوویرا-ایک جادوئی پودا

Most Popular