بڑی آنت کا سرطان

بڑی آنت کا سرطان

نظام انہضام کا ایک اہم حصہ بڑی آنت ہے جسے کولن کہتے ہیں اوراس کے آخری حصے کوریکٹم یعنی مقعد کہا جاتا ہے۔ بڑی آنت پانی اور ہضم شدہ خوراک کو خون میں پہنچاتی اورغیرہضم شدہ خوراک کو پاخانے کی شکل میں جسم سے خارج کرتی ہے۔ جسم کے دیگرحصوں کی طرح یہ بھی کینسرکا شکارہوسکتی ہے۔ کینسرکی یہ قسم مردوں اور عورتوں‘ دونوں میں پائی جاتی ہے۔ صرف کینسرکے باعث ہونے والی اموات کا جائزہ لیا جائے تو ان میں بڑی آنت کا کینسرایک اہم سبب ہے۔

        وجوہات کیا ہیں

               اس حوالے سے حتمی طور پرکچھ نہیں کہا جاسکتا تاہم یہ عوامل اس کا سبب بن سکتے ہیں

٭فائبر یعنی ریشے کی حامل اشیاء کا کم استعمال جبکہ تلی ہوئی چیزوں یا فاسٹ فوڈ کا زیادہ استعمال کرنا۔

٭مریض کے خونی رشتوں میں مرض کی موجودگی۔

٭تمباکواورالکوحل کا استعمال۔

٭بہت زیادہ گوشت‘ خصوصاً پروسیسڈ گوشت کا زیادہ استعمال کرنا۔

 علامات اور تشخیص

٭بڑی آنت کے بائیں طرف کینسرہوتو پاخانے میں خون نظرآتا ہے۔ اگر وہ دائیں طرف ہوتو امکان ہے کہ خون نظر نہ آئے مگروہ پاخانے کے اندرموجود ہوسکتا ہے۔

٭رسولی بڑھ جائے تو پاخانہ اورگیس رک سکتی ہے۔ اس سے بعض اوقات بہت تکلیف ہوتی ہے لہٰذا فوری آپریشن ضروری ہوجاتا ہے۔

٭وزن کم ہونا جس کی بظاہرکوئی وجہ نہیں ہوتی‘ خون کی کمی اور بھوک کم یا ختم ہوجانا بھی اس کی علامات ہیں۔

٭دست یا قبض کی شکایت بھی ہوسکتی ہے۔

مذکورہ بالاعلامات میں سے بعض کینسر کے علاوہ دیگر امراض مثلاً بواسیر وغیرہ کی بھی ہوسکتی ہیں۔ خون آنے کی اصل وجہ کیا ہے اس کا حتمی فیصلہ ڈاکٹرہی کرسکتا ہے لہٰذا ڈاکٹر کے پاس لازمی جائیں۔ خصوصاً پاخانے کے ساتھ خون آنے‘ وزن کم ہونے اورپاخانے کے معمول میں تبدیلی کوہرگزنظر اندازنہ کریں۔

مرض کا علاج

  پہلے اوردوسرے سٹیج پرمرض کی تشخیص ہوجائے تو سرجری سب سے بہترین‘ مؤثراورمکمل علاج ہے۔ اس کے بعد کیموتھیراپی کی مدد سے دوبارہ کینسرہونے کے امکانات کو محدود یا ختم کیا جا سکتا ہے۔ جوں جوں کینسر پھیلتا جاتا ہے‘ علاج اورمکمل شفا یابی کے امکانات کم ہوتے جاتے ہیں۔ سٹیج 3 میں بھی کیمو تھیراپی دی جاسکتی ہے۔ بڑی آنت کے کینسر میں شعاعیں دینا کم کردیا جاتا ہے لیکن اس کا فیصلہ کینسر کا ماہرڈاکٹر ساری صورتحال دیکھ کرہی کرتا ہے۔

       بچاؤ کی تدابیر

  بڑی آنت کے کینسر سے بچنے کی تدابیرمیں سب سے اہم عامل ریشہ دارخوراک کا زیادہ سے زیادہ استعمال ہے۔ بغیر چھنے آٹے کی روٹی کھائیں اورڈبوں میں بند اورتا دیرمحفوظ کی ہوئی چیزوں کے استعمال میں احتیاط کریں۔ مزید برآں اپنے وزن کوکنٹرول کریں‘ چکنائی کا استعمال کم جبکہ پھلوں اورسبزیوں کا زیادہ کریں۔ مزید برآں سادہ غذا کھائیں‘ قبض نہ ہونے دیں اورورزش ضرورکریں۔

colon and rectum cancer, blood in stool, tumors, weight loss, chemo and radiation

Vinkmag ad

Read Previous

 گلے میں خراش‘ کھانسی اور چاول

Read Next

لال بیگ کی خصوصیات

Leave a Reply

Most Popular