ہیضہ
ہیضہ ایک خاص بیکٹیریا سے پھیلتا ہے۔ اس مرض سے متاثرہ فرد کوشدید قسم کا ڈائریا ہوتا ہے۔ عام طورپریہ بیکٹریا آلودہ پانی یاگلی سڑی سبزیوں کے استعمال سے انسانی جسم میں پہنچتا ہے۔ جن علاقوں میں نالیوں کا پانی پینے کے پانی میں مل رہا ہو‘ وہاں یہ مسئلہ وبائی صورت اختیار کرسکتا ہے۔ اگراس مرض کا فوری علاج نہ کیا جائے تو مریض کے جسم میں نمکیات کی شدید کمی ہو جاتی ہے۔ یہ ایک خطرناک صورت حال ہوتی ہے جس کی وجہ سے مریض 4 سے 12 گھنٹوں میں کومے میں جا سکتا ہے اورتقریباً 18 گھنٹوں کے اندراس کی موت بھی واقع ہو سکتی ہے۔
بنیادی علامات
ہیضے کی بنیادی علامات میں شدید قسم کا اسہال اورباربار قے ہونا شامل ہیں۔ اس میں مریض کوپانی کی طرح کے پتلے دست آتے ہیں جس کی وجہ سے اس کے جسم میں پانی کی شدید کمی ہوجاتی ہے۔ مریض کے دل کی دھڑکن بے قاعدہ ہو جاتی ہے۔ اسے بہت زیادہ پیاس لگتی ہے اورپیٹ میں مروڑاٹھتے ہیں۔ اسے بہت زیادہ تھکاوٹ اورکمزوری محسوس ہوتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ نبض کی رفتاربھی کم ہو جاتی ہے۔ اس کے ہاتھ اورپائوں کی انگلیوں میں اکڑن سی ہونے لگتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ مریض کی آنکھیں اندرکی جانب دھنس جاتی ہیں۔
کرنے کے کام
ہیضے سے بچاؤ کے لئے ان احتیاطی تدابیرپرعمل کریں
٭جن علاقوں میں پانی آلودہ ہو‘ وہاں اسے لازمی طورپرابال کراستعمال کریں۔
٭کھانے پینے کی چیزوں کی صفائی کا خاص طورپرخیال رکھیں۔
٭بیماری سے متاثرہ افراد کی قے کو اچھی طرح ٹھکانے لگائیں ورنہ یہ مرض دوسروں تک بھی منتقل ہو سکتا ہے۔
٭اس کے زیر استعمال اشیاء (مثلاً کپڑوں، بستر اورتولیہ وغیرہ )کوجراثیم کش مصنوعات کی مدد سے جراثیم سے پاک کریں۔
٭یہ مرض برسات کے موسم میں زیادہ پھیلتا ہے۔ جن علاقوں میں لوگ رفع حاجت کے لیے کھیتوں میں جاتے ہیں‘ وہاں یہ بیکٹیریا زمین کے نیچے جا کرٹیوب ویل یا تالاب کے پانی میں شامل ہوجاتے ہیں۔ اس طرح وہ پینے کے پانی میں شامل ہو کر مرض کا باعث بنتے ہیں۔ اس لئے اس سے بچنا چاہئے۔
٭کھانا کھانے سے پہلے اچھی طرح سے ہاتھ دھوئیں۔
٭ گھر کے اندراوراس کے ارد گرد کے ماحول کو صاف ستھرا رکھیں۔ گھر میں آلودہ پانی کی نکاسی کا بہتر انتظام کریں تاکہ وہ آپ کے یا کسی اور کے زیر استعمال پانی کو آلودہ نہ کرسکے۔
Cholera treatment, how to prevent cholera, cholera symptoms
