Vinkmag ad

خوراک کی نالی میں رکاوٹ کیسے دور کریں

خوراک کی نالی میں رکاوٹ کیسے دور کریں

ہمارے گلے میں دو نالیاں ہوتی ہیں۔ ان میں سے ایک سانس کی نالی ہے جسے ٹریکیا کہتے ہیں۔ دوسری نالی خوراک کی ہے جسے ایسوفیگس کہتے ہیں۔ یہ گلے کو معدے کے ساتھ جوڑتی ہے۔ بعض اوقات جلدی جلدی کھانے یا اسے اچھی طرح نہ چبانے سے کھانا ایسوفیگس میں پھنس جاتا ہے۔ مصیبت میں گھبراہٹ اسے بڑھا دیتی ہے لہٰذا ایسے میں پرسکون رہ کر اس سے نپٹنے کی کوشش کریں ۔ اس کے لئے ان ہدایات پر عمل کریں

٭مریض یا اس کے لواحقین فوری طورپرہیلتھ کیئرسروس مثلاً 1122وغیرہ پررابطہ کریں۔

٭سینے میں کچھ اٹکنے یا بھرے پن کا احساس اس کی علامات ہیں کہ کھانا خوراک کی نالی میں ہی پھنسا ہے۔

٭سب سے پہلی اورضروری بات یہ ہے کہ مریض کوپرسکون کریں۔ ایسا کرنے سے جب پٹھے ریلیکس ہوں گے توامکان ہے کہ رکاوٹ خود بخود دورہوجائے گی۔

٭گہرے سانس لیں۔

٭اگر کھانا صحیح طریقے سے چبایا نہیں گیا توعین ممکن ہے کہ وہ خشک ہونے کی وجہ سے گلے میں اٹک گیا ہے۔ پانی اس میں نمی پیداکرے گا اورمسئلہ حل ہو جائے گا۔ اس لئے وقفے وقفے سے کم مقدار میں پانی پئیں۔ اگراس میں کوئی تکلیف نہ ہوتویہ عمل جاری رکھیں۔

٭ڈبل روٹی کوپانی یا دودھ میں ڈال کر گیلا کرلیں اورپھراس کے کچھ نوالے لیں۔

٭کیلا قدرتی طورپرایک نرم پھل ہے۔ اسے کھانے کی کوشش کریں تاکہ گلے میں اٹکی ہوئی چیز معدے میں چلی جائے۔

٭اکثرغذائی نالی خشک ہونے کی وجہ سے یہ مسئلہ بنتا ہے۔ اس میں نمی پیدا کرنے کے لئے ایک چائے کا چمچ مکھن کھانا بھی مفید ہے۔

٭بعض لوگوں کے گلے میں مچھلی کا کانٹا پھنس جاتا ہے۔ اس کو دور کرنے کے لئے ابلے ہوئے سفید چاول کھائیں۔

٭گیس دورکرنے والی ادویات بھی اس سلسلے میں مفید ثابت ہوتی ہیں۔

٭ کولا مشروبات پئیں ۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ ان میں کاربن ڈائی آکسائیڈ گیس شامل ہوتی ہے جو کھانے کو چھوٹے اجزاء میں تقسیم کرنے میں مدد دیتی ہے۔

٭اٹکی ہوئی چیزاگرمنہ میں ظاہری طورپردکھائی نہیں دے رہی تو اس کو نکالنے کے لئے انگلی کا استعمال قطعاً نہ کریں۔اس کی وجہ یہ ہے کہ انگلی ڈالنے سے کئی مرتبہ متعلقہ چیزمزید اندر جا کرایسی جگہ پھنس جاتی ہے جہاں سے اسے نکالنا مشکل ہوجاتا ہے۔ اس کے علاوہ انگلی میں چوٹ لگ سکتی ہے اورمتاثرہ شخص کوانفیکشن بھی ہوسکتا ہے۔

٭کئی باررکاوٹ ختم ہوجاتی ہے مگراس کا احساس اگلے کچھ وقت تک باقی رہتا ہے۔ اس احساس کو دورکرنے کے لئے کچھ دیرآرام کریں۔

نوٹ: اگرشک ہوکہ کھانا خوراک کی نالی کے بجائے کہیں اوراٹک گیا ہے توگھرمیں علاج سے گریزکریں اورفوری طورپرہیلتھ کئیر سروسزسے رابطہ کریں ۔اس صورت میں اشیائے خورونوش کے استعمال سے پرہیزکریں۔طبی مدد آنے تک گھر پرعلاج صرف کسی ماہرکی موجودگی میں ہی کریں۔

food stuck in esophagus, first aid, emergency situation

Vinkmag ad

Read Previous

تیزاب کے نقصات’ فوری امداد

Read Next

سماعت سے متعلق دلچسپ معلومات

Leave a Reply

Most Popular