جب بال بنیں وبال

0

جب بال بنیں وبال

بال‘ اگر سر پر ہوں تو انسانوں کی خوبصورتی اور وجاہت کو چار چاند لگادیتے ہیں۔اگرمردوں کےچہرے پر ہوں تو اکثر خوب سجتے ہیں۔ مگر خواتین کے چہروں پر آنے لگیں تو ان کے لئے پریشانی ہی نہیں‘ بسا اوقات ڈرائونے خواب کی صورت اختیار کر لیتے ہیں۔ ان سے نجات کے لئے وہ مختلف طریقے استعمال کرتی ہیں جن میں بعض غیرصحت مند ہوتے ہیں۔ ایسی صورت میں بال تو ہٹ جاتے ہیں لیکن جلد کی رونق اور خوبصورتی ماند پڑجاتی ہے اور کبھی کبھی تو وہ زخمی بھی ہو جاتی ہے۔ مسئلے سے صحت مندانہ طور پر نجات حاصل کرنے کے لئے اسے اچھی طرح سمجھنا ضروری ہے۔

ہرسوٹیزم کیا ہے

یہ ایسی حالت ہے کہ جس میں جسم کے ان حصّوں پر بال آجاتے ہیں جہاں قدرتی طور پر بہت کم بال ہوتے ہیں یا بالکل نہیں ہوتے۔خواتین میں چہرے،پیٹھ ، سینے اور کانوں وغیرہ پر بال اس کی مثالیں ہیں۔

بالوں کو صاف کرنے کے عام طریقے

غیر ضروری بالوں کو صاف کرنے کے لئے عام استعمال ہونے والے طریقوں میں ویکسنگ، ہیئر ریموول کریمز، شیونگ ، پلکنگ اور تھریڈنگ وغیرہ شامل ہیں ۔یہ سب وہ طریقے ہیں جنہیں بار بار استعمال کیا جائے تو جلد کی نہ صرف رنگت متاثر ہوتی ہے بلکہ وہ ڈھیلی بھی ہو جاتی ہے ۔

 غیر ضروری بالوں کی وجوہات

ان میں خواتین کے ہارمونز کا غیر متوازن ہونا‘ان کے ایام میں بے قاعدگی اوربانجھ پن نمایاں ہیں۔ اس کے علاوہ سن یاس کے مراحل سے گزرنے کے دوران یا اس کے بعد خواتین کے ہا ر مو نزمیں تبدیلیو ں سے بھی یہ مسئلہ ہو سکتا ہے۔ اس کی کچھ اور وجوہات مندرجہ ذیل ہیں

٭غذائوں میں مخصوص کیمیکلز کا ایک خاص تناسب سے زیادہ استعمال ۔ یہ کیمیکلز ہا ر مونز میں تبدیلیو ں کا باعث بنتے ہیں جن کے ضمنی اثر کے طور پر یہ مسئلہ بھی پیدا ہوجاتا ہے ۔

٭وزن کا زیادہ ہو نا۔

٭خاندان میں اس مسئلے کی موجودگی یعنی موروثی عامل ۔

مرض کا علاج

اس کے لئے محفوظ اور دیر پا طریقہ ’’لیزر ٹریٹمنٹ ‘‘ہے ۔ اس میں جلد کے اندر موجود بالوں کی جڑوں کو جلا دیا جاتا ہے جس کی وجہ سے بال دوبارہ نہیں اگتے۔

اکثرخواتین شکایت کرتی ہیں کہ ٹریٹمنٹ کے بعد ان کی جلد پر بال دوبارہ آجاتے ہیں ۔اس کا بڑا سبب ہارمونز میں تبدیلیوں کے باعث نئے بالوں کی جڑوں کا نکلنا ہے ۔ لیزر ٹریٹمنٹ ‘پہلے سے موجود بالوں کو جلا سکتا ہے مگر نئے آنے والے بالوں کو روک نہیں سکتا۔ لہٰذا اس ٹریٹمنٹ کو لمبے عرصے کے لئے بالوں کو کم کرنے کے طور پراستعمال کیا جاتا ہے۔ ہارمونز میں تبدیلیاں،سٹیرائیڈز کریموں کا استعمال، ایام کی بندش اورمانع حمل ادویات کی بدولت نئے بال اپنی جڑوں سمیت جلدی اگ سکتے ہیں۔

Hirsutism, causes, laser treatment

0 0 vote
Article Rating
Subscribe
Notify of
guest
0 Comments
Inline Feedbacks
View all comments
0
Would love your thoughts, please comment.x
()
x