Vinkmag ad

نکسیرکیا ہے

نکسیر

کسی بھی وجہ سے ناک سے نکلنے والے خون کو نکسیرکہتے ہیں۔ یہ خون قطروں یا دھار کسی بھی صورت میں نکل سکتا ہے۔ ایسے میں اکثر لوگوں کا خون نتھنوں سے باہر بہتا ہوانظرآتا ہے۔ کچھ لوگوں میں یہ پیچھے حلق کی طرف بھی گرتا ہے اورمریض کی تھوک کے ساتھ باہرآتا ہے۔

انسانی جسم سے خون کے خارج ہونے کی متعدد وجوہات موجود ہیں لیکن ان میں سب سےعام نکسیر ہی ہے۔ 60 سال یا اس سے زائد عمرکے 70فی صد مرد حضرات کوکسی نہ کسی مرحلے میں نکسیر کا سامنا ضرورکرنا پڑسکتا ہے۔ اکثر لوگ اسے بیماری سمجھتے ہیں حالانکہ یہ کچھ بیماریوں یا کیفیات کی علامت ہے۔

عموماًخیال کیا جاتا ہے کہ نکسیرصرف گرمیوں میں آتی ہے حالانکہ ایسا نہیں ہے۔ تاہم سخت گرمی، سردی اوربہار کے موسم میں اس کی شکایت زیادہ ہوتی ہے۔ ان تینوں موسموں میں ناک کی اندرونی جھلی سوزش زدہ ہو جاتی ہے اوریہی سوزش نکسیر کا موجب بنتی ہے۔

نکسیرکی وجوہات

٭نکسیر جن بیماریوں میں جاری ہوتی ہے‘ ان میں زیادہ ترعام اورمعمولی نوعیت کی جبکہ کچھ خطرناک ہوتی ہیں۔ کئی موروثی امراض اس کا موجب بن سکتے ہیں۔ ہیموفیلیا اورخون کی نالیوں کی موروثی بیماریاں اس کی مثالیں ہیں۔

٭سب سے عام وجہ ناک پر چوٹ لگنا ہے۔ یہ چونکہ انتہائی نمایاں ہوتا ہے‘ اس لئے  چوٹ کی صورت میں بہت آسانی سے متاثرہوتا ہے۔ لڑائی جھگڑے اورگرنے سمیت کئی عوامل ناک پر چوٹ لگنے کا باعث بن سکتے ہیں۔

٭ناک کی سوزش، نکسیر کی دوسری بڑی اورغیرموروثی وجہ ہے۔ اس میں ناک اورسانس کومتاثر کرنے والے وائرس‘ بیکٹیریا اورپھپھوندی کی وجہ سے ہونے والے انفیکشن خاصےعام ہیں۔

٭ماحولیاتی آلودگی‘ خشک آب و ہوا، گرد وغبار اوردھوئیں والے ماحول میں رہنا یا کام کرنابھی اس کا سبب بن سکتا ہے۔ فصلوں اورپودوں پر سپرے یا اس سے ملتی صورت حال میں بعض کیمیائی اجزاء سانس لینے یا سونگھنے کے دوران ناک میں جاکر سوزش کا باعث بنتے۔ نسوار سونگھ کراستعمال کرنے والوں کو بھی اس مسئلے کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

٭ناک یا سانس کی نالی میں رسولی بھی اس کی وجہ بن سکتی ہے۔

٭لیوکیمیا کی وجہ سے بھی نکسیرشروع ہوسکتی ہے۔

٭کچھ دواؤں مثلاً جسم اورجوڑوں کے درد اورخون کو پتلا کرنے والی ادویات کا زیادہ استعمال بھی نکسیر کا سبب بن سکتا ہے۔

٭جگر کی بیماریاں‘ وٹامن کے اورسی کی کمی بھی اس کی ایک وجہ ہے۔

٭تیز دھوپ میں چلنا ،سرمیں خشکی اوربلڈپریشر کی زیادتی بڑی عمر کے لوگوں میں نکسیر کا موجب بنتی ہے۔

leukemia, fungus, epistaxis, nose bleeding, causes of nose bleeding

Vinkmag ad

Read Previous

سردیوں میں شاداب اورتروتازہ جلد

Read Next

نکسیر: ابتدائی طبی امداد

Leave a Reply

Most Popular