اسقاط حمل
حمل کے 20 ویں ہفتے سے پہلےبچے کا رحم سے باہرآنا اسقاط حمل کہلاتا ہے۔ اگرحمل، ٹھہرنے کے تقریباً13ویں ہفتےمیں گرجائے تواسے قبل ازوقت اسقاط حمل کہتے ہیں جبکہ دوسری سہ ماہی میں گرنے والا حمل دیرسے ضائع ہونے والاحمل کہلاتا ہے ۔
اقسام کیا ہیں
٭بعض اوقات حمل ضائع ہونے کے محض امکانات ہوتے ہیں۔ ایسے میں خون آتا ہے اورکمر کے نچلے حصے میں درد ہوتا ہےجو کچھ دنوں یا ہفتوں بعد ختم ہوجاتا ہے۔ایسی صورت میں حمل ضائع ہونے اورنہ ہونے، دونوں کے امکانات ہوتے ہیں۔
٭دوسری قسم میں رحم کھل جاتا ہے اورجنین خون کے ذریعے باہرنکل آتا ہے۔
٭تیسری قسم میں حمل کےتمام ٹشوزجسم سےخارج ہوجاتے ہیں اورخواتین کو شدید درد کا سامنا ہوتا ہے۔
٭چوتھی قسم میں حمل کے کچھ ٹشوزرحم کے اندرہی موجود رہتے ہیں۔ اس دوران بھی خون آتا ہے اورپیٹ کے نچلے حصے میں شدید درد ہوتا ہے۔
٭پانچویں قسم میں بچےکی موت واقع ہو جاتی ہے مگر وہ اپنی جگہ قائم رہتا ہے۔ ایسی صورت میں تھکاوٹ اورمتلی جیسی حمل کی دیگر علامات غائب ہونے لگتی ہیں۔
پس پردہ وجوہات
پہلی سہ ماہی
پہلے تین ماہ میں حمل ضائع ہونے کی ایک خاص وجہ جنین میں موجود مسائل ہوسکتے ہیں۔ مثلاً کروموسومز کی تعداد میں اضافے کے باعث بچےمیں خامی پیدا ہوجاتی ہےاوروہ قدرتی طورپرضائع ہوجاتا ہے۔ زیادہ ترکیسزکی یہی وجہ ہوتی ہے۔ اسی طرح بعض صورتوں میں ماں اور بچے کو جوڑنے والی نالی مکمل نہیں ہوتی ۔ اس کےنتیجے میں بچے تک خون کی فراہمی میں رکاوٹ پیدا ہوتی ہے اور وہ وقت سے پہلے ضائع ہوجاتا ہے۔ ماں میں وزن کی زیادتی یا کمی، حمل کے دوران تمباکونوشی، کیفین، الکوحل اوردیگر منشیات کا استعمال بھی اس کا سبب بن سکتا ہے۔
دوسری سہ ماہی
اگر یہ مسئلہ تین ماہ کے بعد ہوتو اس کی وجہ ماں میں تھائی رائیڈ کے مسائل، ذیابیطس، بلڈ پریشر، دل اورگردوں کے امراض اورہارمونز سے جڑے مسائل ہوسکتے ہیں۔ اس کا باعث بننے والی دوسری وجوہات میں 40 سال کی عمر کے بعد حمل ٹھہرنا، رحم کی غیرمعمولی ساخت مثلاً اس کا دوحصوں میں تقسیم ہونا یا اس کے اندررسولیاں ہونا، رحم کی گردن پرموجود پٹھےکا کمزوری کے باعث وقت سے پہلے ہی کھل جانا، رحم کا سائزمعمول سے بڑا ہونا، جرمن خسرہ،ملیریا، رحم یا تولیدی اعضاء کا انفیکشن ،پیشاب کی نالی میں انفیکشن، فوڈ پوائزننگ، کچھ ادویات کا استعمال، کمزوری، معدے پرچوٹ لگنا یا بہت زیادہ وزن اٹھانا شامل ہیں۔
causes and types of miscarriage, early miscarriage, late miscarriage