سی سیکشن کے بعد کی احتیاطیں

سی سیکشن کے بعد کی احتیاطیں

سیزیرین ایک بڑا آپریشن ہے جس میں پیٹ چاک کیا جاتاہے۔ اس کے بعد دیکھ بھال کی زیادہ ضرورت ہوتی ہے۔ اس سلسلے میں چند امور خاص طور پرقابل ذکر ہیں

صفائی کے معاملات

صفائی اورجراثیم سے پاک ہونا دوالگ باتیں ہیں لہٰذا آپریشن کے بعد دونوں کا خیال رکھنا اہم ہے۔ زخم میں پڑنے والی پیپ کا سبب دونوں کا خیال نہ رکھنا ہوسکتا ہے۔ اگرپیپ آپریشن کے دوسرے یا تیسرے روز پڑجائے تو یہ ہسپتال کی وجہ سے ہے۔ اگریہ آپریشن کے کافی دنوں بعد ہوا ہو تواس بات کی طرف اشارہ ہے کہ خاتون نے صفائی کا خیال نہیں رکھا۔

کچھ عورتیں ڈلیوری کے بعد 40دن تک نہیں نہاتیں جو بہت غلط رویہ ہے۔ انہیں چاہئے کہ زچگی کے بعد جب پٹی ہٹ جائے تو تیسرے روز نہا لیں۔ غسل کے بعد آپریشن والی جگہ خشک کر کےاس پر ڈاکٹر کی تجویز کردہ کریم یا پاؤڈرلازماً لگائیں۔ خواتین کو چاہئے کہ اپنے زخم کو سپیرٹ سے صاف کریں اوراسے خشک رکھیں۔ اس کے علاوہ اٹھنے بیٹھے میں احتیاط کریں۔

اگلی ڈلیوری

سیزیرین کے بعد اگلے حمل کا انحصار مریضہ کی صحت پر ہے۔ جس ڈاکٹر نے آخری آپریشن کیا ہے وہی بتا سکتا ہے کہ اگلا آپریشن کتنا محفو ظ ہے‘ تاہم بہتر یہ ہے کہ تین سے زیادہ آپریشن نہ ہوں۔ سیزیرین کے بعد بچے کی پیدائش میں وقفہ اوسطاً دو سال کا ہونا چاہئے تاکہ عورت کی جسمانی حالت نارمل سطح پرآسکے۔ اگر زیادہ سیزیرین ہو چکے ہوں تو زیادہ وقفہ دینا بہتر ہے۔

چیک اَپ

آپریشن کے بعد کچھ معمول کے معائنے ہوتے ہیں۔ مثلاً آپریشن کے ایک ہفتے بعد مریض کو ہسپتال بلایا جاتا ہے جبکہ کچھ کو آپریشن کے پانچ دن بعد بھی بلا یا جاسکتا ہے۔ پہلا چیک اَپ بہت اہم ہے جسے نظرانداز نہیں کرنا چاہئے۔ اس کے بعد اگر ضرورت ہو ، زخم میں خرابی یا کوئی اورشکایت ہو تو باقی کے چیک اپ کے درمیان کم وقفہ رکھا جاسکتا ہے۔

چلنا پھرنا

سیزیرین کے بعد بظاہر مریض دوسرے یا تیسرے دن چلنے پھرنے کے قابل ہو جاتا ہے لیکن زخم کو بھرنے اورجسم کے اندرونی اعضاء کو صحت مند ہونے میں تین ماہ لگ جاتے ہیں۔ اس کے باوجود سیزیرین کے بعد چلنا پھرنا ضروری ہوتا ہے۔ اگرایسا نہ کیا جائے تو ٹانگوں اور پاؤں میں خون جم سکتا ہے جس کا اثر دماغ ، دل اور پھیپھڑوں تک پہنچ سکتا ہے۔ یہ تصور انتہائی غلط ہے کہ 40 دن تک عورت بستر پرمکمل آرام کرے۔ اس لئے زیادہ سے زیادہ چلیں پھریں تاہم تھکا دینے والے کام سے گریز کریں۔

غذائی احتیاطیں

ڈیلیوری کے بعد کھانے پینے کے حوالے سے کچھ غلط تصورات عام ہیں۔ زیادہ حلوؤں اور پنجیریوں سے پرہیز کیا جائے اورمتوازن غذا کھائی جائے۔ اس کے علاوہ بچے کو دودھ بھی پلایا جا سکتا ہے۔

  عام حالات میں نارمل ڈیلوری کو ترجیح دیں۔ تاہم آپریشن کی ضرورت ہو تو پھر اس سے انکار یا گریز نہ کریں۔ آپریشن کے بعد صفائی کا خیال رکھیں، متوازن غذا کھائیں اور چلیں پھریں مگر جسمانی طور پر تھکا دینے والے کاموں سے پرہیزکریں ۔

 C-section, caesarian aftercare,diet, physical activity, personal hygiene

Vinkmag ad

Read Previous

ڈبہ بند یا کھلا دودھ

Read Next

کیلشیم کےذرائع

Leave a Reply

Most Popular