Vinkmag ad

خون کا سرطان

خون کی بیماریوں میں خون کا سرطان نمایاں ہے۔ اس انٹرویو میں شفا انٹرنیشنل ہسپتال کے ماہر امراض خون (کلینیکل ہیماٹالوجسٹ) ڈاکٹر ایاز یونس اس مرض اور اس کے علاج سے متعلق تفصیلات فراہم کر رہے ہیں۔

کیا ہم خون کو ایک عضو کہہ سکتے ہیں؟

خون دیگر اعضاء مثلاً جگر‘ پھیپھڑوں اور گردوں وغیرہ کی طرح ایک عضو ہے۔ اس کی خاص بات یہ ہے کہ یہ کسی ایک جگہ موجود نہیں رہتا بلکہ پورے جسم میں گردش کرتا رہتا ہے۔ یہ ایک ٹشو ہے جو مائع شکل میں ہوتا ہے۔ جہاں تک اس کی رنگت کا تعلق ہے تو انسانوں میں اس کی رنگت کے سرخ ہونے کا سبب خون میں موجود ایک پروٹین ہے جو سرخ رنگ کی ہوتی ہے۔ اس پروٹین کا نام ہیموگلوبن ہے۔

ہیموگلوبن کا کام جسم کے مختلف خلیوں تک آکسیجن پہنچانا ہے۔ اس کے لئے قدرت نے جو نظام تشکیل دے رکھا ہے‘ اس کے تحت ہیموگلوبن سب سے پہلے پھیپھڑوں میں جاتی ہے جہاں سے وہ آکسیجن کو اپنے ساتھ لے کر دل کے بائیں حصے میں آتی ہے۔ دل جب دھڑکتا ہے تو آکسیجن کا حامل خون جسم کے تمام حصوں تک پہنچ جاتا ہے۔ جب خون آکسیجن سے خالی ہوجاتا ہے تو اسے (عرف عام میں گندا خون )جسم کے تمام حصوں سے جمع کر کے دل کے دائیں حصے میں پہنچایا جاتا ہے‘ اور پھر یہ چکراسی طرح چلتا رہتا ہے۔

خون کے مختلف اجزاء کون سے ہیں اور وہ کیا کام کرتے ہیں؟

خون کے چار بڑے اجزاء ہیں۔ ان میں سے تین مختلف قسم کے خلئے ہیں جو کئی طرح کے کام سر انجام دیتے ہیں۔ مثلاً سرخ خلئے یا آر بی سی آکسیجن کو جسم کے تمام حصوں تک لے کرجاتے ہیں۔ سفید خلئے انفیکشن کے خلاف لڑتے اورہمیں بیماریوں سے بچاتے ہیں۔ پلیٹ لیٹس بہتے خون کو روکنے کا کام انجام دیتے ہیں۔

ان خلیوں کے علاوہ خون کا ایک مائع حصہ بھی ہوتا ہے جسے پلازما کہتے ہیں۔ اس میں بہت سی پروٹینز ہوتی ہیں جن کے ذمے مختلف طرح کے کام ہیں۔ اگر اس کی مقدار کم ہوجائے تو چکر آنے یا جسمانی کمزوری کی علامات ظاہر ہوتی ہیں۔

خون کی بڑی بیماریاں کون سی ہیں؟

خون کی بیماریوں کا تعلق اس میں موجود خلیوں سے ہوتا ہے۔ مثلاً سرخ خلیوں کی بیماریوں میں انیمیا کے علاوہ تھیلیسیمیا میجرنمایاں ہیں۔ سفید خلیوں کے امراض میں تین قسم کے کینسر لیوکیمیا‘ لمفوما اور مائیلوما نمایاں ہیں۔

خون کا سرطان کیا ہے؟

یہ ایسی بیماری ہے جو خون، اس میں موجود خلیوں‘ ریڑھ کی ہڈی میں موجود مواد اور لمفی نظام کو نشانہ بناتی ہے۔ انسانی جسم میں خون بننے کا ایک خاص طریقہ کار ہے جس کے دوران ہر عمل مخصوص ترتیب سے انجام پاتا ہے۔

جب ریڑھ کی ہڈی کے گودے پرسرطان کا حملہ ہوتا ہے تو یہ بالواسطہ طور پر انسانی جسم میں خون بننے کے نظام کو شدید متاثر کرتا ہے۔ اس کی وجہ سے جسم میں خون کے سرخ اور سفید خلیوں‘ پلیٹ لیٹس اور پلازمہ کی تیاری کا عمل غیر متوازن ہو جاتا ہے۔

خون کے سرطان کی تشخیص کیسے ہوتی ہے؟

خون کے سرطان کی تشخیص کے لئے خون اور پیشاب کے لیبارٹری ٹیسٹ کئے جاتے ہیں۔ اس سے ان میں موجود ٹشوز، پروٹین، سرطان سے متاثرہ خلیوں اور بیماری سے متاثرہ کسی اور مادے کی موجودگی کا پتا لگایا جاتا ہے۔ خون اور پیشاب کے یہ ٹیسٹ مختلف اعضاء اورنظاموں کی فعالیت اورکارکردگی کے حوالے سے بھی تفصیلی خاکہ پیش کرتے ہیں۔

اس کے علاوہ سی بی سی میں خون کے اجزاء کا جائزہ لیا جاتا ہے۔ یہ تجزیہ ان اجزاء میں کسی غیر معمولی تبدیلی یا کمی بیشی سے متعلق معلومات فراہم کرتا ہے۔ یہ ٹیسٹ خون کے کینسر کی تشخیص میں بھی مدد دیتا ہے۔

کولہے کی ہڈی سے مواد کی بائیوپسی سے انسانی جسم میں سرطان کی موجودگی کی تصدیق کی جا سکتی ہے۔ لمفوما کی تشخیص کے لئے مریض کا لمف نوڈ نکال کے لیبارٹری ٹیسٹ کیا جاتا ہے۔ خون میں پروٹین کی موجودگی کا پتا چلانے کے لئے بلڈ پروٹین ٹیسٹ کیا جاتا ہے۔ اس کی مدد سے خون میں موجو د پروٹینزکی مقدار اور مدافعتی قوت پیدا کرنے کے عمل میں کسی غیر معمولی حالت کا علم ہو جاتا ہے۔

رسولی کی تشخیص والے ٹیسٹ (Tumor Marker Test) کا مقصد سرطان سے متاثرہ رسولیوں کے اجزاء کی خون میں موجودگی کی تصدیق کرنا ہے۔ غدود کی بڑھو تری اور ساخت کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے لئے پیٹ سی ٹی سکین ( Pet CT Scan ) کیا جاتا ہے۔

خون کے سرطان کی شرح میں اضافے کی وجہ کیا ہے؟

حتمی طور پر یہ نہیں کہا جا سکتا کہ خون کا سرطان کس وجہ سے ہوتا ہے تاہم کچھ عوامل کا تعلق اس سے ہو سکتا ہے۔ ان میں شعاعیں، بینزین اورکچھ دیگر کیمیائی مادے، کیموتھیراپی کے ذریعے الکائیل گروپ کی ادویات شامل کرنے کا عمل (Alkylation)، دھواں،خصوصاً سگریٹ کا دھواں، تابکاری شعاعیں، ہیپاٹائٹس سی، ایچ آئی وی‘ پودوں پرجراثیم کش ادویات کا استعمال، آٹوامیون بیماریوں کی ادویات اور موروثیت شامل ہیں۔

کیا خون کا سرطان قابل علاج ہے؟

بلڈ کینسر کے علاج کی کامیابی کا انحصار مریض کی صحت‘ عمراور کینسرکی قسم پر ہوتا ہے۔ اس کی کچھ اقسام کا علاج مشکل ہوتا ہے جبکہ کچھ مریضوں کا علاج وقتی طور پر آسانی سے ہوسکتا ہے۔ وقتی طور پر علاج کا مطلب یہ ہے کہ مریض کے متاثرہ خلیوں کو طویل عرصے تک غیرمؤثر کر دیا جائے۔ اس سے مرض ختم تو نہیں ہوتا لیکن وہ مریض کے لئے پریشانی کا باعث نہیں بنتا۔

بلڈ کینسر کا مکمل علاج گودے کی پیوندکاری یعنی بون میرو ٹرانسپلانٹ ہے۔ یہ مہنگا ہے اور اس پر کم و بیش دو ملین روپوں تک کی لاگت آتی ہے۔ بزرگوں کی نسبت نوجوانوں اور بچوں میں یہ زیادہ کامیاب ہے۔ دیگرکینسرز کے علاج کے لئے کیموتھیراپی اور ریڈی ایشن وغیرہ سے مدد لی جاسکتی ہے تاہم بلڈ کینسرکا علاج زیادہ تر کیموتھیراپی سے کیا جاتا ہے۔

کینسر کے مریض کیا کریں؟

کینسر کے مریضوں کو چاہئے کہ تین ایسز (Ss) پر عمل کریں۔ پہلا ایس ’sips‘ یعنی چسکی کے لئے ہے جس کا مطلب یہ ہے کہ پانی زیادہ سے زیادہ پئیں تاکہ زہریلے مادے آپ کے جسم سے نکل سکیں۔ دوسرا ایس’steps‘ یعنی قدم کے لئے ہے۔ اس کا پیغام یہ ہے کہ سرطان کے مریضوں کو بستر تک محدود رہنے کے بجائے متحرک رہنا چاہئے۔ تیسرا ایس ’smile‘ یعنی مسکراہٹ کے لئے ہے۔ مریضوں کو چاہئے کہ اپنے چہرے پر مسکراہٹ سجائے رکھیں یعنی مرض کو سرپر سوار نہ کریں ۔

ہم خون کو کیسے صحت مند رکھ سکتے ہیں؟

خون کو صحت مند رکھنے کے لئے متوازن غذا کھائیں جس میں گوشت‘ سبزیاں‘ پھل‘ دالیں اور دودھ وغیرہ سبھی شامل ہوں۔ آج کل چکن ہی سب کا پسندیدہ ہے اوربچے ہوں یا بڑے، سبزیوں اور پھلوں کے قریب بھی نہیں جاتے۔ حالانکہ ان میں ایسے منرلز اور وٹامنز ہوتے ہیں جو عمومی صحت کے علاوہ خون کی صحت کو بھی بہتر رکھتے ہیں۔

کیا خون دینا خون کو صحت مند بناتا ہے؟

ہمارے ہاں لوگوں میں یہ تاثر پایا جاتا ہے کہ خون دینے سے کمزوری ہو جائے گی جو بالکل غلط تصور ہے۔ خون کے خلیوں کی اوسط عمر 120 دن ہے۔ یعنی ہر چارماہ بعد ہمارا خون بدل جاتا ہے اورہم سال میں تین سے چار دفعہ با آسانی خون دے سکتے ہیں۔

اکثر آپریشنز اور زچگیوں میں خون کی ضرورت پڑتی ہے۔ اگر لوگ خون نہیں دیں گے تو کینسر‘ امراض خون اور ٹرانسپلانٹ کے مریضوں کا علاج ممکن نہیں رہے گا۔ خون دینا بہت بڑا صدقہ ہے لہٰذا خون دیں اور زندگیاں بچائیں۔

Blood cancer, is it ok to donate blood, is blood cancer treatable, khoon k cancer ka ilaj kya hai, blood diseases, hematologist, hematology, health, shifa news

Vinkmag ad

Read Previous

دماغی اور اعصابی امراض

Read Next

سن یاس میں کیا کھائیں پیئیں

Leave a Reply

Most Popular