پودینہ رکھے تندرست ‘ حسین اور توانا

پودینہ رکھے تندرست ‘ حسین اور توانا

گرمی کے موسم میں غذا میں خصوصی احتیاط کی ضرورت ہوتی ہے کیونکہ اس موسم میں فوڈپوائزننگ کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں۔ اگر اس موسم میں کھانوں کے ساتھ پودینے کی چٹنی کو بھی شامل کر لیا جائے تو مزہ دوبالا ہوجاتا ہےاور کھانا ہضم بھی اچھی طرح  ہوتا ہے۔

دلچسپ قصہ

پودینے کو فارسی اور ہندی زبان میں پودینہ‘ انگریزی میں مِنٹ جبکہ لاطینی میں ’’مینتھا‘‘کہا جاتا ہے۔ یونانی دیومالائی داستانوں کے مطابق ’’مینتھا‘‘ ایک خوبرودوشیزہ کا نام تھا۔ اس پر دولت کا دیوتا ’’پلوٹو‘‘عاشق ہو گیا۔ پلوٹو کی بیوی اپنے شوہر کی اس دیوانگی پر بہت پریشا ن تھی اوررقابت کی آگ میں جل کر اس نے مینتھا کو ایک بُوٹی کی شکل میں تبدیل کردیا۔

غذائی اجزاء

پودینے میں میگنیشیم اوروٹامن وافر مقدار میں پایا جاتاہے ۔ یہ خوردبینی جراثیم کے خلاف موثر ہےلہٰذا اسے مختلف قسم کے شربتوں، ٹوتھ پیسٹوں اور ماؤتھ فریشنرز میں استعمال کیا جاتاہے۔ یہ بظاہرایک معمولی سی سبزی ہے لیکن حقیقت میں بہت سی خوبیوں سے مالامال ہے ۔

کیل مہاسوں سے نجات

رات کو پودینے کے پتوں کا تازہ جوس نکال کر کیل مہاسوں پرلگاکر سوجائیں ۔ یہ جلد کی سوزش میں بھی سکون دے گا اور کیل مہاسے بھی ٹھیک ہوجائیں گے۔ اس کے علاوہ تازہ پودینہ پھلوں کے خالص سرکے میں پیس کر چہرے پر لگانے سے داغ دھبے دور ہوجاتے ہیں۔ اسے پورے چہرے کی بجائے صرف داغوں پر لگائیں۔

چہرے پر پودینے کا رس لگائیں ۔اس کے مٹھی بھر پتے ٹہنیوں سمیت تین گلاس پانی میں خوب پکا کراور چھان کرنہار منہ ایک گلاس پئیں۔اسے دن میں بھی پیا جا سکتا ہے ۔ پودینے کا پانی آپ کی جلد کو تروتازہ رکھے گا ۔

دیگر فوائد

اس کے مسلسل استعمال سے جسم میں کولیسٹرول کی سطح کم رہتی ہے۔اس کے علاوہ اس میں موجود میگنیشیم آپ کی ہڈیوں کو مضبوط کرتا ہے ۔

پودینے میں قدرتی طور پر خوردبینی جراثیم کو ختم کرنے کی صلاحیت پائی جاتی ہے ۔اس لئے اس کے خوشبودار پتوں کو اگر چبا لیا جائے تو منہ میں جراثیم مر جاتے ہیں اور ان کی بدبو ختم ہوجاتی ہے ۔

مخصوص ایام سے کچھ دن پہلے پودینے کا قہوہ پئیں تو ماہانہ ایام آسانی سے گزرتے ہیں اوردرد سے بھی نجات ملتی ہے۔

بلڈ پریشر کے مریضوں کو کھانے کے ساتھ پودینے ،لہسن اور دہی کی چٹنی دی جائے تو ان کا بلڈ پریشر نارمل رہے گا۔

پودینے میں وٹامن کے کی موجودگی کی وجہ سے یہ انسانی جسم میں خون کے جمنے میں مدد دیتا ہے۔اس کا زیادہ استعمال دل کے مریضوں کے لئے نقصان دہ ہے لہٰذا وہ معالج کے مشورے سے اسے استعمال کریں ۔

ایک چمچ پودینے کا جوس، دو چمچ خالص جو کا سرکہ اور شہد،چار اونس گاجر کے جوس میں ملا کر دن میں تین بار پئیں۔ یہ دمے اور برونکائیٹس جیسے امراض میں  تسکین دیتا ہے۔ یہ نسخہ سانس کو بحال کرنے کے علاوہ جراثیم اور موسم کے بداثرات سے بچاتا ہے۔

پودینے کی گڈی لے کر دھولیں اور اس کی 10یا15 ٹہنیاں پانی سے بھرے گلاس یا جگ میں ڈال دیں‘ مکھیاں نہیں آئیں گی۔

پودینے کا سلاد

پودینے کے پتے ‘ایک پیاز اورایک کھیرا کاٹ کرملائیے۔ پھر دوعددہری مرچیں کاٹ کر ڈالئے ‘ پھرایک لیموں کا رس نچوڑکررنمک اورکالی مرچ چھڑک کر کھائیے۔ یہ سلاد لذیذ ہونے کے علاوہ آپ کے کھانے کو ہضم کرنے میں بھی مدد دے گا۔
بھوک بڑھائے
اگر آپ کو بھوک نہیں لگتی اور آپ ٹھیک طرح سے کھانا نہیں کھا پا رہے تو کھانے سے پہلے پودینے کے کچھ پتے کھالیں یا اس کا جوس پی لیں تو آپ پیٹ بھر کر کھانا کھائیں گے۔

mint leaves, benefits, salad, diseases

Vinkmag ad

Read Previous

مکسڈنٹ بالز

Read Next

بھینگا پن اور اس کی اقسام

Leave a Reply

Most Popular