کیا ای سگریٹ نقصان دہ نہیں؟

کیا ای سگریٹ نقصان دہ نہیں؟

تمباکو دنیا بھرمیں سالانہ آٹھ ملین سے زائد اموات کا سبب بنتا ہے۔ اسے استعمال کرنے کا سب سے عام طریقہ سگریٹ نوشی ہے۔ آج کل کچھ لوگ بالخصوص نوجوان سگریٹ نوشی کی عادت ترک کرنے کے لئے الیٹرانک یا ’’ای سگریٹ‘‘ کا سہارا بھی لیتے ہیں۔ اسے 2003میں چین کے ایک فارماسسٹ نے ایجاد کیا تھا۔ اب پاکستان میں بھی اس کا رجحان بڑھتا جا رہا ہے۔

ای سگریٹ کیا ہے

اس کے لئے ویپ(vape) کی ا صطلاح بھی استعمال ہوتی ہے۔ یہ سگار، پائپ،پین اوریو ایس بی کے علاوہ بھی مختلف اشکال میں دستیاب ہے۔ روایتی سگریٹ کے برعکس یہ بیٹر ی کی مدد سے چلتا ہے۔ اس میں مختلف مادوں پرمشتمل مخصوص مائع بھرنے کے لئے سیلنڈراورپھر اسے گرم کرنے کے لئے ہیٹنگ سسٹم بھی ہوتا ہے۔ جب یہ مائع گرم ہوتا ہے توگیس(aerosol)خارج ہوتی ہے جسے فرد منہ کے ذریعے سانس لے کر پھیپھڑوں تک پہنچاتا ہے۔ یہ سگریٹ دیگر منشیات کے لئے بھی استعمال ہوتا ہے۔

کیا یہ محفوظ ہے؟

روایتی سگریٹ نقصان دہ ہونے کا سبب یہ ہے کہ اس میں موجود نکوٹین کے جلنے سے جو دھواں پیدا ہوتا ہے اس میں 7000 سے زائد کیمیائی مادے ہوتے ہیں۔ ای سگریٹ سے نکلنے والے دھوئیں میں اگرچہ زہریلے مادوں کی مقدار نسبتاً کم ہوتی ہے لیکن یہ بھی مضرصحت ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ اس میں نکوٹین کے ساتھ ساتھ ذائقے کے لئے استعمال ہونے والے اجزاء، بخارات بن کر اڑنے والے مرکبات (organic compounds) دھاتیں اورکینسر کا سبب بننے والے مادے بھی موجود ہوتے ہیں۔

صحت پراثرات

اگرچہ اکثرکمپنیاں دعویٰ کرتی ہیں کہ ای سگریٹ مکمل طورپرنکوٹین سے پاک ہوتا ہے مگر ایسا نہیں ہے۔ ان میں سے زیادہ ترمیں نکوٹین ہوتی ہے جو مختلف مسائل کا باعث بن سکتی ہے۔مثلاًیہ استعمال کرنے والوں کو اپنا عادی بنا لیتی ہے، حاملہ خواتین کے رحم میں نشوونما پاتے بچے کے لئے نقصان دہ ثابت ہوتی ہے اورنوجوانوں میں دماغی نشوونما کومتاثرکرتی ہے۔

ای سگریٹ کی بیٹری میں کوئی نقص ہو تو سیلنڈر پھٹنے، آگ لگنے اورنتیجتاً زخمی ہونے کا خطرہ ہوتا ہے۔ بچے یا بڑے اس میں موجود زہریلے مائع کو نگل لیں تو بھی مسائل پیدا ہوسکتے ہیں۔

ای سگریٹ کو روایتی سگریٹ کے متبادل کے طور پرتیار کیا گیا تھا تاہم’’ ایف ڈی اے‘‘ کے مطابق یہ غیرمضرنہیں اورنہ ہی سگریٹ نوشی ترک کرنے میں مؤثر ثابت ہوا ہے۔ اسے اس مقصد کے لئے شروع کرنے والے نوجوانوں میں سے اکثر دونوںطرح کے سگریٹ استعمال کر رہے ہیں۔

تمباکو کم مقدار میں بھی صحت کے لئے نقصان دہ ہے لہٰذا اسے مکمل طور پرچھوڑ دیں۔ خود ایسا کرنا مشکل ہو تو پیشہ ورانہ مدد لیں۔

are e-cigarettes harmless or less harmful, e-cigarette versus tradiitonal cigarette, kya electronic cigarette nuqsan nahe detay

Vinkmag ad

Read Previous

تربوز کے فوائد

Read Next

وہ پانچ ٹِپس جو آپ کی یادداشت کو بہتر بنا سکتی ہیں

Leave a Reply

Most Popular