سیب ایک کرشماتی پھل

آج کل نوجوانوں میں جہاں جنک فوڈ ز اور کولا مشروبات کامنفی رجحان زوروں پر ہے‘ وہاں ان میں پانی کی بوتل اور سیب اپنے ساتھ رکھنے کامثبت رجحان بھی دیکھنے میں آرہا ہے ۔ سیب ایک مکمل غذاءہے اور اس حقیقت سے انکار ممکن نہیں کہ روزانہ ایک سیب کھاناہمیں متعدد بیماریوں سے محفوظ رکھتا ہے ۔پاکستان میں سیب کے باغات شمالی علاقہ جات ‘ سوات اور مری میں زیادہ پائے جاتے ہیں اور انہیں استعمال کرنے والے لوگ بھی سیبوں کی طرح سرخ و سفید ہوتے ہیں۔ سیب کی غذائی اہمیت اور خوبیوں کے بارے میں جانئیے۔ شفا انٹر نیشنل ہسپتال کی ماہرِغذائیات زینب بی بی کی نظر ثانی کی ہوئی صباحت نسیم کی اس معلوماتی تحریر میں

انواع واقسام کے پھلوں میں سے سیب وہ پھل ہے جسے میڈیسن میں صحت کی علامت کے طور پر پیش کیا جاتا ہے ۔ اسی تناظر میں یہ کہاوت بھی بہت مشہور ہے کہ ”روزانہ ایک سیب کھانا آپ کو ڈاکٹرکے پاس جانے سے بچائے رکھتا ہے۔“

سیب کو سندھی میں سوف‘عربی میں تفاح‘فارسی اور اردو میں سیب اور انگریزی میں ایپل(apple) کہا جاتا ہے۔ایک اندازے کے مطابق دنیا میں سیب کی سب سے زیادہ پیداوار والے پانچ ملکوں میں چین، امریکہ،ایران،ترکی اور روس شامل ہیں۔کہا جاتا ہے کہ سیب کی جنم بھومی ترکی ہے اور یہ پھل اتنا قدیم ہے کہ سکندرِاعظم کے328ق م میں قازقستان کے سفر میں بھی اس کا ذکر ملتا ہے۔
سیب غذائیت سے بھرپور پھل اور وٹامن سی کا خزانہ ہے ۔اس کے اندر مختلف اینٹی آکسی ڈنٹس موجود ہیں جو انسانی جسم میں انفیکشنز کو ختم کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ کیلشیم،فاسفورس،فلورائیڈ اور پوٹاشیم اس کے دیگر اہم غذائی اجزاءہیں۔

طبیعت میں تازگی
سیب دماغی صحت کو بھی بہتر بناتا ہے۔ اس کے کھانے سے انسان تروتازہ اور ہشاش بشاش رہتا ہے۔ جسمانی اور دماغی کمزوری کے شکار افراد کے لئے یہ پھل اکسیر کی حیثیت رکھتا ہے۔

دل‘جگر اور پتہ

سیب کے باقاعدہ استعمال سے معدہ اور جگر فعال ہوتے ہیں۔ اس میں فائبر کی زیادہ مقدار پائی جاتی ہے جو جگر کے مریضوں کے لئے بہت مفید ہے۔سبز رنگ کا سیب کھانے سے پتے میں پتھری بننے کے امکانات کم ہوجاتے ہیں۔
سیب میں پوٹاشیم پایا جاتا ہے جو دل کی دھڑکن کو متوازن اوربلڈ پریشر کو قابو میں رکھتا ہے۔

چہرے کی چمک
سیب میں موجوداینٹی آکسی ڈینٹس چہرے کو چمکدار اور انہیں قبل از وقت جھریوں سے پاک کرنے میں بھی مدد دیتے ہیں۔

موٹاپے سے نجات
اگر دوکھانوں کے درمیان ہلکی پھلکی بھوک میں سنیکس کی بجائے سیب کھا لیا جائے تو یہ معدے کے بھرے ہونے کا احساس دلاتا ہے ۔ایسے میں کم کھانا کھایا جاتا ہے۔ موٹاپے سے پریشان افراد اگر ناشتے اور لنچ کے درمیان ایک سیب اورلنچ اور ڈنر کے درمیان ایک سیب کھائیں تو اس سے ان کا وزن کم ہوگا۔

آئرن کی کمی
سیب میں آئرن کی مقدار کم ہوتی ہے‘ اس کے باوجود خون کی کمی کے شکار افراد کو ڈاکٹرحضرات سیب کھانے کا مشورہ دیتے ہیں۔ اس کا سبب یہ ہے کہ اس میں موجود وٹامن سی آئرن کو جذب کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔ اس سے جسم میںآئرن کی کمی کو پورا کیا جا سکتا ہے۔

بھوک نہ لگنا
جن بچوں یا بڑوں کو بھوک نہ لگنے کی شکایت ہو‘ ان کے لئے سیب کھانابہت مفید ہے۔ تجربے کے طور پر آپ کھانے سے 30منٹ پہلے سیب کھائیں‘ آپ اس دن معمول سے زیادہ کھائیں گے۔

ہڈیوں کے لئے مفید
خواتین میں ہڈیوں کی کمزوری‘ ان کابھربھراپن اور دیگر مسائل زیادہ پائے جاتے ہیں لہٰذا انہیں زیادہ سیب کھانے چاہئیں‘ اس لئے کہ اس میں موجود فلورائیڈ ہڈیوں میں کیلشیم بنانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔

مسوڑھے اور دانت
سیب کے گودے میں ایسے جراثیم کش اجزاءپائے جاتے ہیں جو دانتوں کی بیماریوں سے محفوظ رکھتے ہیں۔ اس کے علاوہ اس میں موجود کیلشیم کی وجہ سے آپ کے دانت چمک دار اور مسوڑھے مضبوط رہتے ہیں۔

جوڑوں کا درد
جوڑوں کے مریضوں کے لئے سیب ایک جادوئی دوا کی حیثیت رکھتا ہے کیونکہ اس میں موجود فاسفورس کی زیادہ مقدار جوڑوں کو فعال بناتی ہے اور اس کے درد کو رفع کرتی ہے۔

سیب کو کالا ہونے سے کیسے بچائیں
جب ہم سیب کے چھلکے اتارتے یا اسے کاٹ کر رکھتے ہیں تو وہ کالا ہونا شروع ہوجاتا ہے۔ اس کو ترو تازہ رکھنے کا آسان طریقہ یہ ہے کہ جیسے ہی آپ سیب کاٹیں یا اس کے چھلکے اتاریں‘ ایک چمچ لیموں کا رس اس پر ڈال دیں۔ اس سے اس کا ذائقہ اور رنگت دونوں برقرار رہیں گے۔
سیب ایک مکمل غذا ءہے ۔ اگر آپ چاہتے ہیںکہ صحت مند رہیں اور ڈاکٹروںکے پاس جانے سے بچے رہیں تو اسے اپنے غذا ئی معمول میں لازماً شامل رکھیں۔
______________________________________________

سیب کا سرکہ
٭سیب کے سرکے کے چند قطرے ناک میں ڈالنے سے اس سے بہتا خون رک جاتا ہے ۔
٭جلی ہوئی جلدپر سیب کا سرکہ لگانے سے فوری آرام آتا ہے۔
٭چہرے پر دانوں کے نشانات مٹانے کے لئے دو چمچ سیب کے سرکے اور ایک چمچ پیاز کے رس کوملاکر اسے روئی کی مدد سے لگائیں۔
٭ پاﺅں کی بو ختم کرنے کےلئے سیب کے سرکے کو نیم گرم پانی میں حل کریں اور اس پانی سے پاﺅں کودھوئےں۔اس سے بو ختم ہو جاتی ہے۔
 ٭سیب کے سرکے کو بالوں کی جڑوں مےںایک گھنٹے کے لئے اچھی طرح لگانے سے خشکی پیدا کرنے والی پھپھوندی ختم ہو جاتی ہے اور بال چمکدار ہو جاتے ہےں۔ اس کے علاوہ سر کی خارش میں بھی کمی آتی ہے۔
______________________________________________
سیب کو محفوظ کرنے کے طریقے
     سیب کو محفوظ رکھنے کی صحیح مدت چھ ہفتے ہے۔اس کے دوران آپ مندر ذیل طریقوں پرعمل کر کے انہیں تروتازہ اور ان کے ذائقے کو برقرار رکھ سکتے ہیں :
٭ اگر آپ سیب کوفریج میں محفوظ رکھنا چاہیں تو اس بات کا خاص خیال رکھیں کہ وہ پیاز اور آلوو¿ں کے نزدیک نہ ہوں تاکہ ان کی بو سیب کے ذائقے پر اثر انداز نہ ہو اور آپ زیادہ وقت کے لئے اس پھل سے لطف اندوز ہو سکیں۔

٭سیب کو محفوظ کرنے سے پہلے یہ دیکھ لیں کہ ان پر کوئی داغ دھبہ نہ ہو اور نہ ہی ان کا کوئی حصہ نرم ہو ۔ اور اگر ایسا ہو تو ان کو الگ کر لیں تاکہ وہ دوسرے سیبوں کو خراب نہ کرے۔
٭سیب کو آپ ہوادار پلاسٹک بیگز یا ڈبوں میں ڈال کر ایسی جگہ پر رکھیں جہاں ہوا کہ آمدو رفت ہو ۔ ایسے میں ان کی تازگی برقرار رہے گی اور وہ لمبے عرصے تک قابل استعمال رہیں گے۔
 ٭اگر آپ کو کھانے میں ٹھنڈا سیب پسند ہے تو اسے شاپنگ بیگ میں ڈال کر فریج کی سب سے ٹھنڈی جگہ پر رکھیں۔ایسے میںیہ ٹھنڈے بھی رہیں گے اور فریج کی دوسری اشیاءکی بو سے بھی محفوظ رہیں گے۔

Vinkmag ad

Read Previous

جوڑوں میں درد…پانی میں ورزشیں

Read Next

ادویات کی فروخت کاروباری اخلاقیات

Most Popular