Vinkmag ad

آپ کے سوالات ماہر غذایات کے جوابات

دل دوست غذائیں
٭ ڈاکٹر صاحبہ، میںدل کا مریض ہوں۔جاننا چاہتا ہوں کہ سردیوں کے موسم میںمیرے لئے بہترین غذا کون سی ہے۔ یہ بھی بتائیے کہ مجھے کھانے میںکیا کیا احتیاطیں کرنی چاہئیں؟
(نعیم سلطان،فیصل آباد)

٭٭آپ میڈیٹیرینین(Mediterranean) ڈائیٹ استعمال کریں۔اس غذا میں سبزیوں، پھلوں، چکنی مچھلی (مثلاً سارڈینز)، اناج اور زیتون کے تیل کا استعمال زیادہ جبکہ پروٹین (مثلاً گوشت)‘کم چکنائی والے دودھ اور دودھ سے بنی دیگر اشیاء کا استعمال مناسب مقدار میں کیا جاتا ہے۔آپ کے لئے مکھن کی بجائے زیتون کا تیل زیادہ مفیدرہے گا۔ نیز آپ کو سفید آٹے اور اس سے بنی اشیاء، میٹھے، چاکلیٹ،ڈبوں میں بندخوراک (جس میں سیرپ پایا جائے)،کولڈڈرنکس، سکواشز، بالائی اور چربی والے گوشت سے پرہیز کرنا چاہئے۔ نمک اور چینی بھی کم مقدار میں استعمال کرنی چاہئے۔
امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن کے مطابق اگر دن میں کیلوریز کی مقدار کو2000 تک محدود کیا جائے اور سبزیوں اور پھلوں کی تین سے چار سرونگز(سرونگ سے مراد ایک وقت میں لی جانے والی خوراک کی مقدار ہوتی ہے ۔ ٹھوس غذا کے لئے یہ ایک چپاتی اور نیم مائع جات کے لئے ایک چھوٹے پیالے جتنی لی جاسکتی ہے۔) لی جائیں تو دل کے امراض سے بڑی حد تک بچا جا سکتا ہے۔ مزید برآں زیادہ تیل میں کھانے تلنے اور گوشت کو چربی سمیت استعمال کرنے سے بھی گریز کرنا چاہئے۔
بالائی والا یا بالائی اترا دودھ
٭ہمارے گھر میںبالائی اترا ہوا (skimmed)دودھ استعمال کیا جاتا ہے۔ میراسوال یہ ہے کہ کیا اس دودھ کی غذائی افادیت بالائی والے دودھ جیسی ہی ہوتی ہے؟
(آمنہ ثاقب، چکوال)

٭٭صحت کے اعتبار سے دونوں طرح کے دودھ کااستعمال مفید ہے کیونکہ دونوں میں ہی کیلشیم اورپروٹین موجود ہوتی ہے۔ بازار میں دستیاب بالائی اترا دودھ ،گائے وغیرہ کاہی ہوتاہے جس میں سے چکنائی نکال لی گئی ہوتی ہے۔ایسے دودھ میں چکنائی 0.15فی صد سے بھی کم ہوتی ہے لہٰذااس میں کیلوریز بھی کم ہوتی ہیں۔اس طرح کے دودھ کی مختلف اقسام میں کیلشیم‘ پروٹین اور شوگر زیادہ ہوتی ہے۔ اس میں چکنائی جذب کرنے والے کچھ وٹامنز مثلاً وٹامن اے، ڈی اور ای کم ہوجاتے ہیں لہٰذا اس کمی کو پورا کرنے کے لیے مارکیٹ میں دستیاب بالائی اترے دودھ میں وٹامن اے اور ڈی کا اضافہ کیا جاتا ہے۔اگر آپ کے ہاںدودھ کا استعمال زیادہ نہیں توپھر بالائی والا دودھ ہی بہتر ہے ۔ اس کے برعکس اگر آپ کی غذا میں دودھ اوراس سے بنی ہوئی چیزوں مثلاً دہی اورپنیر وغیرہ کا استعمال زیادہ ہوتاہے تو بالائی اترا دودھ آپ کے لئے اچھا ہے‘ اس لئے کہ وہ آپ میں کیلوریز اور چکنائی میں توازن برقراررکھے گا۔
دودھ سے ٹھوس غذا تک
٭میںچھ ماہ کے ایک بچے کی ماں ہوں۔ آپ سے یہ پوچھنا ہے کہ میں اپنے بچے کودودھ سے ٹھوس غذا ء پر کس طرح لاوں؟ اسے کیا دینا چاہئے اور کس چیز سے پرہیز کروانی چاہئے؟
(نسرین جہاں،کوئٹہ)

٭٭اپنے بچے کو آئرن سے بھرپور غذا دینا آپ کی اولین ترجیح ہونی چاہئے۔ آپ فولاد سے بھرپور سادہ چاول سے تیار کردہ دلئے (iron-fortified plain rice cereal)سے اس کی ابتداء کر سکتی ہیں۔دودھ یاپھل کے پتلے جوس میں کسی ایک اناج سے بنا سیرل شامل کر کے بھی کھلا سکتی ہیں۔
جب آپ کا بچہ یہ چیزیں نگلنے کے قابل ہو جائے تو اس جوس کوآہستہ آہستہ گھنا کرنا شروع کریں۔آئرن سے بھرپور چاول، دلیہ ، پپیتا، آم،آلو،شکر قندی یا سکوائش کا گودہ،کچلا (میش) ہوا کیلا ،گاجر یاسکوائش بچوں کے لیے بہترین ابتدائی کھانے ہیں۔جب بچہ ان چیزوں کو نگلنے کے قابل ہو جائے تو پھر اسے ہلکی اور نرم پکی ہوئی چیزوں مثلاً کچلا ہوا گوشت، چکن اور انڈے پر لے آئیں۔انڈوں کے معاملے میں آغاز اس کی زردی سے کریں کیونکہ اس کی سفیدی کچھ بچوں میں الرجی پیدا کر سکتی ہے۔
یہ بات بھی اہم ہے کہ ایک ہی وقت میں بہت سی چیزیں شروع کرانے سے پہلے ایک ہی چیز کو دو چار دن تک کھلا کر بچے کے ردعمل کا جائزہ لیا جائے۔کسی چیز پر منفی ردِعمل کی صورت میں اسے فوراً بند کر دیں اور اپنے ڈاکٹر سے مشورہ کریں۔بچے کی خوارک میں چینی، نمک،شہد یا مصنوعی سویٹنرز مت ڈالیں۔ ڈاکٹرحضرات بچوں کوشروع کے ایک سال تک شہد اور نمک دینے سے منع کرتے ہیں‘ اس لئے کہ نمک کازیادہ استعمال ان کے گردوں کو متاثر کر سکتا ہے ۔ شہد سے کبھی کبھار ہونے والی مگر سخت قسم کی بد ہضمی ہو سکتی ہے جسے’’کلمگی (botulism)‘‘ کہا جاتا ہے۔ چینی میں بہت سے کیمیکلز ہوتے ہیں جن کا استعمال بچوں کے لیے ٹھیک نہیں۔اس کا زیادہ استعمال بچوں میں جراثیم کے خلاف قوت مدافعت کم کرنے کے علاوہ ان کے ٹیسٹ بڈز (ذائقہ محسوس کرنے کی حس)کو بھی متاثر کرتا ہے۔بچے کو ٹھوس غذا بوتل میں ڈال کر کبھی مت دیں اور نہ ہی ٹھوس غذا کی طرف لاتے ہوئے ا سے دودھ پلانابند کریں‘ اس لئے کہ ماں کادودھ اور مجبوری میں فارمولا دودھ ہی اس کی خوراک کا بنیادی ذریعہ ہے۔

Vinkmag ad

Read Previous

وزن گھٹانے کے لئے کیٹو ڈائٹ کتنی مفید‘ کتنی نقصان دہ

Read Next

الیکٹرک اورگیس ہیٹر جان لیوا بھی ثابت ہو سکتا ہے

Leave a Reply

Most Popular