Vinkmag ad

شوگر کی کمی یا زیادتی

ذیابیطس (عرف عام میںشوگر) لمبے عرصے چلنے والی بیماری ہے جس میں مریض کے جسم میں انسولین پیدا کرنے کی صلاحیت کم یا بالکل ختم ہو جاتی ہے۔اگر یہ مرض ایک دفعہ ہو جائے تو ماہرین کے مطابق اس کا تاحال کوئی ایسا علاج دریافت نہیں ہوا جو اسے جڑ سے ختم کر دے‘ البتہ دوائوں‘ خوراک میں احتیاط اور جسمانی ورزش سے اسے قابو میں رکھا جا سکتا ہے۔
جب انسانی جسم میں شوگر پر کنٹرول کمزور ہوجاتا ہے تو کبھی یہ اچانک بہت زیادہ بڑھ جاتی ہے تو کبھی اس میں خطرناک حد تک کمی واقع ہو جاتی ہے ۔ دونوں ہی صورتیں مریض کے لیے شدیدپریشانی کا باعث بنتی ہیں ۔بعض اوقات صورت حال ایسی خطرناک ہو جاتی ہے کہ اگر بروقت طبی امداد نہ دی جائے تو مریض کی جان کو بھی خطرہ لاحق ہو سکتا ہے ۔ اس لئے شوگر کے مریضوں اور ان کے اہل خانہ کو معلوم ہونا چاہئے کہ ان کیفیات میں انہیں کیا کرنا ہے۔

شوگر لیول بڑھ جائے تو
خون میںشوگر کی سطح بڑھ جانے کو ہائپر گلائیسیما(hyperglycemia) کہتے ہیں۔اس کی چند اہم علامات میں تیز سانس آنا‘ٹھنڈے پسینے‘خشک اور گرم جلد‘شدید پیاس لگنا ‘چکر آنا اور بیہوشی کے دورے پڑناشامل ہیں۔اگرانسولین وقت پر نہ لگائی گئی ہو تو بھی شوگر لیول ہائی ہو سکتا ہے لہٰذاایسی حالت میں فوراً انسولین لگانی چاہئے۔یہ بات یاد رکھیں کہ بازار میں مختلف اقسام کی انسولین موجود ہیں۔ان میں سے کوئی بھی اپنے ڈاکٹر سے مشورہ کیے بغیر استعمال نہیں کرنی چاہئے۔
٭ہائی بلڈ شوگرکو کنٹرول کرنے کا ایک آسان طریقہ ہلکی ورزش یا چہل قدمی ہے۔البتہ شوگر کی سطح خطرناک حد تک بڑھ چکی ہو تو اپنی دوا کھائیںیا انسولین لگائیں۔

٭اگر انسولین لگانے سے فرق نہ پڑ رہا ہو یا مریض کو ہائی بلڈ شوگر کے ساتھ ساتھ پیٹ میں درد اور الٹیاں بھی آ رہی ہوں تو مریض کو فوراً ہسپتال لے کر جائیں۔
شوگرلیول کم ہو جائے تو
شوگر اپنی مقررہ کم سے کم سطح یعنی 70ملی گرام /ڈیسی لیٹرسے کم ہوجائے تو اسے ہائیپو گلائیسیما(hypoglycemia) کہا جاتا ہے۔یہ کیفیت خون میں گلوکوز اور انسولین کی سطح غیر متوازن ہونے سے پیدا ہوتی ہے۔کبھی کبھی ایسا بہت زیادہ ورزش یا جسمانی مشقت سے بھی ہو سکتا ہے۔

ذیابیطس کے مریضوں میں شوگر لیول کم ہو نے کی چند علامات سردرد‘چکر آنا‘ اضطراب‘ پسینے آنا‘کمزوری‘بھوک لگنااوراختلاجِ قلب شامل ہیں۔
ابتدائی طبی امداد
٭ایسے میںمریض کو کسی پرسکون جگہ بٹھا کر اس کی شوگر چیک کریں۔
٭اگراس کی سطح کم ہو تو آدھ گلاس مالٹے کاشربت یا پھر تین چھوٹے چمچ چینی ایک گلاس پانی میں گھول کر پلا دیں۔
٭15 منٹ بعد پھر شوگر چیک کریں۔اگر وہ اب بھی بیان کردہ سطح سے کم ہو تو اسے دوبارہ شربت یا میٹھا پانی پلاکر آرام کرنے کے لیے لٹا دیں۔

٭ہائپوگلائیسیما کے مریض کو چاہئے کہ اپنے پاس ہمیشہ کوئی میٹھی چیز جیسے ٹافی ‘کھجور وغیرہ رکھیں تاکہ شوگر کی سطح زیادہ کم ہونے پر فوری طور پر کھائی جا سکے۔
٭اگر اب بھی حالت نہ سنبھلے تو فوراً ڈاکٹر سے رجوع کریں۔

Vinkmag ad

Read Previous

جسمانی عمارت کی بنیادیں

Read Next

اپنے تصورات درست کیجئے

Leave a Reply

Most Popular