Vinkmag ad

خواتین خانہ کے مددگار کچن گیجٹس

کچن ٹائمر
اگر گھر کے دیگر کاموں کو بھی دیکھنا ہو یا موسم گرم ہو تو کچن میں کھڑے رہ کر کھانا پکنے کا انتظار کرنا کافی صبر آزما ہوتا ہے۔اس صورت حال میںاکثر خواتین کچن سے باہر کسی اورکام میں لگ جاتی ہیں۔ ایسے میں یہ بات ذہن سے ہی نکل جاتی ہے کہ کچن میں کھانا پکنے کے لئے رکھا ہوا ہے ۔جب کھانا چولہے پر رکھ کر بھول جائیں تو اس غفلت کا نتیجہ خراب یا جلے ہوئے کھانے کی صورت میں نکلتا ہے۔ اتنی محنت کے بعد اگر ذرا سی بھول چوک سے کھانا خراب ہو جائے تو سارا مزہ کرکرا ہوجاتا ہے ۔ایسے میںجی چاہتا ہے کہ کوئی ایسا ہیلپر ہو جو ہمیں بروقت بتا دے کہ وقت ہو گیا ہے‘ آ کر کھاناچیک کر لو۔
اس قسم کی صورتحال سے نپٹنے کے لئے سیل پر چلنے والا ایک ایسا ٹائمر بازار میں باآسانی دستیاب ہے جس پر آلارم سیٹ کرنا بہت آسان ہے۔ اس کی آواز جب گھر بھر میں گونجتی ہے تو کھانا بنانے والا سمجھ جاتا ہے کہ اس کا بلاوا آ گیا ہے۔ اسے کچھ اس طرح سے تیار کیا گیا ہے کہ ےہ فریج یا فریزر پر چپک سا جاتا ہے لہٰذا اسے لگانا اور اتارنا بہت آسان ہے ۔ پہلی مرتبہ تجربے کے لئے اگر ےہ دیکھنا ہو کہ کسی مخصوص چیز کی تیاری میں کتنا وقت لگتا ہے تو اس چھوٹے سے ٹائمر پر نصب کی گئی سٹاپ واچ کی مدد لی جا سکتی ہے۔

کچن تھرما میٹر
کچن میں مختلف مقاصد کے لئے کئی قسم کے تھرمامیٹر استعمال کیے جاتے ہیں۔ ان میں سے کچھ درج یل ہیں۔
فوڈ تھرما میٹر
اپنی اور اپنی فیملی کی صحت کے لئے اس بات کو یقینی بنانا بہت ضروری ہے کہ کھانا اس مخصوص درجہ حرارت پر پکے جس پر اس میں موجود نقصان دہ بیکٹیریاختم ہوجائیں ۔ جس طرح کھانے کو کم پکانا نقصان دہ ہے‘ اسی طرح زیادہ پکانے سے بھی اس کا ذائقہ اور غذائیت متاثر ہوتی ہے۔ کھانے کی رنگت یا ہیئت سے ےہ معلوم نہیں ہوتا کہ وہ کس درجہ حرارت پر تیار ہوا ہے۔ اس مقصد کے لئے فوڈ تھرمامیٹر کا استعمال ہوتا ہے جس کا سلاخ نما سرا کھانے کی موٹی ترین سطح میں ڈال دیا جاتا اور اس پر موجود سٹاپ واچ کی طرح نظر آنے والے تھرما میٹر پر درجہ حرارت ظاہر ہونے لگتا ہے۔
فریج تھرمامیٹر
فریج کے لئے ملنے والے ڈیجیٹل تھرما میٹر کی خاص بات ےہ ہے کہ اس کا ایک سرا تار نما ہوتا ہے جسے فریج کے اندر نصب کر دیا جاتا ہے ۔اس کادوسرا سرا( جس کی سکرین پر درجہ حرارت ظاہر ہوتا ہے) اس پر لگے مقناطیس کی مدد سے فریج کے باہر لگا دیا جاتا ہے ۔جدید تھرمامیٹر میں الارم بھی ہوتا ہے۔ فریج یا فریزر کا درجہ حرارت جب ایک خاص حد سے آگے یا پیچھے ہوتا ہے تو الارم بجنے لگتا ہے ۔ اس تھرمامیٹر سے کولنگ پر باآسانی نظر رکھی جا سکتی ہے۔
اوون تھرمامیٹر
اچھی ریسیپی کو بہترین طور پر تیار کرنے میں اوون کا  درجہ حرارت خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔کثرت استعمال کے سبب اوون پر سیٹ کردہ حرارت پر یقین کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔ مزیدبرآں اوون کے سائز اور ماڈل کے مطابق اس کے اندر ہر جگہ حرارت یکساں نہیں ہوتی۔ اس لئے جہاں کھانا بنایا جا رہا ہو‘ وہاں اوون تھرما میٹر رکھ دیا جاتاہے۔ آج کل ملنے والے تھرمامیٹر اوون میں لٹکائے بھی جا سکتے ہیں۔
دستی جوسر
برقی جوسر کی نسبت ےہ کم جگہ گھیرتا ‘استعمال میں سادہ اور آسان ہے۔ اس میں ایک سرے پر جوس کا گلاس رکھنے کے لئے جگہ بنی ہوتی ہے تو دوسری طرف ریشہ الگ کرنے کے لئے نالی سی نصب ہوتی ہے۔ اس میں برقی جوسر کی طرح کی چھلنی لگی ہوتی ہے اور نکلنے والا جوس صاف ستھرا اورخالص ہوتا ہے۔ اس میں ہر طرح کے پھل کا جوس بڑے آرام سے نکالا جا سکتا ہے۔
پھلوں کے لئے مخصوص جگہ میں کٹے ہوئے پھل ڈال کر جوسرپر لگی ہتھی کو اوپر نیچے گھمایا جاتا ہے اور یوں جوس اور دوسرا مواد الگ ہو جاتا ہے۔ چونکہ ےہ سائز میں چھوٹا ہوتا ہے‘ اس لئے ےہ کچن میں کم جگہ گھیرتا ہے۔ جو لوگ مشین کا شور سنے بغیرسادہ طریقے سے جوس تیار کرنا چاہتے ہوں‘ ان کے لئے اس کا استعمال بہترین ہے۔ مزید برآں زیادہ جوس بنانے والے افراد کے لئے ےہ دستی جوسر کسی نعمت سے کم نہیں۔ اس کی قیمت بھی برقی جوسر کی نسبت کم ہے۔
پیپر مِل
ہر پکانے والا اس بات سے بخوبی واقف ہوتا ہے کہ تازہ کوٹی ہوئی کالی مرچ کا کھانے کے ذائقے اور خوشبو پر کتنا اثر ہوتاہے۔ کھانوں کی سجاوٹ کی خاطر یا بطور مصالحہ کالی مرچ استعمال کرنے کے لئے ہر بار اسے کوٹنا کافی مشکل ہو جاتا ہے۔ اس مسئلہ کے حل کے لئے بازار میں ’پیپر مِل‘ دستیاب ہے۔
ےہ ایک طرح کا ہاتھ سے چلنے والا گرائنڈر ہے جو کالی مرچ (ثابت) کو ہلکا، درمیانہ یا بہت باریک کُوٹ دیتا ہے۔ اس مشین کی پرزہ کاری کچھ یوں کی گئی ہے کہ اس کے اندر میٹل کے دو پہیے ہوتے ہیں جو اس میں ڈالی جانے والی مرچ کو کوٹتے ہیں۔ اس کے ’ٹاپ‘ پر ایک بٹن لگاہوتا ہے جسے گھما کر دونوں پہیوں کے درمیان فاصلے کا تعین کیا جا سکتا ہے۔ اس فاصلے کی روشنی میں مرچ زیادہ یا کم کوٹی جا سکتی ہے۔
ےہ مِل استعمال میں بہت سادہ اور آسان ہے۔ اس کے اوپری حصے کو کھول کر اس میں کالی مرچ ڈال دیں اور اسے کھانے (جس میں کالی مرچ ڈالنا مطلوب ہے)کے کچھ انچ اوپر لائیں۔ مِل کو ایک ہاتھ سے پکڑ کر دوسرے ہاتھ سے گھمائیں۔اس کے پیندے سے حسبِ ضرورت کوٹی ہوئی مرچ کھانے پر گرنے لگے گی۔ ےہ آلہ جہاںکھانے کی سجاوٹ کے لئے اہم ہے‘ وہاں ےہ خوبصورت سی ڈبےہ کچن میں پڑے کسی ڈیکوریشن پیس سے کم نہیں لگتی۔
کین اوپنر
کین اوپنریا ٹِن اوپنر میٹل کے کین کھولنے کے لئے بہترین آلہ ہے۔جب 1772ء میں کھانوں کو ٹِن میں محفوظ کر کے بیچنے کا رواج ہوا تو ایک ایسی چیز کی ضرورت محسوس ہوئی جو ٹِن کو باآسانی کھول سکے۔ اس ضرورت کو پورا کرنے کے لئے چاقو میں تھوڑا بہت ردوبدل کر کے 1858ءمیں کین اوپنرمتعارف ہوئے۔ 1870ءمیں اوپنر میں تبدیلی ہوئی اور اسے کٹنگ ویل کی صورت میں متعارف کروایاگیاتاہم ےہ استعمال میں بہت مشکل تھا۔
وقت کے ساتھ اس میں مزید تبدیلیاں آتی گئیں۔آج کل مارکیٹ میں ملنے والے اوپنر استعمال میں بہت آسان ہیں جو پلاس کی شکل کے ہوتے ہیں۔ اس اوپنر کی مدد سے کین کھولنے کے لئے اس پر لگے بڑے اور تیز وِیل کو کین کے ایک کنارے پر رکھیں اور پھر پلاس نما حصے کے دونوں ہینڈل ایک دوسرے کے قریب لے آئیں۔ اس سے ٹِن ‘اوپنر کی مضبوط گرفت میں آ جائے گا۔ اب دوسری جانب لگے ویل کو گھمائیں توکین خودبخود گھومتے ہوئے کھلتا جائے گااور ڈھکن پورا کھل جانے پر بھی کین یک لخت نیچے نہیں گرے گا۔ یوں بڑے آرام سے کچھ ہی سیکنڈز میں ےہ محنت طلب کام ہو جائے گا۔
ٹیکنالوجی نے جہاں دیگر شعبوں میں ہماری مدد کی ہے‘ وہاں کچن میں بھی اس نے ہماری زندگیوں کو آسان کیا ہے ۔ مصروفیت کے اس دور میں جب چھوٹے چھوٹے کاموں کے لیے بھی وقت نکالنا انتہائی مشکل ہو چکا ہے ‘ان آلات کی وجہ سے گھنٹوں کا کام پریشانی کے کچھ ہی سیکنڈز میں ہو جائے تویہ کسی نعمت سے کم نہیں ہے۔

Vinkmag ad

Read Previous

رنگ برنگے پھل اور سبزیاں ذہنی اور جسمانی صحت پر اثرات

Read Next

نوزائیدہ بچے کیلئے اہم احتیاطیں

Most Popular