بائی پاس سرجری کے بعد کیا کریں‘ کیا نہ کریں

سرجری سے گز ر نے والے مریض اگر درج ذیل ہدایات پر عمل کریں توان کی جلد بحالی کے امکانات بڑھ جاتے ہیں:
باقاعدگی سے فالو اَپ
ہسپتال سے فارغ ہونے کے بعد جب آپ گھر جائیں تو اپنے معالج سے رابطے میں رہیں اور بتائے گئے وقت پرباقاعدگی سے فالو اَپ کرائیں تاکہ وہ آپ کی تازہ ترین حالت سے آگاہ رہے۔ ان فالواَپس میں وہ آپ کی موجودہ حالت کو دیکھتے ہوئے دوا کی مقدار کم یا زیادہ کر سکتا ہے۔ اس کے علاوہ ادویات کا استعمال باقاعدگی سے کرتے رہیں۔

شوگراوربلڈپریشر پرکنٹرول
اگر آپ کو دل کے مرض کے ساتھ ذیابیطس کا مرض بھی ہے تو پھر آپ کو قدرے زیادہ احتیاط کی ضرورت ہے۔ اگر آپ شوگر کنٹرول نہیں رکھتے توسرجری کے دوران لگائے جانے والے گرافٹ بند ہونے کا اندیشہ ہوتا ہے۔ مزیدبرآں اپنے بلڈپریشر کو کنٹرول میں رکھیں اوراپنا وزن نہ بڑھنے دیں۔ سگریٹ نوشی ویسے بھی نقصان دہ ہے لیکن سرجری کے بعد اس کے نقصانات کا امکان بڑھ جاتا ہے لہٰذا اسے ہمیشہ کے لئے ترک کردیں۔

جسمانی سرگرمیاں‘ مگرتدریج سے
آپ اپنی ورزش کا آغاز چہل قدمی سے کریں اور آہستہ آہستہ جسمانی سرگرمیوں کوبڑھاتے جائیں۔ اگرآپ کا سانس پانچ منٹ چلنے کے بعد پھولے، سر چکرائے یا تھکاوٹ محسوس ہو تو تھوڑی دیربیٹھ کر دوبارہ چلنا شروع کریں۔ اس کے ساتھ ساتھ ڈاکٹر کے مشورے سے سانس کی ورزشیں بھی کریں‘ اس لئے کہ ان سے مریض کی سانس کی نالی سے بلغم کا اخراج ہوتا ہے۔ آپریشن کے چھٹے یا ساتویں دن آپ سیڑھیاں چڑھ سکتے ہیں۔

وزن اٹھانے میں احتیاطیں
آپریشن کے دوران سینے کی ہڈی درمیان سے کاٹی جاتی ہے‘ اس لئے کوئی بھی وزنی چیز نہ اٹھائیںاور نہ ہی کوئی ایسا کام کریں جس سے آپ کے سینے پر دبائو آئے۔ نماز کے دوران رکوع اور سجدہ نہ کریں بلکہ یہ ارکان اشارے سے ادا کریں۔ عام طور پر12ہفتوں کے بعد مریض کا زخم مندمل ہو جاتا ہے اورانہیں ہلکا وزن اٹھانے کی اجازت مل جاتی ہے۔
صفائی کا اہتمام کریں
ہسپتا ل سے فارغ ہوکرگھر جانے کے بعدروزانہ نیم گرم پانی سے نہائیں تاکہ آپ کے سینے کا زخم صاف رہے اور اس میں پیپ وغیرہ پیدا نہ ہو۔اس کے علاوہ ایسے مریضوں سے دور رہیں جنہیں نزلہ زکام یا کوئی اور متعدی بیماری ہو۔ اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ اس آپریشن کے بعد مریض کی قوت مدافعت عام لوگوں کے مقابلے میں 30 فی صد کم ہو جاتی ہے جس سے وہ دیگر بیماریوں میں جلد مبتلا ہو سکتے ہیں۔ اپنے جسم کی صفائی کے ساتھ ساتھ آپ جس ماحول میں رہتے ہیں‘ وہ بھی صاف ہونا ضروری ہے۔

میڈیکیٹڈ جرابیں پہنیں
عام طور پر بائی پاس سرجری کے بعد مریض کو مخصوص قسم کی جرابیں استعمال کرنے کو کہا جاتا ہے۔ ان کے پہننے سے ٹانگوں میں خون کی گردش معمول پر رہتی ہے۔آپ انہیں دن میں پہنیں اور رات کے وقت اتار دیں۔

سوتے میں کروٹیں بدلنا
آپریشن کے بعد مریض زخم کھلنے اور درد کے خوف سے صرف سیدھاہی سوتا ہے جس میں اسے دقت ہوتی ہے۔ وہ ہسپتال سے فارغ ہونے کے بعد سوتے میںکروٹ بدل سکتا ہے‘ تاہم اسے چاہئے کہ اس سلسلے میں اپنے معالج سے مشورہ ضرور کر لے۔

Vinkmag ad

Read Previous

کن لوگوں کو لازماً ویکسین کروانی چاہیے

Read Next

بخار کیوں ہوتا ہے؟

Leave a Reply

Most Popular