Vinkmag ad

آپ کے سوالات ماہر غذایات کے جوابات

اچار کھائیں،مگراعتدال کے ساتھ
٭بہت سے لوگ کہتے ہیں کہ اچار چونکہ کچی سبزیوں پر مشتمل ہوتا ہے لہٰذا صحت کے لیے بہت مفید ہے ۔کیا یہ درست ہے یا اس کے نقصانات بھی ہیں۔ یہ بھی بتائیے کہ ایک وقت میں کتنا اچار کھانا چاہئے؟

(علینہ حسن،خانپور)
٭٭اچار اصل میں خمیرشدہ خوراک ہے جس سے فائدہ پہنچانے والے بیکٹیریا حاصل ہوتے ہیں۔یہ بڑی آنت میں رہ کر ہمیں جراثیم کے حملوں اور قبض سے بچاتے اور منرلز کو جذب کرنے میں مدد دیتے ہیں ۔نیز یہ وٹامن بی6،بی12اورکے 2بھی بناتے ہیں۔
اچار باآسانی ہضم ہو جاتا ہے تاہم اس کے ساتھ ایک مسئلہ یہ ہے کہ اس میں نمک زیادہ ہوتا ہے اور کچھ اچاروں میں تیل بھی ڈالا جاتا ہے۔ اچار کے اجوائن والے مسالے میں 930ملی گرام نمک پایا جاتا ہے جو بہت زیادہ ہے ۔اگر اس میں تیل کی شکل میں چکنائیاں بھی ہو ں تو کیلوریز مزید بڑھ جاتی ہیں۔

اچار کے زیادہ استعمال کے مضر ضمنی اثرات بھی ہیں جن میں اسہال،پیٹ میں درد، گیس کی شکایت اورپانی کی کمی وغیرہ شامل ہیں۔اس لئے اس کا معتدل انداز میں ہی استعمال کرنا چاہئے۔
خالی پیٹ پانی‘ پئیں یا نہیں
٭ڈاکٹر صاحبہ! میں نے پانی پینے کے حوالے سے متضاد آراء سنی ہیں۔ مثلاً کچھ لوگ کہتے ہیں کہ صبح نہار منہ پانی پینا چاہئے جبکہ کچھ کے نزدیک خالی پیٹ پانی پینا اچھا نہیں ہوتا۔ایسے میں درست بات کیاہے؟

(ریشم سبحانی،گولڑہ شریف)
٭٭پانی سے زندگی ہے اور یہ انسان کے لئے بہت ضروری ہے۔اسے خالی پیٹ پینے کا کوئی نقصان نہیں ۔نہار منہ پانی پینے سے جسم میں موجود زہریلے مادے نکل جاتے ہیں اورپیٹ صاف رہتا ہے۔اس سے بڑی آنت کے لیے غذا کو جذب کرنا آسان ہو جاتا ہے اور انفیکشن سے بچنے کی طاقت بڑھتی ہے۔ بعض تحقیقات کے مطابق اسے عادت بنانے سے سراورجسم میں درد،دل کے امراض،جوڑوں کی سوزش(arthritis)، جسم میں چربی کی زیادتی، دمہ، پھیپھڑوں کی سوجن،ٹی بی،گردے اورپیشاب کی بیماری، الٹی، اسہال،ذیابیطس، قبض،آنکھوں کے امراض اور مخصوص ایام کی بے قاعدگی کے علاوہ کان ناک اور گلے کے امراض میں بھی فائدہ ہوتا ہے۔

موسم سرما‘ دل دوست غذائیں
٭ ڈاکٹر صاحبہ، میںدل کا مریض ہوں۔ میں جاننا چاہتا ہوں کہ سردیوں کے موسم میںمیرے لئے بہترین غذا کون سی ہے۔ یہ بھی بتائیے کہ مجھے کھانے میںکیا کیا احتیاطیں کرنی چاہئیں؟
(نعیم سلطان،فیصل آباد)

٭٭آپ میڈیٹیرینین(Mediterranean) ڈائیٹ استعمال کریں۔اس غذا میں سبزیوں، پھلوں، چکنی مچھلی (مثلاً سارڈینز)، اناج اور زیتون کے تیل کا استعمال زیادہ ہوتا ہے جبکہ پروٹین (مثلاً گوشت)‘کم چکنائی والے دودھ اور دودھ سے بنی دیگر اشیاء کا استعمال مناسب مقدار میں کیا جاتا ہے۔آپ کے لئے مکھن کی بجائے زیتون کا تیل زیادہ مفیدرہے گا۔ نیز آپ کو سفید آٹے اور اس سے بنی اشیاء، میٹھے، چاکلیٹ،ڈبوں میں بندخوراک (جس میں شیرہ پایا جائے)،کولڈڈرنکس، سکواشز، بالائی اور چربی والے گوشت سے پرہیز کرنا چاہئے۔ نمک اور چینی بھی کم مقدار میں استعمال کرنی چاہئے۔
امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن کے مطابق اگر دن میں کیلوریز کی مقدار کو2000 تک محدود کیا جائے اور سبزیوں اور پھلوں کی تین سے چار سرونگز لی جائیں تو دل کے امراض سے بڑی حد تک بچا جا سکتا ہے۔ مزید برآں زیادہ تیل میں کھانے تلنے اور گوشت کو چربی سمیت استعمال کرنے سے بھی گریز کرنا چاہئے۔

Vinkmag ad

Read Previous

ہائپوگلائسیمیا… شوگر کی شدید کمی

Read Next

انسولین اور مفروضے

Leave a Reply

Most Popular