انگریزی زبان میں جنک(Junk) کا لفظ ضائع شدہ ‘ فضول اور فالتو اشیاء کے لئے استعمال کیا جاتا ہے۔ اگر اس اصطلاح کو خوراک کے تناظر میں استعمال کیاجائے تو اس میں وہ تمام کھانے شامل ہیں جن میں غذائیت کم جبکہ کیلوریز زیادہ ہوتی ہیں ۔ان کا زیادہ استعمال صحت پر منفی اثرات مرتب کرتا ہے۔ ذیل میں چند روزمرہ استعمال کئے جانے والے جنک فوڈز میں موجود کیلوریز(فی 100گرام) کی تفصیل دی جارہی ہے:
آلو کے پیکڈ چپس: آلو کے چپس جو مارکیٹ میں مختلف ناموں سے دستیاب ہیں‘ ان میں400 تک کیلوریز ہو سکتی ہیں۔ اس لیے وقت گزاری کے لیے چپس کھاتے ہوئے ان کی تعداد پر بھی نظر رکھیں۔
کولا مشروبات: کولا مشروبات نوجوانوں میں بہت مقبول ہیں۔ان میں40 سے 44کیلوریز پائی جاتی ہیں۔ ان کے استعمال میں احتیاط برتنی چاہیے کیونکہ کیفین ان کا اہم جزو ہے۔
انڈہ اورچیز سینڈوچ: سینڈوچ عام طور پر بچوں اور دفتر میں کام کرنے والے افراد کے لنچ باکسز کا اہم حصہ ہوتا ہے۔ انڈے اور چیز کے ساتھ تیارکردہ سینڈوچ پیٹ بھرنے کے لئے بھی کافی ہوتا ہے۔ ایک سینڈوچ میں 200 سے300 تک کیلوریز ہوتی ہیں۔
گرلڈ چکن سینڈوچ: ایک گرلڈ چکن سینڈوچ میں190کے قریب کیلوریز ہوتی ہیں۔
چیز برگر: ایک سنگل پیٹی چیز برگر میں 300 سے350 تک کیلوریز ہوتی ہیں۔ اس لئے انہیں کھاتے ہوئے یہ بھی ذہن میں رکھیں کہ ان کیلوریز کو استعمال کیسے کیا جائے گا۔
ہیم برگر: نوجوان سفر کے دوران گاڑیوں اور دوستوں کے ساتھ ریستورانوں میں بیٹھ کر ہیم برگر کھانا پسند کرتے ہیں۔ایک ڈبل پیٹی ہیم بر گر میں 300 کے قریب کیلوریز ہوتی ہیں۔
پیزا: ابتدائی طور پر اٹلی میں بننے والا پیِزا آج دنیا بھر میں مشہور ہونے کے ساتھ ساتھ وقت گزاری کے لئے کھائی جانے والی سب سے مشہور ڈِش ہے۔ ایک ریگولرکرسٹ پیزا میں200 سے300 تک کیلوریز ہوتی ہیں۔
چاکلیٹ بسکٹ : چاکلیٹ تقریباََ ہر عمر کے افراد میں مقبول ہے۔ چاکلیٹ بسکٹ میں کیلوریز کی تعداد 540 ہوتی ہے۔ اس لیے انہیں کھاتے وقت ان کی تعداد بھی دھیان میں رکھیں۔