خشک میوہ جات معدنیات اوروٹامنز سے بھرپور ہونے کی وجہ سے خوش ذائقہ ہونے کے ساتھ صحت کے لیے مفید بھی ہیں لہٰذا ان سے بھرپور فائدہ اٹھائیں ۔اگرچہ اس کے بہت سے فوائد ہیں لیکن یہ ضروری ہے کہ انہیں اعتدال میں کھایا جائے۔اگر ان کا استعمال زیادہ کیا جائے تو موٹاپے اور کولیسٹرول کی دیگر بیماریاں لاحق ہو جانے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ ذیل میں ان کی کیلوریز کی تعدادسے آگاہ کیا جا رہا ہے جن کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیںاپنی غذا کا حصہ بنائیں:
کاجو:اس میں اچھے کولیسٹرول کی کافی مقدار موجود ہوتی ہے تاہم 100گرام کاجو میںتقریباً552کیلوریزہوتی ہیں۔
پستے:میٹھے کھانوں کے ساتھ اس کااستعمال بہت پرانا ہے ۔100 گرام پستے کی گری میںتقریباً 594کیلوریز ہوں گی۔
ؓٓبادام:صدیوں سے اس میوے کو دماغی صحت ،حافظے اور بینائی کے لیے مفید قرار دیا جاتا ہے ۔ 100گرام بادام کی گری میںتقریباً 567کیلوریز پائی جاتی ہیں۔
اخروٹ:یہ سبھی کا پسندیدہ میوہ ہے جو غذائیت سے مالامال ہوتا ہے۔100گرام اخروٹ کی گری میں تقریباً656کیلوریزہوتی ہیں۔اس کی مقدار میں اضافے سے کیلوریز کی تعداد بھی بڑھے گی۔
چلغوزے:ذائقے دار چلغوزے کیلوریز سے بھی بھرپور ہوتے ہیں اس لیے کھاتے ہوئے ان کی مقدار پر دھیان دیں۔ 100گرام چلغوزوں میں تقریباً 673کیلوریز ہوتی ہیں۔
مونگ پھلی :50گرام مونگ پھلی میں تقریباً207کیلوریز ہوتی ہیں ۔
کشمش:یہ ڈرائی فروٹ ہر میٹھے کا لازمی جزو سمجھا جاتا ہے۔ذائقے سے بھرپور 100گرام کشمش میں تقریباً299کیلوریزہوتی ہیں۔
انجیر:100گرام انجیر میںتقریباً74کیلوریز ہوتی ہیں۔
نوٹ: ایک شخص کو دن میں کتنی کیلوریز درکار ہوتی ہیں‘ اس کا انحصار اس کے متحرک یا غیر متحرک طرز زندگی پر ہے۔ اگر آپ متحرک زندگی گزار رہے ہیں تو آپ کو زیادہ کیلوریز درکار ہوں گی جبکہ کم متحرک شخص کے لئے کیلوریز بھی کم چاہئیں ہوں گی۔ اپنی مطلوبہ کیلوریز کے لئے آپ کسی ماہر غذائیات سے رابطہ کر سکتے ہیں۔ ایک عام شخص (مرد) کو دن بھر میں اوسطاً 2000سے 2500کیلوریز‘جبکہ ایک عام خاتون کو1500سے2000کیلوریز کی ضرورت ہوتی ہے۔کیلوریز کی یہ ضرورت آپ کے وزن اور عمر پر بھی منحصر ہے۔
نظر ثانی شدہ: شازیہ ارم،ماہر غذائیات،کراچی
