٭ ڈاکٹر صاحب! میں اپنی جلد کے حوالے سے بہت پریشان ہوں۔ یہ بہت چکنی ہے اور اس پر اکثر کیل مہاسے بھی نکلتے رہتے ہیں۔ آپ کو یہ بھی بتا تی چلوں کہ میں فیشئل بھی کراتی ہوں لیکن جب بھی اس عمل سے گزروں ، میری جلدسرخ ہو جاتی ہے اور پھنسیاں اور کیل مہاسے نکل آتے ہیں۔ مہربانی کرکے مجھے فیشئل کے بارے میں بتائیں کہ اس کی کون سی قسم میرے لئے موافق رہے گی۔
(زاہرہ سلیم،راولپنڈی)
٭٭ فیشئل در اصل چہرے کی جلد کا زےبائشی ےا کاسمیٹک علاج ہے۔اس میں بھاپ ،پرت ریزی( (exfoliation ، کریموں ، لوشن اورجلد سے مطابقت رکھنے والے ماسک استعمال کئے جاتے ہیں ۔اس عمل سے گزرنے کے بعد چہرے کی جلد میں کھچاﺅ اور صفائی کا احساس ہوتا ہے۔ یہاں یہ بات یاد رکھنے کی ہے کہ اگر فیشئل کسی ناتجربہ کار فر د سے کرایاجائے تو جلد کو نقصان ہو سکتا ہے۔ بد قسمتی سے ہمارے ہاں زیادہ تر بیوٹی پارلروں مےں سرے سے ایسے ماہرین موجود ہی نہیں جنہیں جلد جیسے حساس حصے کے بارے میں علم ہو ۔مزید برآں وہاںکام سیکھنے والے افراد محض اپنے سینئرز کو دیکھ کر سب کچھ سیکھتے ہیں ۔ آپ کے لئے مشورہ ہے کہ جب کسی بیوٹی پارلر کا انتخا ب کریں تو اس بات کی تسلی کرلیں کہ اس میں ماہرِامراض جلد(ڈرماٹالوجسٹ) بھی موجود ہے یا نہیں ۔ حقیقت یہ ہے کہ ایسے بیوٹی پارلرز بہت کم ہیں اور ان تک عام لوگوں کی رسائی بھی نہ ہونے کے برابر ہے۔اس کے بعد دوسری ترجےح مےں آپ ایسے پارلرز کا انتخاب کریں جہاں کے عملے نے اس شعبے میں کوئی مستندڈپلومہ ےا سرٹےفکےٹ حاصل کےا ہو۔پارلر کے بارے میں یہ بات جاننا اور پوچھ گچھ کرنا آپ کا حق ہے۔
فیشئل کی بنیادی طور پر دوبڑی قسمےں ہیں ۔پہلی وہ جس میں مشینوں کا استعمال کیا جاتا ہے اور دوسری جن میں مشینیں ا ستعمال نہیں ہوتیں۔ مشینوں کے ذریعے کیا جانے والا فیشئل زیادہ اچھے نتائج کا حامل ہوتا ہے ۔دوسری طرف یہ بھی حقیقت ہے کہ ایسے بہت ہی کم پارلر ہیں جہاں مشینوں کا استعمال کیا جاتا ہے۔اس طرح کے فیشئل میں دو طریقے استعمال کئے جاتے ہیں۔پہلے طریقے کے مطابق مشین کی مدد سے جلد کی جذب کرنے کی صلاحیت کو بڑھایا جاتا ہے اور دوسرا یہ کہ بجلی سے چلنے والی ایک مشین کی مدد سے جلد میں دوائیں ڈالی جاتی ہیں۔یہ آلات متحرک عوامل (Active agents)کو جلد کی گہرائی تک لے جاتے ہیں جس کی وجہ سے وہ زیادہ دیر تک وہاں رہتے ہیں اور بہتر نتائج کا باعث بنتے ہیں۔
یہاں یہ بات بھی یاد رکھیں کہ کسی پارلر میں مشےنوں کی موجودگی ہی کافی نہیں بلکہ ےہ بھی ضروری ہے کہ انہےں استعمال کرنے والا عملہ اس بارے میں تعلیم کے ساتھ ساتھ ان کے استعمال کے بارے میں بھی مکمل آگاہی رکھتا ہو۔اس کے برعکس ایسے بیوٹی پارلرز ہر گلی محلے میں مل جاتے ہیں جہاں مشینوں کے بغیر فیشئل کیا جاتا ہے۔ان میں کیا جانے والا فیشئل سستا تو ہے لیکن زیادہ مو¿ثر ثابت نہیں ہوتا۔
ہماری جلد نہ صرف ماحولیاتی آلودگی بلکہ بیوٹیشن کی طرف سے چہرے پر لگائی جانے والی چیزوں کے خلاف بھی پہلی مضبوط رکاوٹ اور دفاعی لائن ہے‘ لہٰذا سکرب (scrub) کی مدد سے چہرے کے مساج کی تکنیک فیشئل میں اہم کام کرتی ہے۔ اس سے جلد کی مردہ تہوں کو دور کیا جاتا ہے تاکہ جب ادویات یا زیبائشی مصنوعات استعمال کی جائیں تو وہ جلد میں جذب ہو کر مطلوبہ نتائج دیں۔ آپ کو چاہئے کہ ایسے پارلرز کا انتخاب کریں جہاں مشینوں کے ذریعے فیشئل کیا جاتا ہو۔
عام طور پر مساموں اور بلیک ہیڈز ( (black heads کو دباﺅ ڈال کر ختم کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔ ایسا ہر گز نہ کریں، کیونکہ اس سے جلد کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ رہتا ہے۔ اس کے برعکس مشین کے ذریعے ویکیوم کے عمل سے مساموں اور بلیک ہیڈز کی صفائی زیادہ موثر طریقے سے ہو سکتی ہے۔ کیل مہاسوں کی شکایت کے حامل افرادفیشئل سے قبل ماہر امراضِ جلدسے اس مسئلے کو حل کرا لیں۔
اختتام پر آپ کو یہ مشورہ بھی دینا چاہتا ہوںکہ اگر کسی شخص کی جلد نارمل ہو تو فیشئل نہیں کرانا چاہیے‘ اس لئے کہ جلد میں یہ صلاحیت موجود ہے کہ وہ اپنی دیکھ بھال خود کرسکے ۔اس میں ایسے نظام موجود ہیں جن کی مدد سے وہ 24 گھنٹے اپنی صفائی کرتی رہتی ہے اور تقریباً ایک ماہ کے عرصے میں اپنے آپ کو نیا کردیتی ہے ۔
(پروفیسر احسن حمید‘ ماہر امراض جلد‘ شفاانٹرنیشنل ہسپتال اسلام آباد)