ایپس ‘ذہنی مشق‘خوشی پائیں

343

پِیک(Peak)
کیا آپ کو اخبار میں چھپنے والے ”کراس ورڈز“، پہیلیاں یا ریاضی کے سوالوں کے جوابات ڈھونڈنا پسند ہے؟ اگر ایسا ہے تو اب ایسی بے شمار کھیلیں ”پِیک“ نامی ایپ کے ذریعے کھیل سکتے ہیں۔ اس کا مقصد آپ کی دماغی صلاحیت اور معلومات میں اضافے کے ساتھ ساتھ فارغ وقت کا صحیح استعمال سیکھنا بھی ہے۔ یہ ایپ خاص طور پر بچوں اور نوجوانوں کے لیے تیار کی گئی ہے تاکہ وہ آج کی تیزرفتار اور مصروف زندگی میں اپنے وقت کا مفید استعمال کرتے ہوئے کچھ سیکھ سکیں۔
اس ایپ میں چھوٹی چھوٹی تقریباً30 کھیلیں موجود ہیں جوحافظے‘ زباندانی کی صلاحیت‘ ذہنی مستعدی اور توجہ کا ارتکاز بڑھانے میں مدد دیتی ہیں۔ اس کی خاص بات یہ ہے کہ آپ اس میں اپنی مرضی کا کوئی بھی کھیل‘ کسی بھی مقصد کو مدِنظر رکھتے ہوئے کھیل سکتے ہیں۔ مثلاً توجہ مرکوزرکھنے کی پریکٹس کرنا چاہیں تو ایپ میںکہیں بھی بیٹھے پانچ منٹ کا ورک آوٹ کرلیں۔ یہ ایپ آپ کو اس کے نتائج اور روزانہ کی پیش رفت سے بھی آگاہ کرے گی۔
ہیپی فائے(Happify)
خوشی کا تعلق بنیادی طور پر ہمارے دماغ سے ہے لہٰذا جو لوگ خوش رہنا چاہتے ہیں وہ”ہیپی فائے“ ایپ کھیل کر دیکھیں۔ اس کے موجد کا کہنا ہے کہ یہ لوگوں کو خوشی دینے کے لیے تیار کی گئی ہے اور یہ اپنا کام پہیلیوں‘ خوشی کے اقوال اورکوئز وغیرہ کی مدد سے کرتی ہے۔ ایپ مثبت سائیکالوجی یعنی (positive psychology )کے اصولوں کی بنیاد پر تیار کی گئی ہے جو ذہنی تناﺅاور جذباتی کشمکش دور کرنے میں بھی مددگار ہے۔ اسے ڈاﺅن لوڈ کر کے آپ کو کچھ سوالات کا جواب دینا ہوتا ہے تاکہ ایپ اس کے مطابق آپ کو سرگرمیاں‘ پروگرام اور کھیلیں پیش کر سکے۔ مثلاً اگر آپ نے جوابات میں ذہنی دباﺅ کا حوالہ دیا ہے تو وہ آپ کو ایسے طریقے بتائے گی جس سے آپ رفتہ رفتہ ڈپریشن کی شدت کم محسوس کرنے لگیں گے۔ یہ سرگرمیاں اور کھیلیں آپ کے دماغ سے منفی خیالات کم کرکے ذہن کو پرسکون کرنے کی کوشش کرتی ہیں۔دوسرے لفظوں میں آپ کویہ ایپ مثبت کھیلوں کے ذریعے خوشی کی جانے لانے کی ایک کوشش ہے۔
ایلی ویٹ(Elevate)
”ایلی ویٹ“ ذہنی صلاحیت بڑھانے میں مدد فراہم کرنے والی ایک اور موبائل ایپلیکیشن ہے۔ اس میں بھی چھوٹی چھوٹی 30 سے زائدکھیلوں کی مدد سے ذہن کو تربیت دی جاتی ہے۔ اس میں حافظے میں اضافے‘ توجہ مرکوز رکھنے‘ حساب دانی اورفہم بڑھانے کی کھیلیں شامل ہیں۔
یہ ایپ روزانہ آپ کی کارکرگی کو اپنے کلینڈر میں رجسٹر کرتی جاتی ہے۔ یہ آپ کی کمزوریوں کو دور کرنے کے لیے آپ کی ضرورت کے مطابق کھیل کھیلنے کا مشورہ بھی دیتی ہے۔ مثلاً اگر آپ کا حساب کمزور ہے تو وہ آپ کو ویسی ہی کھیلیں بتائے گی جو آپ کی اس کمزوری کو دور کرنے میں مددگار ہوں۔ یہ آپ کو بتدریج آسان سے مشکل کھیل کی جانب لے جاتی ہے۔ اس کی ایک اور خاصیت یہ ہے کہ اسے تعلیمی ماہرین کے مشورے سے تیار کیا گیا ہے جو اس کی کامیابی کی ایک اہم وجہ ہے۔
سیون کپس(Seven Cups)
”سیون کپس“ ایک اورایسی ایپ ہے جوذہنی اضطراب اور تناﺅ ختم کر کے آپ کو سکون اور اطمینان دینے کے لیے تیار کی گئی ہے۔ یہ باقی تمام ایپس سے مختلف نوعیت کی گیم ہے جس میں بنیادی طور پر آپ کسی انجان شخص سے اپنے مسئلہ بیان کر کے یعنی اس سے چیٹ کر کے خود کو پرسکون کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ ایپ شروع کریں تو وہ آپ کو چند آپشن دے گی جن میں ڈپریشن‘ اضطراب‘ دل ٹوٹنا‘ جذباتی کشمکش‘ اکیلاپن یا کچھ اور وغیرہ شامل ہیں۔ جب آپ ان میں سے کسی پر کلک کریں گے تووہ آپ سے فرضی نام‘ عمراور ای میل مانگے گی۔ اب وہ آپ کو سپورٹ پروگرام میں جانے کی اجازت دے گی۔ یہاں آپ کسی ٹرینر بوٹ سے بات کر سکیں گے جو آپ کی بات سنے گا اورآپ کو تسلی دے گا۔ آپ تھیراپسٹ (بوٹ) سے مشورہ بھی لے سکتے ہیں۔ دراصل اس ایپ کا مقصد لوگوں کو ڈاکٹر سے دور کرنا نہیں بلکہ وقتی طور پر تسلی فراہم کر کے علاج کے لیے آمادہ کرنا ہے۔ ایپ فری ہے اور کبھی بھی وقت استعمال کی جا سکتی ہے۔