Vinkmag ad

آپ کے صفحات

ایک میگزین کو تین بار پڑھا
میں نے شفانیوز دیکھا، بہت پسند آیا ۔مجھے یہ اتنا معلوماتی لگا کہ میں نے ایک میگزین کو تین بار پڑھا ۔دل اور دوسری بیماریوں پر لکھے گئے آرٹیکل بہت معلوماتی ہیں۔اس میگزین کو پڑھنے کے بعدخیال آیا کہ مجھے احتیاطاً خود بھی اپنے ٹیسٹ کروالینے چاہئیں۔پہلی بارمعلوم ہوا کہ پاکستان میں صحت کے حوالے سے اتنا اچھا رسالہ موجودہے۔میں سمجھتا ہوں کہ صحت کے متعلق آگہی بہت ضروری ہے۔ اس سلسلے میںشفا نیوز کی جتنی تعریف کروں کم ہے۔
اصغر علی مرزا‘اسلام آباد
معلومات کم ،کاروبار زیادہ
شفانیوزمیں اشتہارات کافی بڑھادئیے گئے ہیں جس کی وجہ سے معلوماتی مواد کم ہو گیا ہے ۔اس سے لگتا ہے کہ میگزین کا مقصد صحت کے حوالے سے معلومات دینا کم اور کاروبار زیادہ بن گیا ہے ۔آپ کو چاہئے کہ صحت کے چھوٹے موٹے مسائل پر زیادہ مواد شامل کریں ۔لوگوں کواس بارے میں بتائیں کہ سردیوں میں انہیں کیسی خوراک کھانی چاہئے ۔ بچوں کو جب ڈاکٹر کے پاس لے کر جاتے ہیں تو وہ کہتا ہے کہ پریشان مت ہوں، یہ وائرل انفیکشن ہے، خود ہی ٹھیک ہو جائے گا۔ لوگوں کو بتائیں کہ وائرل انفیکشن کیا ہے اور کیوں ہوتا ہے ۔ جلد کی بیماریاںآج کل بہت پھیلی ہوئی ہیں۔ ان کے بارے میںبھی بتائیں ۔
محمد اویس ظفر،راولپنڈی
٭اشتہارات کی تعداد تقریباًوہی ہے جو پہلے تھی ۔اور اگر یہ بڑھ جائیں تو ان کے لئے اضافی صفحات استعمال ہوتے ہیں لہٰذا دیگرمواد پر کوئی فرق نہیں پڑتا۔آپ نے جن موضوعات کی بات کی، ان پر ہم انٹرویوز، مضامین اور فیچر میں بات کرتے رہتے ہیں۔اگر آپ اس حوالے سے کسی خاص سگمنٹ کی بات کر رہے ہیں تو اس کی وضاحت کریں، ہم اسے شامل کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے ۔
شفانیوز کاانتظار رہتا ہے
شفا نیوز پڑھ کربہت خوشی ہوتی ہے اورمجھے ہمیشہ اگلے ماہ کے میگزین کا انتظاررہتا ہے ۔میں بچوں سے متعلق مضامین زیادہ شوق سے پڑھتی ہوں اور اس حوالے سے مجھے کافی معلومات مل جاتی ہیں۔ اس بارے میںمجھے زیادہ آگاہی نہیں ہے کہ بچوںکو کیا خوراک دینی چاہیے ۔چھوٹے اور 10 سال سے بڑی عمر کے بچوں کی خوارک کے بارے میں بتائیں۔اس کے علاوہ دمہ کے متعلق بھی تحریر کریں ۔ بچوں کوڈاکٹر کے پاس لے کر جائیں تو وہ کہتے ہیں کہ بچے کوالرجی ان کے دادا، دادای یا کسی اوربزرگ سے منتقل ہوئی ہے۔بچے اپنے بزرگوں کے ساتھ محبت کرتے ہیں اور وہ بھی بچوں کے ساتھ وقت گزارنا پسند کرتے ہیں۔ لوگوں کو پتہ چلنا چاہیے کہ اس بارے میں کیا احتیاطیں ضروری ہیں ۔
فرح ناصر‘چکوال
٭یہ بات یقینی ہے کہ الرجی ایک فرد سے دوسرے کو نہیں لگتی۔لگتا ہے کہ آپ کو سمجھنے میں غلطی لگی ہے ۔ لہٰذا بزرگوں کو بچوں سے اور بچوں کو بزرگوں سے دور مت کریں ۔
ورزش اور کھانے پر مضامین
آپ کا میگزین کافی معلوماتی ہے۔ صحت سے متعلق سارے مضامین بہت اچھے ہوتے ہیں۔یوں تو میں سارا رسالہ پڑھتاہوں لیکن ورزش اورکھانے پینے سے متعلق مضامین میرے پسندیدہیں۔ آج کل شوگر بہت زیادہ عام ہے۔ میرے خاندان میں بھی بہت سے لوگوں کو یہ مرض لاحق ہے۔اس لےے میں چاہتا ہوںآپ اس پر زیادہ سے زیادہ لکھیں ۔ اس کے علاوہ منشیات کااستعمال بھی عام ہو رہا ہے۔ خاص طور پر نوجوان نسل کا رجحان اس طرف بہت بڑھ رہا ہے۔ اس لےے اس کے بارے میں بھی آگاہی فراہم کرنی چاہےے۔
محمد الیاس،لاہور
عورتوں کے نفسیاتی مسائل
میں 12سال سے شفا نیوز پڑھ رہا ہوں اور دوسروں کو بھی اسے پڑھنے کا مشورہ دیتاہوں ۔ میگزین میں طلاق اور نفسیاتی مسائل پر پڑھ کر بہت اچھا لگا ۔ ڈاکٹرفواد قیصر نے اس آرٹیکل میں بہت اچھی معلومات فراہم کی ہیں۔اسی کو سامنے رکھتے ہوئے آپ سے گزارش ہے کہ نوجوان لڑکیوں اور عورتوں کے نفسیاتی مسائل پرزیادہ لکھیں ۔ میں نے اپنے علاقے میں دیکھا ہے کہ عورتوں میں بہت نفسیاتی مسائل ہیں۔ اس کے علاوہ لوگوں کو فیملی پلاننگ کے حوالے سے بھی بتائیں۔
محمود ارشد‘ کوٹلی آزادکشمیر

شاید آئندہ شفانیوز نہ پڑھوں
میں یہ رسالہ باقاعدگی سے پڑھتارہا ہوں۔اس کے موضوعات بہت اچھے ہیں اورمیں سبھی مضامین شوق سے پڑھتا ہوں۔اب اس کی قیمت بڑھادی گئی ہے لہٰذا میں شایداسے مزید نہ پڑھ سکوں ۔ رسالے میںآپ لوگ جب سیرپ یا پیسٹ وغیرہ کے اشتہارات دیتے ہیں تو ان کے ساتھ کچھ نہ کچھ معلومات بھی لکھ دیا کریں۔اس کے علاوہ مرگی کے بارے میں کچھ مزید معلومات دیں۔
رمیض رزاق‘کراچی
٭ اشتہارات کمپنیوں کی طرف سے ہوتے ہیں جن میں ہم کمی بیشی نہیں کر سکتے۔قیمت میں گذشتہ ساڑھے6سال سے کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
معلومات اور صفحات بڑھائیں
میرے خیال میں اس میں موادکی کمی ہے، اس لےے میگزین میں مزید معلومات شامل کریں اور صفحات بڑھائیں ۔ میں زیادہ تر شوگر کے بارے میں دی گئی معلومات پڑھتا ہوں کیوں کہ میرے والدین کو یہ مرض لاحق ہے ۔ کینسر ایسی بیماری ہے جو کب اور کیسے ہوجاتی ہے، آج تک پتانہیں چل سکا۔ اس کے بارے میں کوئی مفید معلومات دے سکتے ہیں تو ضروردیں۔ آپ کا میگزین بہت معلوماتی ہے۔
محمد بن سلیمان‘راولپنڈی
کور سٹوری اچھی ہوتی ہے
شفا نیوزبہت اچھا اور معلوماتی ہے۔میں کافی عرصے سے اسے پڑھ رہا ہوں۔ اس کے سارے مضامین اچھے ہوتے ہیں۔خصوصاًکورسٹوری بہت معلوماتی ہوتی ہے۔اس کے علاوہ ورزش کے بارے میں بھی اچھی معلومات دی جاتی ہیں۔میں چاہتا ہوں کہ آپ یہ بھی بتایا کریںکہ کون سی ورزش کس کے لئے اہم ہے ۔ اس علاوہ کیس سٹڈی بھی بہت دلچسپ سلسلہ ہے۔ میرا مشورہ ہے کہ روزمرہ کے مسائل پر زیادہ لکھا کریں۔
اظہر آفتاب اعوان‘مظفرآباد
گردے کی پتھری پر لکھیں
آپ کا میگزین بہت اچھا ہے ۔ہمیںاس میں کوئی کمی نظر نہیں آتی۔میرے بھائی کے گردے میں پتھری ہے۔ پلیز، اس بارے میں ضرورلکھیں۔ہمارے دیہات میں لوگوں کو ہیپاٹائٹس سی بہت زیادہ ہورہا ہے ۔ تفصیل سے بتائیں کہ اس مہلک بیماری سے کس طرح بچیں؟
مرزاشکیل بیگ‘سرائے عالمگیر
بچوں کی نظرکمزور کیوں
میں اور میری فیملی بہت شوق سے شفا نیوزپڑھتے ہےں۔ شوگر اور دل کے مسائل ہمارے ہاں بہت زیادہ ہیں۔ اُن کے متعلق جان کر اچھا لگتا ہے۔اس کے علاوہ خوراک اور ورزش وغیرہ کے بارے میں مضامین بھی شوق سے پڑھتا ہوں۔ نظر کا مسئلہ بچوں میں کم عمری میں ہی زیادہ پایاجانے لگا ہے ۔ایسا کیوں ہے ؟کیا یہ خوراک کی کمی کی وجہ سے ہے ؟ بچے موبائل فون، ٹی وی اور انٹرنیٹ زیادہ استعمال کرتے ہیں۔کیا اس وجہ سے نظر کمزور ہوتی ہے؟ اس موضوع پر ضرورکچھ معلومات فراہم کریں ۔
محمد حنیف‘اسلام آباد
کینسر، ہیپاٹائٹس اور پانی
ہمارے ضلع میںکینسر اور ہیپاٹائٹس بہت زیادہ پھیل رہے ہیں۔پینے کے پانی کا مسئلہ بھی بہت عام ہے جس سے بیماریاں پھیل رہی ہیں۔ ان کے بارے میں لوگوں کوآگاہ کرنے کی بہت ضرورت ہے۔ مجموعی طور پرآپ کا میگزین معلوماتی ہے جس میں ہر چیز وضاحت سے دی جاتی ہے ۔
محمد اسلم شاہین‘میانوالی

گھرمیں ڈاکٹرکہی جاتی ہوں
میں شفا نیوز پہلے سے لے کر آخری صفحے تک بہت ہی شوق سے پڑھتی ہوں ۔مجھے اس سے بہت ہی مفید معلومات حاصل ہوتی ہیں۔ اگر گھر میں صحت کے حوالے سے کسی کومسئلہ ہو تو مجھ سے رابطہ کرتا ہے ۔ اب تو گھر والوں نے مجھے ڈاکٹر کہنا شروع کردیا ہے۔
شمائلہ عاقب‘سرگودھا

Vinkmag ad

Read Previous

ماواں, ٹھنڈیاں چھاواں

Read Next

چھوٹی سی بھول!بڑا سا روگ- کیا ہوا جب ڈاکٹر ایک ہدایت دینا بھول گیا

Leave a Reply

Most Popular